امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ کینیڈا کے سینتیسویں سالانہ اجتماع۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کا سینتیسواںسالانہ اجتماع مورخہ ۷و۸؍ستمبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار مسجد بیت السلام، پیس ولیج کے احاطہ میں منعقد ہوا۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’ اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ‘‘یعنی ’’ سنو! اللہ ہی کے ذکر سے دل اطمینان پکڑتے ہیں‘‘ تھا۔

مولانا سید شمشاد احمد ناصر صاحب (مربی سلسلہ امریکہ) بطور مرکزی نمائندہ و مہمان خصوصی اور مکرم مبارک صدیقی صاحب برطانیہ سے خصوصی طور پر اس اجتماع میں شمولیت کے لیےتشریف لائے۔

اجتماع کے دوران نماز تہجد اور پنجوقتہ نمازوں کی باجماعت ادائیگی کے علاوہ تربیتی اجلاس، علمائے سلسلہ کے ساتھ مجلس سوال و جواب اور مبارک صدیقی صاحب کے ساتھ بزم سخن کے نام سے ایک نشست نیز تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات اس اجتماع کے خاص پروگراموں میں شامل تھے۔

اجتماع کاپہلا روز مورخہ ۷؍ستمبر بروز ہفتہ تھا۔ صبح سات بجے سے ہی مقام اجتماع میں انصار کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ کھانے کی مارکی میں ناشتہ کے بعد انصار رجسٹریشن کرانے میں مصروف ہوگئے۔

صبح نو بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مرکزی نمائندہ اور مہمان خصوصی مولانا سید شمشاد احمد ناصر صاحب نے مجلس کا پرچم جبکہ کینیڈا کا قومی پرچم مکرم عبد الحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے لہرایا اور اس کے بعد اجتماعی دعاہوئی۔

افتتاحی تقریب میں تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جس کو دوران اجتماع اردو اور انگریزی زبان میں شائع کرواکر شاملین اجتماع کو فراہم کیا گیا تھا۔

افتتاحی تقریب کی صدارت مرکزی مہمان خصوصی نے کی۔ مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت احمدیہ کینیڈا اپنی افتتاحی تقریر میں قیام الصلوٰۃ اور خلافت کے تعلق کے موضوع پر حاضر ین سے مخاطب ہوئے جس کے بعد مرکزی مہمان خصوصی نے دعا کرائی اور یوں اجتماع کی افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

افتتاحی تقریب کے معاً بعد علمی اور ورزشی مقابلہ جات شروع ہوگئے۔ علمی مقابلہ جات میں صف اوّل اور صف دوم کے انصار کے مابین تلاوت قرآن کریم، نظم، اُردو، انگریزی، عربی اور فرنچ زبانوں میں تقاریر کے علاوہ حفظ القرآن اور ترجمۃ القرآن کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس کے علاوہ قیادت تعلیم کی طرف سے مضمون نویسی کی ایک ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مقابلہ مضمون نویسی میں حصہ لینے والے انصار کو مضمون نویسی کے گُر بتائے گئے۔ ورزشی مقابلہ جات میں والی بال، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، مشاہدہ معائنہ، پیغام رسانی، ٹیبل ٹینس اور رسہ کشی کے مقابلہ جات ہوئے۔ ایک دوستانہ کرکٹ میچ ویسٹرن کینیڈا کی مجالس کے مابین بھی منعقد ہوا۔

اجتماع کے پہلے روز مورخہ ۷؍ستمبر بروز ہفتہ بعد از نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفے کے بعد مکرم صدر مجلس انصار اللہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی۔ آپ نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کی روشنی میں انصار بھائیوں کو دعوت الیٰ اللہ کی اہم ذمہ داری کی طرف متوجہ کیا۔

اجتماع کےپہلے روز شام کو مثالی عائلی زندگی کے موضوع پر ایک تربیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم شاہد منصور صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت کینیڈا نے کی۔ آپ نےمختصر طور پر جماعت احمدیہ کینیڈا میں خانگی جھگڑوں کے باعث طلاق اور خلع کے اعداد و شمار بتائے۔ بعد ازاں مکرم نعیم لکھن صاحب لوکل امیر وینکوور نے سادہ زندگی گزارنے کے اصولوں پر چند گزارشات پیش کیں۔ تربیتی اجلاس کی اختتامی تقریر میںمولانا عبد السمیع خان صاحب (مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) نے رسول اللہﷺکی عائلی زندگی کے حسین پہلو بیان کیے۔

اجتماع کےپہلے روز کے اختتام پر ایک نشست ’بزم سخن‘ کے نام سے منعقد کی گئی جس میں مکرم مبارک صدیقی صاحب نے خلیفہ وقت کے ساتھ ذاتی واقعات اور مشاہدات کی روشنی میں اور اپنی شاعری سے بھی خلفائے کرام سے وابستگی کی برکات و فیوض کو بیان کیا۔

اجتماع کے دوسرے روز مورخہ ۸؍ستمبر بروز اتوار علمی و ورزشی مقابلہ جات کے علاوہ ایک خصوصی محفل سوال و جواب مہمان خصوصی مولانا سید شمشاد احمد ناصر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب اور مکرم صدر مجلس نے بھی حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔

نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعداجتماع کی اختتامی تقریب مرکزی نمائندہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ اجتماع مکرم سہیل احمد ثاقب صاحب (مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا و نائب صدر اوّل مجلس انصار اللہ کینیڈا) نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات جیتنے والوں میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔ تقسیم انعامات کے بعد مہمان خصوصی نے اپنی تقریر بعنوان ’’ذکر الٰہی‘‘ میں ذکر الٰہی کی اہمیت اور فیوض و برکات پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور انصار بھائیوں کو ذکر الٰہی کی عادت اپنانے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی حالیہ خصوصی دعاؤں کی تحریک کی طرف متوجہ کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کرائی اور یوں خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ کینیڈا کا سینتیسواں اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اس اجتماع میں ۱۱۶؍مجالس اور ۱۷؍ریجنز سے تین ہزار سے زائد انصار نے شرکت کی نیز ۳۰۰؍سے زائد مہمان بھی شامل ہوئے۔ تقریباً ۴۰۰؍سے زائد انصار بھائیوں نے اس اجتماع کے انتظامات میں مدد کی۔ اللہ تعالیٰ سب کارکنان کو جزائے خیر عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ: خالد محمود شرما۔ قائد تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button