حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

نیت دراصل قلب کی ہوتی ہے

سوال:انڈیا سے ایک خاتون نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اس سوال پر مشتمل عریضہ تحریر کیا کہYouTube پر جماعت کی Salat Series دیکھی جس میں نیت نماز کو تکبیر کے بعد دکھایا گیا ہے جبکہalislam.org میں نیت تکبیر سے پہلےہے۔ اس بارے میں وضاحت کی درخواست ہے کہ کیا نیت تکبیر سے پہلے ہے یا بعد میں ہے؟ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مکتوب مورخہ ۲۱؍جنوری ۲۰۲۳ء میں اس کے بارے میں درج ذیل ہدایات عطا فرمائیں۔ حضور نے فرمایا:

جواب:نیت کا تعلق انسان کے دل کے ساتھ ہے اس کے لیے کوئی معین الفاظ بیان نہیں ہوئے، نماز کی نیت سے صرف اس قدر مراد ہے کہ انسان کے دل میں یہ ہونا چاہیے کہ وہ کونسی نماز پڑھ رہاہے۔ زبان سے الفاظ کا ادا کرنا یا نماز شروع کرنے سے پہلے اِنِّیْ وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَاْلاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَآ اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔(الانعام:۸۰)کے کلمات دہراناکسی نصّ سے ثابت نہیں۔ چنانچہ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:’’نماز کی نیت کرنا مگر صرف دل میں زبان سے نہیں۔‘‘(دینیات کا پہلا رسالہ صفحہ ۲۰)

نماز میں توجہ قائم رکھنے کے طریق بیان کرتے ہوئے حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:’’ساتواں طریق نماز پڑھنے کی نیت ہے۔ کیونکہ جب انسان اپنے نفس کو بتا دیتا ہے کہ اس کام کے لیے میں کھڑا ہونے لگا ہوں تو توجہ اس کی طرف ہی رہتی ہے۔نیت سے یہ مراد نہیں کہ کہا جائے کہ پیچھے اس امام کے اتنی رکعت نماز منہ طرف کعبہ شریف وغیرہ وغیرہ۔بلکہ ذہن میں ہی نماز پڑھنے کی نیت کرنی چاہیے…نیت دراصل قلب کی ہوتی ہے۔ مگر بعض لوگوں کو کھڑے ہوتے وقت پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیا کرنے لگے ہیں۔پس جب تم نماز پڑھنے لگو تو نماز پڑھنے کا خیال بھی کرلو او ر سمجھو کہ کیا کرنے لگے ہو۔جب یہ بات سمجھ لو گے تواسی وقت سے تمہارے اندر خشیت پیداہونی شروع ہوجائے گی اور جب خشیت پیدا ہوجائے گی تو توجہ بھی قائم رہ سکے گی۔‘‘(ذکر الٰہی، انوار العلوم جلد ۳ صفحہ ٥۲۰،٥۲۱)

جماعت کی طرف سے شائع شدہ فقہ کی کتاب میں بھی یہ وضاحت موجود ہے کہ نیت کے معنے ارادہ کے ہیں:نیت کا تعلق دل سے ہے اس لیے دل میں یہ طے ہونا چاہیے کہ وہ کس وقت کی اور کتنی رکعت نماز شروع کرنے لگا ہے۔ منہ سے نیت کے الفاظ ادا کرنے ضروری نہیں، بلکہ بعض صورتوں میں تو منہ سے اظہار نیت کے الفاظ نکالنے کو مستحسن بھی نہیں سمجھا گیا۔ (فقہ احمدیہ عبادات صفحہ ۷۱)

جماعتی لٹریچر میں غالباً سب سے پہلے حضرت حافظ روشن علی صاحبؓ کی مرتب کردہ کتاب فقہ احمدیہ مطبوعہ ۱۹۲۳ء میں نیت نماز کے لیے قرآنی آیت اِنِّیْ وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَاۤ اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْن کے الفاظ کو سہواً درج کر دیا گیا تھا، جس کا کوئی حوالہ اس کتاب میں موجود نہیں ہے۔ (فقہ احمدیہ از حضرت حافظ روشن علی صاحب صفحہ ۳۲ مطبوعہ ۱۲؍مارچ ۱۹۲۳ء )

باقی جہاں تک نماز کے آغاز میں تکبیر تحریمہ کے بعد وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَاۤ اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْن کےکلمات یا ثناء اور دیگر مسنون کلمات کے پڑھنے کا تعلق ہے تو احادیث سے پتا چلتاہے کہ آنحضرتﷺ تکبیر تحریمہ (اللہ اکبر) کہہ کر نماز شروع کرنے کے بعد مختلف کلمات پڑھا کرتے تھے۔ان میں سے بعض کلمات دعا پرمشتمل ہیں اور بعض کلمات اللہ تعالیٰ کی حمدوثناء پر مشتمل ہیں۔ اس بارے میں کئی روایات آتی ہیں۔ ان روایات میں سے بعض میں حضورﷺ کے ایک لمبی دعا پڑھنے کا بھی ذکر آیا ہے جس کا آغاز آپ وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَا اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْن کے کلمات سے فرماتے تھے۔(صحیح مسلم کتاب صلاۃ المسافرین و قصرھا بَاب الدُّعَاءِ فِي صَلَاةِ اللَّيْلِ وَقِيَامِهِ)…. پس یہ دعا ہے نیت نماز نہیں، نیت نماز کے لیے کسی قسم کے الفاظ دہرانے یا قرآن کریم کی کسی آیت کو پڑھنے کی کوئی سند موجود نہیں۔ لہٰذا ان چیزوں کو نیت نماز کے طور پر نہ تکبیر تحریمہ سے پہلے اور نہ ہی تکبیر تحریمہ کے بعد پڑھا جائے گا۔ بلکہ نیت کا تعلق چونکہ دل سے ہوتا ہے، اس لیے نماز شروع کرنے سے پہلے دل میں یہ ارادہ ہونا چاہیے کہ انسان کس وقت کی اور کون سی نماز پڑھنے لگا ہے۔ اس کے لیے کسی قسم کے الفاظ دہرانے کی ہر گز ضرورت نہیں۔ اسی طرح تکبیر تحریمہ کے بعد جو ہم وَجَّہْتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَاۤ اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْن کی مسنون دعا پڑھتے ہیں، وہ نیت نماز کے طور پر نہیں پڑھتے بلکہ جس طرح حضورﷺ نے یہ کلمات یہاں پڑھے ہیں یا دیگر دعائیں پڑھی ہیں، اسی طرح آپؐ کی سنت کے تابع ہم یہ دعا یا یہ کلمات پڑھتے ہیں۔(بنیادی مسائل کے جوابات قسط۷۶مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل۱۸؍مئی ۲۰۲۴ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button