افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں مجلس اطفال الاحمدیہ و ناصرات الاحمدیہ کی تربیتی کلاسز کا انعقاد

مشرقی افریقہ کے ملک گنی بساؤ کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ نے ملک بھر کے آٹھ ریجنز کی ۱۹۵؍مختلف جماعتوں میں مجلس اطفال الاحمدیہ و ناصرات الاحمدیہ کی تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی توفیق پائی جس میں ۱۲؍ہزار ۶۲۵؍اطفال اور ناصرات نے شمولیت کی۔ الحمدللہ

ان تربیتی کلاسز میں مختلف موضوعات کے حوالے سے کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ ان کا دورانیہ مختلف علاقوں میں مختلف رہا۔ کہیں تو کلاسز کا دورانیہ ایک ماہ تک مسلسل چلتا رہا تو کہیں موسم کی وجہ سے بیس روزہ بھی رہا۔

تربیتی کلاسز میں قرآن کلاس، نصاب وقف نو سے اطفال و ناصرات کو دینی معلومات، نماز سادہ، ادائیگی نماز کا صحیح طریق، مختلف قرآنی سورتوں کا حفظ، حفظِ احادیث نبویﷺ، دعائیں اور قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ سے بعض اشعار حفظ کروائے گے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں ایک اچھا فرد جماعت بننے کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ علاوہ ازیں جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

صبح کے وقت سب سے پہلی کلاس میں قرآن کریم اور قاعدہ یسرنا القرآن پڑھنے اور سیکھنے نیز ترتیل القرآن پر خاص توجہ دی گئی۔ بعد از نماز عصردرس ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعودؑ پیش کیا جاتا جس کے بعد بچوں کی جسمانی نشوونما کے ليے کھیل کا باقاعدہ وقت دیا جاتا۔ بعد از نماز مغرب سوال و جواب کا اجلاس ہوتا جس میں بچوں کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات کے جواب دیے جاتے جس سے بڑے بھی فائدہ اٹھاتے۔ اس کے علاوہ آنحضورﷺ کی حیات طیبہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ زندگی کے مختلف واقعات کو آسان فہم اور کہانی کی صورت میں بیان کیا جاتا رہا۔ خلفائےراشدین اور خلفائے احمدیت کا بھی تعارف کروایا گیا۔ اسلام اور احمدیت پر آنے والے ادوار کا اجمالی ذکر بھی کیا گیا۔ تربیتی کلاسز کے دوران پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ باقاعدہ نماز تہجد اور درس قرآن وحدیث کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ان کلاسز کے اختتام پر تمام اطفال میں حوصلہ افزائی کے ليے انعامات تقسیم کیے گئے۔

(رپورٹ: محمد احسن میمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button