افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ کینیا کی سالانہ مرکزی تربیتی کلاس، سالانہ نیشنل اجتماع اور اجتماع واقفات نو کا انعقاد

مکرمہ سمیرا اظہر بھٹی صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ کینیا تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ کینیا کو اپنی سالانہ تربیتی کلاس اور نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نیز واقفات نو کو اپنے نیشنل اجتماع کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ان پروگرامز کی رپورٹ ذیل میں پیش خدمت ہے۔

تربیتی کلاس

لجنہ اماء اللہ کینیا کو اپنی پانچ روزہ مرکزی تربیتی کلاس ۱۲تا ۱۶؍ اگست ۲۰۲۴ء بروز سوموار تا جمعہ نیشنل ہیڈکوارٹرز نیروبی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

یہ پانچ روزہ کلاس روزانہ نماز تہجد سے شروع ہو کر نمازوں اور کھانے کے وقفوں کے ساتھ نماز عشا ءتک جاری رہتی۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوتا جس کے بعد ناشتہ اور تیاری کے لیے وقفہ ہوتا۔ ساڑھے آٹھ بجے کلاس شروع ہوتی اور حدیث رسولؐ اور ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا درس دیا جاتا۔ بعدہٗ لجنہ اماءاللہ کی تنظیم، اس کی اہمیت اور ذمہ داریوں پر لیکچر اور سوال و جواب ہوتے جس کے بعد صدرات حلقہ لجنہ اماءاللہ کی ورکشاپ ہوتی جس میں ہر سیکرٹری اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دیتیں۔ پھر لجنہ اور ناصرات کے مختلف گروپس کی کلاسیں ہوتیں جن میں گروپ انچارج کلمہ، نماز، یسرناالقرآن، قرآن کریم، حدیث، مختلف دعائیں اور قصیدہ وغیرہ پڑھاتیں۔ اس کے بعد ’’خلافت کی اہمیت‘‘، ’’کس طرح بچوں میں خلافت سے محبت اور اس کی اطاعت کا جذبہ پیدا کیا جا سکتا ہے؟‘‘، ’’خلافت سے وفاداری اور خلیفہ وقت کی اطاعت‘‘ نیز ’’اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت‘‘ جیسے موضوعات پر لیکچر دیا جاتا۔ پھر ایم ٹی اے کی نشریات دکھائی جاتیں۔ اسی دوران خاکسار (نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ کینیا) لجنہ اماءاللہ گروپ ۳ کی کلاس لیتی جس کے بعد نماز ظہر اور کھانے کا وقفہ کیا جاتا۔

نماز ظہر اور کھانے کے بعد ہر روز دو سے تین بجے آرٹس اینڈ کرافٹس کی کلاس ہوتی جس میں شاملینِ کلاس کو مختلف دستکاریوں سے متعلق آگاہ کیا جاتا۔ بعد ازاں مکرمہ ڈاکٹر سمیرا قریشی صاحبہ مختلف طبی امور پر لیکچر اور حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دیتیں۔ اس کے بعد مبلغین سلسلہ مندرجہ ذیل موضوعات میں سے کسی ایک پر لیکچر دیتے: ’’خلافت سے محبت‘‘، ’’اسلامی احکام پر عمل کرنے کی اہمیت‘‘، ’’نظام جماعت‘‘، ’’نظام وصیت‘‘، ’’جماعت کا مالی نظام‘‘ اور ’’چندوں اور زکوٰۃ کی اہمیت‘‘۔ پھر نماز عصر تک سپورٹس اور ورزش کا پروگرام ہوتا۔

نماز عصر اور چائے کے بعد نماز مغرب ادا کی جاتی۔ پھر نماز مغرب سے عشاء تک مبلغین سلسلہ آنحضرت ﷺ کی سیرت طیبہ، آپؐ کا ازواج مطہرات سے حسن سلوک اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرت اور آپؑ کا اپنے اہل خانہ سے حسن سلوک کے موضوعات پر لیکچر دیتے۔ اس کے بعد نماز عشاء اداکی جاتی اور شام کا کھانا ہوتا۔ اس کے ساتھ روزانہ کا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچتا۔ اس کلاس کو کامیاب بنانے میں مبلغین سلسلہ مکرم عبداللہ حسین جمعہ صاحب اور مکرم عدنان احمد ہاشمی صاحب کے علاوہ معلم عثمان مکوخا صاحب نے بھرپور تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

جمعہ کے روز کلاس کا آخری دن تھا۔ اس دن صبح نو بجے سے لے کر ساڑھے دس بجے تک کلاس میں شامل ہونے والی ناصرات اور ممبرات لجنہ اماءاللہ کا امتحان لیا گیا جس کے بعد گیارہ سے بارہ بجے تک واقفات نو کا اجتماع منعقد ہوا جس میں واقفات نو کی ماؤں کے علاوہ کلاس کی جملہ طالبات بھی شریک ہوئیں۔

لجنہ اماءاللہ کی اس کلاس میں ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کی کُل حاضری ۱۳۶؍رہی جبکہ ۱۶؍ممبرات نے کلاس میںتدریس کے فرائض سرانجام دیے۔ فجزاہن اللہ احسن الجزاء

سالانہ نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ و ناصرات

پانچ روزہ کلاس کے کامیاب انعقاد کے بعد لجنہ اماءاللہ کینیا کو مورخہ ۱۷ و ۱۸؍ اگست بروز ہفتہ و اتوار اپنا دو روزہ سالانہ نیشنل اجتماع نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں ہی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے مکرمہ ثوبیہ ناصر صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار نے اپنی افتتاحی تقریر میں اجتماع میں تشریف لانے والی ممبرات لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کی اغراض و مقاصد بیان کرنے کے بعد تمام شرکاء کو اجتماع کے جملہ پروگراموں میں بھر پور شرکت کرنے اور ان سے استفادہ کی تلقین کی۔ اس کے بعد مکرمہ خدیجہ عثمان صاحبہ اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔

افتتاحی اجلاس کے بعد نماز ظہرتک لجنہ اور ناصرات کے مختلف علمی مقابلہ جات ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد کھیلوں کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی شاملین اجتماع کے لیے نمائش کی گیلری بھی کھول دی گئی۔ اس کے بعد مسجد کے بالکل سامنے واقع گورونانک ہسپتال کے تعاون سے ایک مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس میں لجنہ اور ناصرات کی آنکھوں اور دانتوں کا معائنہ کیا گیا اور حسب ضرورت ادویات و ہدایات نیز نظر کی عینکیں بھی مفت مہیا کی گئیں۔ نماز مغرب و عشا ءکے بعد تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور پہلے دن کے پروگرام اختتام پذیر ہوئے۔

اگلے روز مورخہ ۱۸؍اگست بروز اتوار اجتماع کے تیسرے اجلاس کا آغاز شوریٰ کے اجلاس سے ہوا جس کے لیے تمام صدرات اورممبرات شوریٰ مقام شوریٰ پر جمع ہوئیں۔ امسال شوریٰ کی عمومی کارروائی کے ساتھ ساتھ اگلے دو سال کے لیے نیشنل صدر کا انتخاب بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔ اس اجلاس میں شامل ہونے والی ممبرات کے علاوہ باقی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے کوئز مقابلہ جات اور عمومی مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس کے بعد بارہ بجے دوپہر خاکسار کی زیر صدارت اجتماع کا اختتامی اجلاس ہوا۔

تلاوت قرآن کریم، عہد اور ناصرات کی طرف سے ایک ترانہ کے بعد سیکرٹری تربیت نے رپورٹ پیش کی۔ بعدہٗ خاکسار نے اجتماع میں علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات اور تربیتی کلاس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممبرات اور ناصرات نیز دوران سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مجالس کو بھی اسناد اور انعامات دیے اور پھر اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس اجتماع میں ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور چھوٹی بچیوں سمیت کُل حاضری ۲۵۵؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

پہلا اجتماع واقفات نو

کینیا کی واقفات نو کا پہلا نیشنل اجتماع مورخہ ۱۶؍اگست بروز جمعہ گیارہ سے بارہ بجے خاکسار کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں واقفات نو اور ان کی ماؤں کے علاوہ تربیتی کلاس میں آنے والی ناصرات اور ممبرات لجنہ نے بھی شرکت کی۔ اجتماع کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جو عزیزہ عنایہ ہبہ بٹ نے پیش کی۔ اس کے بعد چار واقفات نو بچیوں نے گروپ کی شکل میں منظوم کلام پیش کیا۔ پھر مکرمہ مسز عقیل شاہ صاحبہ نیشنل سیکرٹری واقفات نو نے تقریر کی اور واقفات نو سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔ بعدہٗ مکرمہ ہانیہ شاہ صاحبہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مبنی تقریر کی۔ اس کے بعد مکرمہ تنزیلہ شاہ صاحبہ نے ’’واقفات نو سے جماعت کی توقعات‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ اس کے بعد تربیتی کلاس کی بچیوں نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ بعدازاں واقفات نو کا کوئز مقابلہ ہوا۔ آخرمیں خاکسار نے اپنی تقریر میں واقفات نو بچیوں کو وقف کے عہد کو نبھانے اور خلافت احمدیہ کے سائے میں جماعت و انسانیت کے لیے بہترین خدمات بجالانے کے لیے ہر ممکن کوشش اور دعا کی تلقین کی او ر اختتامی دعا کروائی۔ اس اجتماع میں ۵۹؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۳۹؍ناصرات شامل ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(مرسلہ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button