امریکہ (رپورٹس)

ریجنل اجتماع مجلس انصاراللہ وان ایسٹ، کینیڈا

مکرم غلام احمد عابد صاحب سیکرٹری اشاعت وان ایسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ وان ایسٹ ریجن کو اپنا پہلا اجتماع مورخہ ۱۱؍اگست ۲۰۲۴ء بروز اتوار طاہر ہال میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے ناشتہ اور رجسٹریشن کے بعد ساڑھے نو بجے افتتاحی اجلاس مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ کینیڈا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم عمران لطیف شرما صاحب ناظم اجتماع نے علمی مقابلہ جات جبکہ مکرم سلطان احمد صاحب نے ورزشی مقابلہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے اپنی افتتاحی تقریر میں تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور باقاعدگی سے نمازوں کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔

بعدہٗ مکرم فرقان احمد صاحب نمائندہ قائد تبلیغ نے مجلس انصاراللہ کینیڈا کی طرف سے تبلیغی کمپین کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس پریزنٹیشن کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے اور نماز اور کھانے کا وقفہ کیا گیا۔

وقفہ کے بعد صف اول اور دوم کے علمی مقابلہ جات علیحدہ علیحدہ منعقد ہوئے۔ مقابلہ جات مکمل ہو جانے کے بعد اختتامی اجلاس مکرم محمد موسیٰ صاحب قائد اشاعت مجلس انصاراللہ کینیڈا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر علمی مقابلہ جات میں ۳۷؍انصار جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں ۸۹؍انصار نے حصہ لیا۔

تقسیم انعامات کے بعد صدر مجلس نے اپنی اختتامی تقریر میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے ایک خطاب کا حوالہ دے کر بتایا کہ ہمیں نمازوں، ذکر الٰہی اور تبلیغ پر بہت زور دینا چاہيے اور اپنی اولاد کے لیے بھی نمونہ بننا چاہيے۔

بعدہٗ مکرم اسد سعید صاحب زعیم اعلیٰ وان ایسٹ نے تمام شاملین اجتماع کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی مجلس کے پروگراموں میں شا مل ہوتے رہنے کی تلقین کی۔ اسی طرح انہوں نے ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم ضیاءالاسلام صاحب و دیگر ناظمین اجتماع کا شکریہ ادا کیا۔

دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس اجتماع میں ۲۳۰؍انصار نے شرکت کی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button