پیارے حضور (ایّدہ اللہ) کی پیاری باتیں

اللہ کا شکر ادا کرو

ایک ناصرہ نے سوال کیا کہ میں اللہ تعالیٰ کو اپنی زندگی میں وہ اہمیت کیسے دے سکتی ہوں جس کا وہ حق دار ہے؟ اس پر حضور انور نے استفہامیہ انداز میں فرمایا کہ کیا تمہیں یہ پتا ہے کہ تمہیں سب کچھ دینے والا کون ہے؟ اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کہتا ہے جن کی تم عبادت کرتے ہو یا جن کو تم سمجھتے ہو کہ وہ بہت کچھ دینے والے ہیں اصل میں وہ کچھ نہیں دیتے۔ ربّ العالمین مَیں ہوں۔ مَیں تمہارا ربّ ہوں۔ مَیں تمہیں پالنے والا ہوں۔ مَیں نے تمہاری پیدائش سے پہلے تمہارے لیے انتظام کیا۔ جب تم پیدا ہونے والی تھی، تمہاری ماں کے ذریعہ تمہارے دودھ کا انتظام کیا۔ پھر تمہاری پرورش کرنے کے لیے تمہاری ماں کا انتظام کیا جو تمہاری نگہداشت کرتی ہے۔ پھر اس نے ہر طرح تمہارا خیال رکھا۔ پھر تمہارے ماں باپ نے تمہاری تعلیم کا خیال رکھا، تمہیں پڑھانے کے لیے کوشش کی۔ یوں اللہ تعالیٰ نے تمہیں پڑھنے کی توفیق دی۔ یہ چیزیں یاد رکھو تو تمہیں پتا لگے گا کہ اللہ تعالیٰ ربّ ہے، پالنے والا ہے تو مَیں اس کی شکر گزار بنوں۔ اللہ تعالیٰ کی شکر گزاری ہے، عبادت ہے۔ جب شکرگزاری کرو گی تو اللہ میاں کہتا ہے کہ اگر میری شکر گزاری کرنی ہے تو میں طریقہ بتاتا ہوںکہ تم کیا کرو؟ تم یوں کرو کہ پانچ وقت نمازیں پڑھا کرو۔ اور اس میں جہاں مسنون دعائیں یا قرآنی دعائیں ہیں، وہ کرو۔ اس کے علاوہ سجدے میں جاکر، رکوع میں جاکرمیرا شکر ادا کرو کہ میں نے تمہیں پیدا کیا اور اس کے بعد پھر تمہاری پرورش کا انتظام کیا۔ تمہیں پالنے کا انتظام کیا۔ تمہیں اچھے ماں باپ دیے جو تمہاری تعلیم کا بھی خیال رکھتے ہیں، تمہارے کپڑوںاورلباس کا خیال رکھتے ہیں۔ تمہارے آنے جانے کا خرچہ انہوں نے دیا۔ اب یہاں آئی ہو توپیسے انہی سے لے کے آئی ہو۔ تو اس طرح اللہ کا شکر ادا کرو۔ جب یہ خیال آئے گا کہ یہ ساری چیزیں اللہ تعالیٰ نے میرے لیے پیدا کی ہیں تو اللہ کی عبادت کا حق بھی ادا ہو گا اور اللہ کی شکرگزاری بھی زیادہ پیدا ہو گی۔

(مورخہ 12؍مئی 2024ء کوناصرات الاحمدیہ جرمنی کے ایک وفد کی ملاقات، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل 23؍مئی 2024ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button