الفضل ڈائجسٹ

الفضل ڈائجسٹ

(محمود احمد ملک)

اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم و دلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کیے جاتے ہیں۔

حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ

لجنہ اماءاللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘برائے۲۰۱۳ء نمبر۱ میں مکرمہ بدرجری اللہ صاحبہ کے قلم سے حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ کی سیرت شامل اشاعت ہے۔

حضرت میرمحمداسحٰق صاحبؓ ۸؍ستمبر۱۸۹۰ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے جہاں آپؓ کے والد حضرت میر ناصر نواب صاحبؓ سرکاری ملازم تھے۔ آپؓ کی ہمشیرہ حضرت اماں جانؓ نے آپؓ کو دودھ پلایا۔ اس طرح آپؓ حضرت مسیح موعودؑ کی مبشر اولادکے نہ صرف ماموں تھے بلکہ رضاعی بھائی بھی تھے۔

حضرت میر ناصر نواب صاحبؓ نے۱۸۹۴ء سے مستقل سکونت قادیان میں اختیار کی اور آپؓ کاقیام حضرت مسیح موعودؑ کے زمانہ میں دارالمسیح میں رہا۔ چنانچہ حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ خود فرماتے ہیںکہ بچپن سے اٹھارہ سال کی عمر تک حضرت مسیح موعوؑد کے روزوشب کے حالات مشاہدہ میں آئے اوراب تک ذہن میں محفوظ ہیں۔ آپؑ کے گورداسپور، بٹالہ، لاہور، سیالکوٹ اور دہلی کے سفروں میں ہمرکاب ہونے کا فخر حاصل رہا۔ آخری بیماری کی ابتداسے وصال تک حضورؑ کے پاس رہا۔ حضورؑ نے متعدد مرتبہ مجھ سے لوگوں کے خطوط کے جوابات لکھوائے۔ حقیقۃالوحی کا مسودہ مختلف جگہ سے فرماتے گئے اور مَیں لکھتا گیا۔ ر وزانہ سیر میں آپؑ کے ساتھ جاتا اور جانے کے اہتمام مثلاً قضائے حاجت ،وضو کا انصرام اور ہاتھ میں رکھنے کی چھڑی تلاش کر کے دینے سے سینکڑوں دفعہ مشرف ہوا۔ آپؑ کی کتابوں میں بیسیوں جگہ میرا ذکر ہے۔ آپؑ کے بہت سے نشانوں کا عینی گواہ ہوںاور بہت سے نشانوں کا مورد بھی ہوں۔ جن دنوں حضورؑ باہر مہمانوں کے ساتھ کھانا کھایا کرتے تھے دونوں وقت میں بھی شریک ہوتا تھا۔ بچپن میں بیسیوں دفعہ ایسا ہوا کہ حضورؑ نے مغرب وعشاء اندر عورتوں کو جماعت سے پڑھائیں اور میں آپؑ کے دائیں طرف کھڑا ہوتا۔ عورتیں پیچھے کھڑی ہوتیں۔ غالباً میں پیدائشی احمدی ہوں۔ نہایت چھوٹی عمر سے اب تک حضورؑ کے دعاوی پر ایمان ہے۔ آپؑ کے وصال کے بعد حضرت مولوی نورالدین صاحبؓ کو دل سے سچا خلیفہ تسلیم کیا۔ اُن سے بچپن سے نہایت بےتکلّفی اور محبت وپیار کا تعلق تھا۔ اُن کی وفات پر سچے دل سے صاحبزادہ مرزا محمود احمد صاحبؓ کو خلیفۂ ثانی سمجھتا ہوں۔ ۱۹۱۰ء میں مولوی فاضل کا امتحان پاس کیا۔ ۱۹۱۲ء میںصدرانجمن احمدیہ قادیان کی ملازمت میں داخل ہوا۔

حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ کے نام کی وجۂ تسمیہ یہ بنی کہ ایک دفعہ دلّی کے مشہور اہلِ حدیث عالم مولوی نذیرحسین صاحب حضرت میر ناصر نوابؓ سے ملنے لدھیانہ آئے تو میر صاحبؓ نے حضرت میر محمد اسماعیل صاحبؓ کوجو ابھی چھوٹے تھے ان سے ملایا۔ مولوی نذیر حسین صاحب نے ان کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے یہ شعر پڑھا ؎

برائے کردن تنبیہ فساق
دوبارہ آمد اسماعیل و اسحٰق

یعنی فاسقوں کو تنبیہ کرنے کے لیے اسماعیل اور اسحٰق نے دوبارہ جنم لیا ہے۔

حضرت میر محمد اسحٰق صاحبؓ کو حدیث سے عشق تھا۔ درسِ حدیث دیتے تو سماں بندھ جاتا۔ آپؓ پر رقت طاری ہوجاتی اور اس محبت اور وارفتگی سے آنحضورﷺ کا ذکر کرتے کہ حاضرین کو تیرہ سو سال قبل کے زمانہ میں واپس لے جاتے۔ آپؓ فرماتے ہیں:’’مجھے خداکی بزرگ کتاب قرآن مجید کے بعد حضور رسول مقبول ﷺ کی احادیث سے عشق ہے اور سرورِکائناتﷺ کا کلام میرے لیے بطور غذا کے ہے کہ جس طرح روزانہ اچھی غذا ملنے کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا اسی طرح بغیر سیدِکونینﷺ کے کلام کے ایک دو ورقہ پڑھنے کے میری طبیعت بےچین رہتی ہے۔ جب کبھی میری طبیعت گھبراتی ہے توبجائے اس کے کہ میں باہر سیر کے لیے کسی باغ کی طرف نکل جاؤں ، میں بخاری یا حدیث کی کوئی اَور کتاب نکال کر پڑھنے لگتا ہوں اور مجھے اپنے پیارے آقاؐ کے کلام کو پڑھ کر خدا کی قسم وہی تفریح حاصل ہو تی ہے جو ایک غمزدہ گھر میں بند رہنے والے کو کسی خوشبودار پھو لوں والے باغ میں سیر کرکے ہو سکتی ہے اور میری تو یہ حالت ہے کہ ؎

باغِ احمدؐ سے ہم نے پھل کھایا
میرا بستاں کلام احمدؐ ہے‘‘

آپؓ واقف زندگی تھے۔ جامعہ احمدیہ میں استاد اور لنگرخانہ کے نگران کی حیثیت سے آپؓ کی خدمات بہت نمایاں ہیں۔ آپؓ جلسہ سالانہ کے بھی نگران ہوا کرتے تھے۔ ایک بار جب حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ افتتاحی تقریر کے لیے تشریف لائے تو حضورؓ نے محسوس فرمایا کہ جلسہ گاہ حاضرین کی گنجائش سے چھو ٹی تعمیر کی گئی ہے۔ حضورؓ نے اس پر اظہارِ ناپسندیدگی فرمایا تو میر صاحبؓ نے راتوں رات خدام اکٹھے کرکے جلسہ گاہ کو وسیع کردیا۔ اگلے روز جب حضورؓ تقریر کے لیے تشریف لائے تو بہت حیران ہوئے اور اظہارِ خوشنودی بھی فرمایا۔ اس طرح میر صاحبؓ نے جہاں اطاعتِ امام کی شاندار مثال قائم کی وہاں اعلیٰ ہمتی کا سبق بھی دیا ۔

۱۹۳۷ء میں آپؓ مدرسہ احمدیہ کے ہیڈماسٹر بنائے گئے تو آپؓ نے ایسا عمدہ انتظام شروع کیا کہ مدرسہ جلد ہی ایک نہایت عمدہ ادارے کی حیثیت اختیار کر گیا۔ صبح اسمبلی کے چند منٹ بعدگیٹ بند کروادیتے۔ جو طلبہ دیر سے آتے ان کے لیے صحن میں ایک دائرہ کھنچوادیا جس میں کچھ دیر انہیں کھڑا رکھتے۔ اس دائرے کا نام ’دائرۃ الکسالیٰ‘ یا ’سست طلبہ کا دائرہ‘ رکھا۔ چنانچہ طلبہ اس دا ئرے میں کھڑے ہونے سے بچنے کے لیے وقت پر آنا شروع ہو گئے۔ سبق نہ یاد کرکے آنے والوں کے لیے چھٹی کے بعد ایک کلاس بٹھا دی جاتی جسے ’تنبیہ الغافلین‘ یعنی ’غافلوں کے لیے وارننگ‘ کا نام دیا۔ غرض مختلف ذرائع سے طلبہ میں بیداری پیدا کردی۔

لنگر خانہ کے نگران ہونے کی حیثیت سے مہمانوں کا بہت خیال رکھتے۔ حتیٰ کہ بعض اوقات قادیان میں مخالفینِ احمدیت کے جلسوں کے موقع پر غیر ازجماعت احباب کو گھومتا دیکھتے تو ان کو اپنے ہمراہ لنگر خانے میں لے آتے اورکھانا کھلاتے۔

حضرت حافظ معین الدین صاحبؓ نابینا تھے اور لنگرخانے سے کھانا کھاتے تھے۔ ایک دفعہ انہیں کسی نے دال کا پیالہ دیا جو نہایت پتلی تھی۔ وہ ایک اچھی حسِ مزاح رکھنے والے تھے چنانچہ پیالہ پکڑکر حضرت میرصاحبؓ کے پاس گئے اور فرمایا کہ’’میرصاحب ایک فتویٰ درکار ہے۔‘‘ میرصاحبؓ نے پوچھا کہ کیا بات ہے؟ تو انہوں نے پیالہ دکھا کر پوچھا کہ’’کیا اس طرح کی دال سے وضو ہو سکتا ہے؟‘‘ میرصاحبؓ نے ان سے پیالہ لے لیا کہ’’میں ذرا غور کرکے بتاتا ہوں‘‘ پھر وہ پیالہ دیگ میں الٹا کر گوشت کا پیالہ حضرت حافظ صاحبؓ کو پیش کیا اور کہا کہ’’آپؓ کے فتویٰ کا یہ جواب ہے۔‘‘

حضرت میر صاحبؓ نے قادیان میںغریب و یتیم بچوں اور دوسرے محتاجوں اور معذوروں کے لیے یکم مئی۱۹۲۶ء سے دارالشیوخ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ آپؓ اپنی ذاتی کوشش کے ذریعہ ان بچوں کے اخراجات وغیرہ مہیا کرکے انہیں تعلیم دلاتے اور اپنے عزیزوں کی طرح ان کی دیکھ بھال کرتے۔ نابینا بچوں کو قرآن مجید حفظ کرانے کا انتظام کرتے تھے۔ یہاں پرورش پانے والے متعدد بچے مدرسہ احمدیہ، جامعہ احمدیہ اور تعلیم الاسلام ہائی اسکول میںپڑھے۔

حکیم عبداللطیف صاحب شاہد کا بیان ہے کہ میری دارالشیوخ میں تین سال تک بطور مہتمم تقرری کے زمانہ میں بیسیوں طالب علم بغرضِ تعلیم آئے۔ مجھے یاد نہیں کہ آپؓ نے کسی کے داخلہ میں لیت و لعل فرمایا ہو۔ داخلہ کے بعد آپؓ نہ صرف اس کی ضروریات کا پورا خیال رکھتے بلکہ اس کو بیکار بھی نہ رہنے دیتے۔ جو طلبِ علم کی خواہش کرتا تو اسے ہائی اسکول یا مدرسہ احمدیہ میںداخل فرمادیتے اور اگر کوئی درزی وغیرہ کا کام سیکھنا چاہتا تو اسے انچارج درزی خانہ مرزا مہتاب بیگ صاحب کے سپرد کر دیتے۔

منشی محمد یٰسین صاحب سابق محرر بیان کرتے ہیں کہ دارالشیوخ میں۱۷۵ کے قریب افراد کے کھانے کے لیے بڑی محنت کرنی پڑتی تھی۔ ایک دفعہ قاضی نور محمد صاحب ہیڈکلرک نے عرض کیا کہ دارالشیوخ پر دو ہزار قرض ہوگیا ہے۔ فرمایا کہ کل عصر کے بعد تانگہ لانا اور میرے ہمراہ چلنا۔ دوسرے دن مَیں تانگہ لایا۔ ہم دونوں سوار ہوگئے۔ راستے میں حضرت نواب عبداللہ خان صاحبؓ ملے اور مصافحہ کیا تو فرمایا: ماموں جان آپ کو بخار ہے۔ میر صاحبؓ فرمانے لگے ہاں کچھ بخار تو ہے مگر دارالشیوخ پر کچھ قرضہ ہوگیا ہے اس کے لیے چندہ کرنے کو جارہا ہوں۔ انہوں نے پچاس روپے جیب سے نکال کر دیے۔ فرمایا ’بوہنی‘(ابتدا) تو اچھی ہو گئی۔ غرض محلّہ دارالرحمت پہنچے۔ مغرب کی نماز کے بعد تحریک کی گئی۔ اہل محلہ نے کافی چندہ دیا اور کچھ غلّہ بھی دیا۔ پھر روزانہ کسی نئے محلہ میں گئے۔ ایک ہفتہ کے اندر اڑھائی ہزار روپیہ چندہ جمع ہوگیا۔ غلّہ اس کے علاوہ تھا۔

حافظ عبدالعزیز صاحب مؤذن مسجد اقصیٰ کا بیان ہے کہ ایک دفعہ ایک معزز احمدی حضورؓ سے ملاقات کو قادیان تشریف لائے۔ حضرت میر صاحبؓ نے فوراً دکان سے ان کے لیے لسّی اور ناشتہ کا انتظام کیا اور ان کو ساتھ لے کر دارالشیوخ میں تشریف لائے اور فرمایا کہ یہ جماعت کے یتیم اور مسکین بچے ہیں۔ یہ میرا باغ ہے جو میں نے اللہ تعالیٰ کی خاطر لگایا ہے۔ اس کی آبیاری میں آپ بھی حصہ لیں۔ وہ دوست آپؓ کی باتوں سے اس قدرمتاثر ہوئے کہ مبلغ پانچ سو کی رقم پیش کردی۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے ۱۹۴۳ء میں فرمایا: ’’میں سمجھتا ہوں جہاں ہماری جماعت مشترکہ طور پر یتامیٰ ومساکین کی خبرگیری میں ناکام رہی ہے وہاں میر محمد اسحٰق صاحبؓ نے اس میں کامیابی حاصل کرلی اور انہوں نے سو ڈیڑھ سو ایسے غرباء اور یتامیٰ و مساکین کو جن کے کھانے پینے اور لباس اور رہائش وغیرہ کا کوئی انتظام نہیں تھا اپنی نگرانی میں رکھ کر ایسے رنگ میں ان کی تربیت اور تعلیم کا کام کیا جو نہایت قابل تعریف ہے۔ میر صاحب نے جن جن مشکلا ت میں یہ کام کیا ان کو کسی صورت میں بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وہ مشکلات یقیناً ایسی ہیں جو اُن کے کام کی اہمیت کو اَور بھی بڑھا دیتی ہیں۔ مَیں سمجھتا ہوں انہوں نے اتنے سال کام کر کے جماعت کے اندر ایک بیداری پیدا کردی ہے …یتیم کی خدمت اور ان کا صحیح رنگ میں تعلیم وتربیت اتنا اہم کام ہے کہ کوئی جماعت جو زندہ رہنا چاہتی ہے وہ کسی صورت میں بھی اس کو نظرانداز نہیں کر سکتی۔‘‘

حضرت میر صاحبؓ دارالشیوخ میں رہنے والے بچوں سے نہایت شفقت کا سلوک فرماتے اور کوشش کرتے کہ انہیں اپنے ماں باپ کی محرومی کا احساس کم سے کم ہو۔ عید کے موقع پر ان بچوں میں عیدی تقسیم کرنے کے لیے نئے سکّے منگواتے۔ ایک دفعہ ایک بچے نے فیس جمع کروانی تھی اور اس کے پاس رقم نہیں تھی۔ آپؓ مدرسہ کے انچارج بھی تھے۔ بچے باری باری جاکر فیس جمع کرواتے تھے۔ جب وہ بچہ قریب آیا تو میرصاحبؓ نے چپکے سے اُسے فیس پکڑا دی ۔

ایک دفعہ سب پکنک پر گئے جہاں بھنے ہوئے چنوں میں شکر ڈلوا کر سب کو پیش کی۔ ایک نابینا دو ست جو راستے میں گندے پانی میں گر گئے تھے وہ علیحدہ کھڑے تھے۔ جب میرصاحبؓ نے انہیں دیکھا تو پلیٹ پکڑ کر ان کے پاس گئے اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانے لگے۔ یہ ادائیں آپؓ نے اپنے مطاع حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے ہی سیکھی تھیں جنہوں نے اپنے ایک غریب صحابی میاں نظام الدین صاحبؓ کے ساتھ ایک پیالے میںکھاناکھایا جب وہ نئے آنے والوں کو جگہ دیتے دیتے پہلی صف سے پیچھے ہٹتے ہوئے جوتیوں میں جابیٹھے تھے۔

حضرت میر صاحبؓ عظیم الشان مقرر تھے۔ تقریر بہت علمی اور منطقی ہوتی جس سے مخالف مشکل میں گرفتار ہو جاتا۔ ایک مناظرے میں ہندو مقرر نے اپنی تقریر سنسکرت زبان میں شروع کردی۔ ایک دوست بیان کرتے ہیں کہ ہم پریشان تھے کہ اس کا کیا جواب دیں گے لیکن میرصاحبؓ اطمینان سے بیٹھے رہے۔ جب آپؓ کی باری آئی توآپؓ نے عربی میں تقریر شروع کردی۔ مخالفین نے اعتراض کیا کہ ہمیں تو سمجھ نہیں آرہی۔ آپؓ نے فرمایا کہ ہمیں بھی نہیں آئی تھی۔ چنانچہ وہ اس بات پر آمادہ ہو گئے کہ تقاریر اردو میں ہوں گی۔

آپؓ کی عمر صرف ۲۸؍ سال تھی جب ہندوستان کے ایک مشہور پادری مناظر جوالا سنگھ کو آپؓ نے شکست دی۔ آپؓ جلسوں اور مناظروں میں طلبہ کو ساتھ لے جاتے تاکہ ان کی تربیت ہوتی رہے اور بہت حوصلہ افزائی فرماتے۔ چنانچہ آپؓ کے شاگردوں میں اعلیٰ درجہ کے مقرر پیدا ہوئے۔

آپؓ نے کئی کتب تحریر فرمائیں۔ عام طور پر منطقی اندازِ تحریر ہوتا اور بڑے بڑے مسائل کو آسان اور سادہ انداز میں سمجھانے کا خاص ملکہ آ پؓ کوحاصل تھا۔ طلبہ کو تعلیم بھی اس طرز پر دیتے تھے کہ طلبہ میں سبق سے دلچسپی پیدا ہوجاتی اور مشکل مسائل کوسادہ زبان میں سمجھا دیتے۔

حضرت میر صاحبؓ سادہ لباس پہنتے اور نہایت سادگی سے رہتے۔ ایک دفعہ اپنے کپڑے مرمت کے لیے دیے تو درزی نے کہا کہ پیوند لگائے بغیر ان کی مرمّت نہیں ہوسکتی۔ آپؓ نے فرمایا کہ بےشک پیوند لگا دو۔ آنحضورﷺ بھی پیوندلگے کپڑے زیبِ تن فرمالیتے تھے۔

حضرت مسیح موعودؑ کو آپؓ کے بارے میں کئی الہامات اور رؤیا ہوئے۔ بچپن میں ایک دفعہ آپؓ بہت بیمار ہوئے اور حضورعلیہ السلام نے دعا کی تو الہام ہوا: سَلَامٌ قَوْلًامِّنْ رَّبٍّ رَّحِیْمٍٍ۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے شفا عطا فرمائی۔ آپؓ کہا کرتے تھے کہ حضرت مسیح موعودؑ کا الہام ’’خدا اس کو پنج بار ہلاکت سے بچائے گا‘‘ بھی میرے بارہ میں ہے۔

آپؓ کی شادی بھی حضورؑ کے ایک رؤیا کے نتیجہ میں ہوئی۔ حضورؑ نے دیکھا کہ آپؓ کی شادی حضرت پیر منظور محمد صاحبؓ (مؤلف قاعدہ یسرناالقرآن)کی صاحبزادی صالحہ بیگم سے ہو رہی ہے۔ ابھی آپؓ دونوں چھوٹے ہی تھے کہ اس رؤیا کی بنا پر نکاح کر دیا گیا۔ آپؓ کی شادی کے موقع پر حضرت مصلح موعودؓ نے ایک نظم بھی تحریرفرمائی ؎

میاں اسحٰق کی شادی ہوئی ہے آج اے لوگو

ہر اِک منہ سے یہی آواز آتی ہے مبارک ہو

دعا کرتا ہوں میں بھی ہاتھ اٹھا کرحق تعالیٰ سے

کہ اپنی خاص رحمت سےوہ اس شادی میں برکت دے

خداتعالیٰ نے آپؓ کو چار بیٹیاں اور تین بیٹے دیے۔

آخری عمر میں آپؓ بیمار رہنے لگے تھے۔ علاج سے عارضی افاقہ ہوتا۔ بیماری میں بھی کام میں مصروف رہتے۔ بالآخر ۱۶؍مارچ ۱۹۴۴ءکو اچانک بےہوش ہو کر گرگئے۔ اگلے روز نبض کمزور ہونے لگی تو حافظ قدرت اللہ صاحبؓ نے سورۃ یٰسین سنانی شروع کی۔ جب وہ اس آیت پر پہنچے ’’سَلَامٌقف قَوْلًامِّنْ رَّبٍّ رَّحِیْمٍٍ‘‘تو وفات ہوگئی۔ عجیب اتفاق ہے کہ آپؓ کی صحت کے بارہ میں حضرت مسیح موعودؑ کو یہی آیت الہام ہوئی تھی اور اسی آیت پر آپؓ کا بابرکت انجام ہوا۔ حضرت مصلح موعودؓ نے آپؓ کی وفات پر فرمایا: ’’میر محمد اسحٰق صاحب خدمات سلسلہ کے لحاظ سے غیرمعمولی وجود تھے۔ درحقیقت میرے بعد علمی لحاظ سے جماعت کا فکر اگر کسی کو تھا تو اُن کو۔ رات دن قرآن وحدیث لوگوں کو پڑھانا ان کا مشغلہ تھا۔‘‘

………٭………٭………٭………

تحریک جدید کا مالی جہاد

روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ ۲؍جنوری۲۰۱۴ء میں مکرم قدیر احمد طاہر صاحب کے قلم سے تحریک جدید کے مالی جہاد میں ضلع عمرکوٹ (سندھ)کی مساعی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

تحریک جدید کا قیام ۱۹۳۴ء میں عمل میں آیا۔ تحریکِ جدید اور ضلع عمرکوٹ کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے تحریک جدید کے آغاز میں ہی عمرکوٹ میں تحریک جدید کی زمینیں خریدیں اور ان پر احمدی جماعتوں کا قیام فرمایا اور اکثر جماعتوں کے نام صحابہ مسیح موعودؑ کے نام پر رکھے۔ حضورؓ نے عمرکوٹ میں اپنی ذاتی زمینیں بھی خریدیں جہاں خدا کے فضل سے مضبوط اور قربانی کرنے والی جماعتیں قائم ہیں۔ تحریکِ جدید کے نئے سال کے آغاز پر خلیفہ وقت جب گذشتہ سال کا جائزہ بیان فرماتے ہیں تو عمرکوٹ کی جماعتیں ہمیشہ نمایاں مقام پر نظر آتی ہیں۔

حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ نے چندہ تحریک جدید کی ادائیگی کے سلسلے میں مسابقت فی الخیرات کے نمونوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک بار فرمایا تھا کہ ’’جوش اور ولولے کا یہ عالم ہوا کرتا تھا کہ جب حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ تحریکِ جدید کے نئے سال کا اعلان فرماتے تو جو لوگ سب سے پہلے دفتر تحریک جدید پہنچ کر اپنے چندے لکھواتے تھے، ان میں دو دوست پیش پیش تھے۔ ایک کا نام محمد رمضان صاحب تھا جو مددگار کارکن تھے اور دوسرے کا نام محمدبوٹا ’’تانگے والا‘‘ تھا۔ جب تک زندہ رہے ایک سال بھی اس بات میں پیچھے نہیں رہے۔ خدا نے ان کو جتنی توفیق بخشی تھی اس کے مطابق وہ لکھواتے تھے اور ادائیگی میں بھی اَلسَّابِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ میں شامل ہوتے تھے۔‘‘ (خطبات طاہر جلداوّل صفحہ۲۵۳)

………٭………٭………٭………

روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ ۴؍جون۲۰۱۴ء میں مکرم پروفیسر محمد اکرام احسان صاحب کا حمدیہ کلام شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:

بلبلہ میں کہکشائیں دیکھنا
چرخ میں راہی شعاعیں دیکھنا
ذرّہ کے اندر ہیں ذرّے بےشمار
ذرّہ کے اندر ردائیں دیکھنا
لمحہ کے اندر ہیں لمحے اَن گنت
لمحہ میں جاری قضائیں دیکھنا
چاند سے چہرہ پہ اُس کا نُور ہے
اور تاروں میں ضیائیں دیکھنا
مشرق و مغرب میں اُس کے فضل کی
چل رہی ہیں جو ہوائیں دیکھنا
بارشیں ہیں ہو رہی انوار کی
چار سُو پھیلی گھٹائیں دیکھنا
قطرہ میں رکھ کر ہزاروں طاقتیں
زندگی کو دی ادائیں دیکھنا
مغفرت ہو گی اُسی کے فضل سے
اپنے عملوں میں خطائیں دیکھنا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button