افریقہ (رپورٹس)

واقفینِ نو بینن کے نیشنل اجتماع کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ شعبہ وقف نو بینن کو مورخہ ۲۴و۲۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو، کوتو شہر کی مسجد بیت التوحید میں اپنا نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ اس اجتماع کے ليے تمام ضروری تیاریاں بروقت مکمل کی گئیں اور ۲۳؍اگست سے ہی واقفین نو ملک بھر سے پہنچنا شروع ہو گئے۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم میاں قمر احمد صاحب مبلغ انچارج بینن نے اپنی افتتاحی تقریر میں تمام واقفین نو کو روحانی تبدیلی پیدا کرنے اور مثالی واقفین نو بننے کی تلقین کی۔ مکرم راؤفو ملکی(Raoufou Maliki) صاحب نائب امیر نے واقفین نو کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ایک خطبہ جمعہ میں واقفین نو کے لیے بیان کردہ ۲۱؍نکات کو یاد کرنے کی ہدایت کی۔ اس اجلاس کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔

بعدہٗ واقفین نو نے جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء کے موقع پر مستورات سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب براہ راست سنا۔پھر علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اذان اور قصیدہ شامل تھے۔ تمام واقفین نو نے بھرپور جوش و خروش سے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ الحمدللہ

بعدہٗ ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کی گئیں اور پھر دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ دوپہر کا اجلاس پونے چار بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ اس کے بعد مکرم لقمان داؤدہ صاحب نے ’’ایک واقف نو جماعت احمدیہ کی کس طرح خدمت کر سکتا ہے: پیشہ ورانہ نصائح و ہدایات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں آپ نے قرآن کریم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و خطابات کی رُو سے اس موضوع پر روشنی ڈالی۔ اس اجلاس کے اختتام کے بعد کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں کلائی پکڑنا، مشاہدہ معائنہ، دوڑ، ثابت قدمی اور ایک ٹانگ دوڑ شامل تھے۔ تمام واقفین نو نے ان مقابلوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ذوق و شوق کے ساتھ حصہ لیا۔ الحمدللہ

مغرب اور عشاء کی نمازیں اور عشائیہ کے بعد وقف نو کے نصاب کا زبانی امتحان لیا گیا۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم ابلادوں یحییٰ (Abladon Yahya)صاحب نے ’’ایک واقف نو کے طور پر جماعت کی خدمت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔

ہیومینٹی فرسٹ (Humanity First) کےتعاون سے طبی معائنہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کام کو عملی جامہ پہنانے کے ليے مکرم ڈاکٹر مبارک احمد صاحب احمدیہ کلینک کالاوی (Calavi)سے تمام ضروری آلہ جات کے ساتھ تشریف لائے اور کوتونو کی مسجد میں ہی تمام واقفین نو کا طبی معائنہ کیا گیا۔ فجزاہم اللہ خیراً

اختتامی اجلاس کا آغاز دس بج کر پچاس منٹ پر مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ خاکسار مرزا فرحان احمد بیگ سیکرٹری وقف نو نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں امیر صاحب نے مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اور حصہ لینے والے واقفین نو میں انعامات تقسیم کیے اور مکرم امیر صاحب نے تحریک وقف نو کے قیام کی تاریخ بیان کی اور تمام واقفین نو کو نصیحت کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے وقف کے عہد کو پورا کریں۔ اس اجتماع کا بابرکت اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں کُل ۳۸؍واقفینِ نو جبکہ ۲۰؍ والدین نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button