امریکہ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ پریری ریجن، کینیڈا کے سالانہ ریجنل اجتماعات اور مصلح موعودٹورنامنٹ ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

ناصرات اور لجنہ اماءاللہ کے ریجنل اجتماعات

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اوراحسان سے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ پریری ریجن کو امسال سالانہ ریجنل اجتماعات مورخہ۸؍جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ علیٰ ذالک

پانچوں مجالس جن میں ریجائنا، ونی پیگ، سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ، سسکاٹون بیت العافیت اور سسکاٹون بیت الرحمت شامل ہیں سے ۴۲۳؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور سات سال سے چھوٹی عمر کے بچوں نےشرکت کرکے ان دینی وروحانی مجالس سے استفادہ کیا۔ دُور دراز سے آنے والے مہمانوں کی رہائش اور کھانے کا انتظام تین دن تک مسجد کےبالائی حصہ میں کیا گیا تھا۔

تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد سے دونوں اجتماعات کا آغاز ہوا۔ بعدازاں انعم جمشید صاحبہ اورنائلہ انورصاحبہ نے ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو ان کے علمی اور ورزشی مقابلہ جات کےقواعد و ضوابط اختصار سے بتائے۔ تمام علمی مقابلہ جات میں ریجن بھرسے شامل ہونے والی بچیوں اورماؤں نےبڑے جوش وجذبہ سےحصہ لیا۔

مقابلہ جات میں وقفہ کے دوران تمام شاملین سے تاریخ اسلام اور تاریخ احمدیت کے متعلق سوالات پوچھے جاتے نیز حضور انور کی زریں نصائح کے بعض ویڈیو کلپس بھی شاملین کو دکھائے گئے۔

تقسیم انعامات سےقبل واقفات نوبچیوں کے لیے نہایت معلوماتی پریزنٹیشن جونیشنل وقف نو کے شعبہ سےموصول ہوئی تھی نائلہ چودھری صاحبہ نے پیش کی جسے تمام حاضرات نے بہت پسندکیا۔ نماز ظہر اور عصرکی باجماعت ادائیگی کے بعدتمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

نمائش:مسجد کی لابی میں لجنہ اماءاللہ کی مالی قربانیوں سے بننے والی مساجد کے ماڈلز اور دیگر معلوماتی پوسٹرز کے علاوہ قرآن کریم کےبارے میں نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تحریک جدید اور وقف جدیدکے بوتھ کےساتھ حضور انور کی خدمت اقدس میں خط لکھنے کی میزبھی تھی جس پر وقفہ کے دوران اوراجتماعات کےاختتام پرکافی رونق تھی۔ سال بھر کے دوران مختلف مواقع پر تاریخ احمدیت، خلفائے احمدیت اور جماعتی پروگرامز میں شمولیت کے فوائدپرمبنی خوش نما رنگوں سے ناصرات کے تیارکردہ پوسٹرزبھی اس نمائش کا حصہ تھے۔ الحمدللہ یہ نمائش ہرچھوٹے بڑے کی توجہ کا مرکزبنی رہی۔

تقریب تقسیم انعامات:تقریب تقسیمِ انعامات کےدوران لوکل صدرات سے درخواست کی گئی کہ وہ تمام اول، دوم اور سوم آنے والی بہنوں اور بچیوں میں انعامات تقسیم کریں۔ اجتماعات کے آخر پر خاکسار (ریجنل صدر پریری ریجن) نے تمام شاملات ، کارکنات، ریجنل عاملہ ممبرات اورلوکل صدرات کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔

مصلح موعودؓ ٹورنامنٹ ۲۰۲۴ء

بفضل اللہ تعالیٰ پریری ریجن تعلیمی وتربیتی پروگرامز منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کےمیدان میں بھی پیش پیش ہے۔ لجنہ اماءللہ کی صد سالہ جوبلی کے سال (۲۰۲۲ء- ۲۰۲۳ء) میں بھی پریری ریجن سے لجنہ کی ٹیم قومی سطح پرپیس ولیج والی بال کھیلنے گئی تھی۔ مسجد بیت الرحمت، سسکاٹون میں ہفتہ میں تین دن لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو صحت مند اور چاق و چوبندرکھنے کے لیے جم کی سہولت میسرہے۔ اسی طرح ہفتہ وار ’’سینئر جم کلاس‘‘ کے نام سے ایک کلاس ہوتی ہے جس میں ۵۰؍سال سےبڑی عمرکی خواتین کو ان کی صحت اور دیگر امراض کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف قسم کی ورزش کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے اورمفیدکھیلیں کھلائی جاتی ہیں۔

امسال ۷؍جون بروز جمعہ شام چھ بجے مسجد بیت الرحمت کےوسیع وعریض جم میں ریجنل مصلح موعود ٹورنامنٹ میں پانچ مجالس اور تین شہروں (سسکاٹون، ونی پیگ اور ریجائنا) سے کھلاڑیوں نے شرکت کرتے ہوئے والی بال اور بیڈمنٹن کےمقابلہ جات میں حصہ لیا۔

پروگرام کاآغازحسبِ روایت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے ہوا۔ بعدازاں کھیلوں سے متعلق اہم اصول اور ضروری ہدایات ندا کھوکھرصاحبہ ریجنل کوآرڈینیٹر نے دیں اور کھیلوں کا آغاز ہوا۔ کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والی کھلاڑیوں سے جم بھرا ہواتھا۔ تمام ممبرات اپنی اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔

کھیلوں کےاختتام پر شاملین نے باجماعت نماز مغرب اورعشاء ادا کیں۔ ٹورنامنٹ کا اختتام عشائیہ سے ہوا۔

(رپورٹ: بشریٰ نذیر آفتاب۔ ریجنل صدر پریری ریجن سسکاٹون ، کینیڈا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button