امریکہ (رپورٹس)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مجلس انصار اللہ کینیڈا کے سینتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کے موقع پر خصوصی پیغام

مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آپ نے مجلس انصار اللہ کینیڈا کے سالانہ نیشنل اجتماع کے لئے پیغام کی درخواست کی تھی۔ اس موقع پر میں آپ سب انصار کو کچھ اہم ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرنا چاہتا ہوں۔

اللہ تعالیٰ نے ہمیں احمدیت کی نعمت سے نوازا ہے۔ یہ اس کا بہت بڑا احسان ہے جس کا شکر ادا کر نا ہم پر فرض ہے۔ مجلس انصار اللہ کے اراکین کی حیثیت سے آپ کی ذمہ داریاں بہت اہم ہیں۔ آپ جماعت کے وہ ستون ہیں جن پر ہماری جماعت کی آئندہ آنے والی نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس نے جن وانس کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔ پس آپ کو چاہیے کہ اس حکم کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھتے ہوئے اپنی عبادتوںکے معیاروں کو بلند کرنے کی کوشش کریں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ نماز وہ دعا ہے جو جوش اور درد سے مانگی جاتی ہے۔ اپنی نمازوں میں اسی جذبے کو پیدا کریں تاکہ آپ کی دعائیں قبولیت کا درجہ پائیں۔

دوسری اہم ذمہ داری اپنی اولاد کی تربیت ہے۔ اس دور میں جہاں ہر طرف کفر و الحاد پھیلا ہوا ہے آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنی نسلوں کو دین سے جوڑے رکھیں۔ انہیں دین کی صحیح تعلیم دیں اور ان کے سامنے اپنے اعلیٰ اخلاقی نمونے قائم کریں۔ آپ اپنے گھروں کے نگران ہیں اور اپنی اولادوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کے ذمہ دار ہیں۔ اس ليے آپ کا فرض ہے کہ ان میں نمازوں کی پابندی، قرآن کریم کی تلاوت اور جماعتی پروگراموں میں شرکت کی عادت ڈالیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اس جماعت کا مقصد حقیقی معرفت اور تقویٰ کو دوبارہ قائم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لئے اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کریں اور اپنے ماحول میں اسلام کی خوبصورت تعلیم کو پھیلائیں۔

پھر انصار اللہ پر یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اشاعت اسلام کا فریضہ نبھائیں۔ اپنے اندر تبلیغ کا جذبہ پیدا کریں اور اعلائے کلمۃ اللہ کی فکر میں رہیں۔ یہ ذمہ داریاں آسان نہیں ہیں۔ ان پر عمل کے لئے آپ کو مسلسل کوشش اور محنت اور دعا کرنی ہو گی۔ اور اگر آپ مستقل مزاجی سے ثابت قدم رہے تو اللہ تعالی ضرور آپ کی مدد فرمائے گا۔ اس لئے اس اجتماع سے یہ عہد کر کے اٹھیں کہ آپ اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھائیں گے اور اس کی راہ میں جہاد کرنے کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کے علمی، دینی اور روحانی معیاروں کو بلند کرے۔ اللہ آپ کا یہ اجتماع ہر لحاظ سے با برکت اور کامیاب فرمائے۔ آمین

تمام شرکاء کو میری طرف سے محبت بھر اسلام پہنچا دیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button