افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیانا کے چالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

٭… ’’تیسری جنگ عظیم اور اس سے بچاؤ کے طریقے‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں علمی و تربیتی موضوعات پر علمائے سلسلہ کی تقاریر

٭…کُل ۱۳۵؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گیانا کا چالیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۵تا۷؍جولائی ۲۰۲۴ء کو منعقد ہوا۔ امسال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’تیسری جنگ عظیم اور اس سے بچاؤ کے طریقے‘‘ تھا۔ جلسہ پر جماعت کے مرکزی مہمان مولانا عبدالنور باطن صاحب صدر و مبلغ انچارج پیراگوئے شامل ہوئے۔ جلسہ سے قبل موصوف نے خاکسار (صدر جماعت و مبلغ انچارج گیانا)کے ساتھ نیشنل ٹی وی NCN اور مشہور ریڈیو سٹیشن HJ پر لائیو انٹرویوز دیے جس میں اسلام اورجماعت احمدیہ کے پیغام کے ساتھ سب کو جلسہ میں شرکت کی دعوتِ عام دی گئی۔

جلسہ کا آغاز مورخہ ۵؍جولائی کو نماز جمعہ کے بعد پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ لوائے احمدیت مرکزی مہمان نے اور قومی پرچم خاکسار نے لہرایا جس کے بعد خصوصی مہمان نےدعا کرائی۔

۶؍جولائی بروز ہفتہ ایک مختصر اجلاس منعقد ہوا جس میں ۳۵؍افراد نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اپنےاندر امن کی تلاش‘‘از مکرم جاذب سمنر صاحب معلم سلسلہ لنڈن ’’عالمی اتحاد، عالمی امن کی کلید‘‘ از مکرم آفتاب الدین ناصر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، ’’حضرت مسیح موعودؑ-تمام امن کا ماخذ‘‘ از مولانا عبد الرحمٰن خان صاحب ریٹائرڈ مبلغ گیانا اور ’’پیراگوئے میں اسلام احمدیت کا پیغام‘‘ از مولانا عبدالنور باطن صاحب۔

اس روز وفات یافتگان کے نام بھی پڑھے گئے اور ہیومینٹی فرسٹ کی گذشتہ سال کی سرگرمیوں کی اجتماعی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اسلام: ایک پُر امن مذہب‘‘ از مکرم مظفر کیوسی صاحب معلم سلسلہ جارج ٹاؤن، ’’عالمی امن اور انصاف کی اہم ضرورت‘‘ از مولانا فہد پیرزادہ صاحب مبلغ سلسلہ بربیز اور ’’آنحضورﷺ کا انصاف‘‘ از خاکسار۔ اس کے علاوہ مہمان خصوصی مولانا عبدالنور باطن صاحب نے اختتامی تقریر بعنوان ’’امن کے حصول کے لیےدوسروں کے حقوق ادا کرنا‘‘ کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بارے ایک دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں خصوصی طور پر ہمارے پیارے امام کی امن کے حوالے سے مساعی پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ تعلیمی انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اس سال پہلی بار قرآن کریم کا دور مکمل کرنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات دیے گئے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں تین اطفال، دو خدام، دو ناصرات اور چار ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل تھیں۔

دیگر خصوصی مہمانوں میں انڈین ہائی کمیشن سے سیکرٹری ، پادری وینڈل جفری صاحب ، پنڈت اوبراج نارائن صاحب سابقہ میئر جارج ٹاؤن نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ سابقہ میئر صاحب نے اس کاوش کو بہت سراہا۔

آخری روز لوگ دُور دراز علاقوں سے بھی شامل ہوئے جن میں لندن اور بربیز کے علاقے شامل ہیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے کُل حاضری ۱۳۵؍تک پہنچ گئی۔ NCNٹی وی کی طرف سے رپورٹرز بھی جلسہ سالانہ میں شامل ہوئے اور جلسہ کی خبر شائع کی۔ اسی طرح سابقہ میئر صاحب نے بھی اپنے فیس بک پیج پر اس کی خبر شائع کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ جلسہ بہت کامیاب رہا۔

(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button