اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

سانحہ ہائے ارتحال

٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش درج ذیل سانحہ ہائے ارتحال کی اطلاع دیتے ہیں:

۱۔ شہید الاسلام موڑل صاحب ولد مرحوم نور علی موڑل صاحب مورخہ ۱۳؍اگست کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ وفات کے وقت موصوف کی عمر ۴۹؍ سال تھی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ بنگلہ دیش کے مرکز بخشی بازار ڈھاکہ میں مولانا عبدالاول خان چودھری صاحب امیر و مشنری انچارج بنگلہ دیش نے پڑھائی۔ بعدازاں مرحوم کے آبائی گاؤں سندربن جماعت میں تدفین عمل میں آئی جس سے قبل مکرم شعیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی ۔

مرحوم ۱۷؍ سال تک سندربن جماعت کے مسجد کے مؤذن کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔ پچھلے دس سال سے ڈھاکہ جماعت کے سٹاف کے طور پر خدمات بجا لا رہے تھے۔ مرحوم ہنس مکھ، ملنسار، پُر جوش داعی الیٰ اللہ تھے۔

۲۔ نور الٰہی جاشیم صاحب ابن صدّیق احمد صاحب جماعت فاضل پور، ضلع فینی، بنگلہ دیش مورخہ یکم ستمبر کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحوم کی عمر وفات کے وقت۵۷؍سال تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ فاضل پور میں مکرم راجیب احمد صاحب معلم وقف جدید نے پڑھائی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، متقی اور جماعتی چندوں میں باقاعدگی سے حصہ لینے والے تھے۔ آپ ۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۱ء تک جماعت احمدیہ فاضل پور کے صدر کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔ وفات کے وقت بھی جماعت کے جنرل سیکرٹری اور مجلس انصار اللہ فاضل پور کے منتظم مال کے طور پر خدمات بجا لا رہے تھے۔

۳۔ سیدہ امۃ المجید صاحبہ اہلیہ لقیت اللہ صاحب مرحوم جماعت احمدیہ چٹاگنگ بنگلہ دیش مورخہ ۲؍ستمبر کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اپنے مولا کو پیاری ہو گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحومہ کے والد سید خواجہ احمد صاحب چٹاگنگ جماعت کے پرانے احمدی تھے۔ مرحومہ آٹھ سال کی عمر میں اپنے والد اور گھر والوں کے ساتھ بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں داخل ہوئیں۔ بوقت وفات مرحومہ کی عمر ۸۷؍سال تھی اور آپ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور پانچ بیٹیاں اور متعدد پوتے، پوتیاں، نواسے اور نواسیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ چٹاگنگ جماعت میں خاکسار نے پڑھائی۔ بعد ازاں چٹاگنگ جماعت کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، متقی، پرہیزگار، دیندار اور جماعتی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی خاتون تھیں۔ لجنہ اماء اللہ چٹاگنگ کے ابتدائی ایام سے خدمات بجا لاتی رہیں۔ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار تھیں۔ کوئی بیمار ہوتا، کوئی فوت ہوتایا کسی کے ہاں بچہ ہوتا تو آپ خدمت کے لیے حاضر ہو جاتیں۔ تبلیغ کا بہت جوش تھا۔ آپ کی تبلیغ سے کئی افراد کو احمدیت میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔ سخت مخالفت کے باوجود آپ ہمیشہ جماعت کے ساتھ ڈٹی رہیں۔

٭… عطاء القدوس صاحب ابن عبد المالک مرحوم آف لندن، اونٹاریو، کینیڈا سے تحریر کرتے ہیں کہ انتہائی افسوس سے مطلع کیا جاتا ہے کہ خاکسار کے بڑے بھائی محمود احمد ناصر صاحب مورخہ ۱۷؍ستمبر کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

آپ محترم عبد المالک صاحب مرحوم لاہور (سابق نمائندہ الفضل) کے بڑے بیٹے تھے اور عرفان احمد ناصر صاحب شہید ۲۸؍مئی ۲۰۱۰ء دارالذکر لاہور کے سب سے بڑے بھائی تھے۔ ۲۰۱۴ء میں آپ لاہور سے ٹورنٹو، کینیڈا منتقل ہوئے تھے۔ بوقت وفات آپ کی عمر ۵۰؍سال تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے، خلافت احمدیہ سے اخلاص و وفا کا گہرا تعلق تھا، متحمل مزاج، خوش اخلاق، دوستوں کے دوست اور صاحب علم دوست اور صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے۔ ساری زندگی جماعت کے مختلف شعبہ جات میں خدمات کی توفیق پاتے رہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ قیادت دارالذکر لاہور میں بطور قائد مجلس خدمت کی توفیق کے علاوہ ایم ٹی اے لاہور کی ٹیم کے ممبر بھی رہے۔ وفات کے وقت آپ اپنے حلقہ میں بطور سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی اور بطور امین خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ۲۰؍ستمبر کو بعد نماز جمعہ مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت احمدیہ کینیڈا نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی۔ مورخہ ۲۱؍ستمبر کو بریمٹن میموریل گارڈن میں تدفین ہوئی۔ اس موقع پر مکرم ناصر محمود بٹ صاحب مربی سلسلہ لندن، نارتھ اونٹاریو نے دعا کروائی۔

احباب جماعت سے درخواست ہے اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کو مغفرت اور رحمت کی چادر میں لپیٹے رکھے، ان کی اولاد کو نظام خلافت سے منسلک رہنے اور ان کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

نمایاں کامیابی

سید سعید الحسن صاحب مربی سلسلہ فری ٹاؤن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بھتیجی عزیزہ دانیہ طاہر بنت سید طاہر احمد صاحب نے محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے میٹرک کے امتحان میں ضلع میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مورخہ ۱۰؍ستمبر ۲۰۲۳ءکو ایک پُر وقار تقریب میں عزیزہ کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزہ کے لیے مبارک فرمائے اور مزید دینی و دنیاوی ترقیات سے نوازے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button