ایشیا (رپورٹس)

گوئی بٹالی(سنیارہ )ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان سےتین احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو شہید کر دیا گیا

مورخہ۱۹ اور ۲۰؍ستمبر۲۰۲۴ء کی درمیانی رات نامعلوم افراد نے گوئی بٹالی(سنیارہ )ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان سے تین احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو شہید کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اس قبرستان میں احمدیوں کی آٹھ قبریں ہیں جن میں سے چار پرکتبے لگے ہوئے تھے۔ان میں سےتین کے کتبے اکھاڑ ے گئے ہیں۔ پولیس نے قبرستان کا وزٹ کیا ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

جماعت احمدیہ کے مخالفین گوئی شرقی کوٹلی کے قبرستان کے حوالے سے بھی انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ قبل ازیں انتہا پسندوں نے سرکاری انتظامیہ کو تین دن کا وقت دیاتھا اورکہا تھا کہ اگر جمعہ تک انتظامیہ نے احمدیوں کی قبروں کے کتبے نہ توڑے تو جمعہ کے بعد قافلے کی شکل میں لوگ قبرستان جائیں گے اور خود کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ گوئی (برموچ) کوٹلی آزاد کشمیر میں ۷ اور ۸؍ مارچ ۲۰۲۴ء کو نامعلوم افراد نے آٹھ احمدیوں کی قبروں کے کتبے شہید کرکے ان ٹوٹے ہوئے کتبوں کو ساتھ لے گئے تھے۔ اس افسوسناک واقعہ کے چند روز بعد ۱۲؍مارچ کو اسی علاقے میں نامعلوم افراد مزید دو احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑ کر ساتھ لے گئے تھے۔

وطن عزیز پاکستان میں محب وطن احمدیوں کے ساتھ ہونے والے یہ انسانیت سوز واقعات غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہیں اور ہر شریف النفس انسان کو تکلیف پہنچانے والے ہیں۔نیز مذہبی انتہا پسندوں کی ایسی گھناؤنی کارروائیوں سے ہمارے وطن کا نام عالمی برادری میں گہنا رہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرے ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button