حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۴ءمیں پاکستان، بنگلہ دیش، الجزائر اور سوڈان کے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔ نیز فرمایا کہ بہت دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ اسرائیلی حکومت اور امریکہ کی حکومت اور بڑی طاقتوں کے ہاتھوں کو روک سکتا ہے۔ (مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل ۱۴؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء)

٭…گذشتہ چند ہفتوں سے پاکستان میں جماعت احمدیہ کے خلاف انتہا پسندانہ کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہاہے۔ اس کا افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ انتظامیہ بھی ان غیر اخلاقی و مذہبی کارروائیوں کا حصہ ہے۔

مورخہ ۱۰؍ ستمبر۲۰۲۴ء کو پولیس نے غیرقانونی کارروائی کرتے ہوئے ایک احمدی کے ڈیرے واقع سبحان شاہ دیپالپور اوکاڑہ پر تعمیرشدہ احمدیہ مسجد کے مینار شہید نیز وہاں لکھے ہوئے مقدس کلمات بھی مٹادیے۔مورخہ۱۹ اور ۲۰؍ستمبر۲۰۲۴ء کی درمیانی رات نامعلوم افراد نے گوئی بٹالی(سنیارہ )ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان سے تین احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو شہید کر دیا۔مورخہ ۲۵؍ستمبر۲۰۲۴ء کو تھانہ گگو منڈی کی حدود میں پولیس نے ۳۶۳/EBضلع وہاڑی کے قبرستان میں احمدیوں کے کتبوں پر پینٹ پھیر کر مقدس تحریرات کو مٹا دیا۔ اگلے ہی دن مورخہ ۲۶؍ستمبر۲۰۲۴ء کو پولیس نےEB- 245ضلع وہاڑی کے قبرستان میں احمدیوں کے کتبوں پر لکھی مقدس تحریرات کو مٹادیا۔۳۰؍ستمبر۲۰۲۴ء کو روڈہ ضلع خوشاب کے قبرستان میں احمدیوں کی قبروں پر لگے کتبوں کو توڑ دیا ۔کچھ عرصہ سے مخالفین کی طرف سے انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ روڈہ ضلع خوشاب کے قبرستان میں احمدیوں کی قبروں پر لکھی مقدس تحریرات کو مٹایا جائے۔مورخہ یکم اکتوبر۲۰۲۴ء کو پولیس نے غیرقانونی کارروائی کرتے ہوئے45مرڑھ ضلع ننکانہ کی احمدیہ مسجد پر موجود مینار اورمحراب کو مسمار کردیا۔۱۰ اور ۱۱؍اکتوبر کی درمیانی رات گوجرانوالہ پولیس نے موہلنکے چٹھہ اور گکھڑمنڈی میںاحمدیوں کی دو مساجد کے مینار مسمار کر دیے۔

٭…روسی عدالت نے امریکی نیوز چینل سی این این سے وابستہ برطانوی صحافی نک پیٹن والشکو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔رپورٹس کے مطابق سی این این کے صحافی نک پیٹن والش پر یوکرین کے زیرِ قبضہ روس کے علاقے کرسک سے رپورٹنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔کرسک کی عدالت نے سی این این کے صحافی کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے اسے روس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ نک پیٹن والشایک برطانوی صحافی ہیں جو اس سے قبل ماسکو میں چینل 4 نیوز اور دی گارڈین اخبار کے لیے رپورٹنگ کر چکے ہیں۔یوکرین کی فوج نے ۶؍اگست سے روس کے علاقے کرسک کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے جبکہ روس نے اپنے حملوں پر تنقید پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

٭…بھارتی ریاست تامل ناڈو میں مسافر ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ۱۹؍افراد زخمی ہوگئے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو میں گذشتہ شب دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم کے بعد مسافر ٹرین کی بارہ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور آگ بھڑک اٹھی۔ٹرین میں ایک ہزار ساٹھ مسافر سوار تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے نوّے فیصد سے زائد مسافروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا۔حادثے کی وجہ سگنل فیل ہونے کو قرار دیا جارہا ہے۔

٭…ایران نے لبنان میں ہونے والے پیجرز دھماکوں کے بعد تمام پروازوں پر پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ترجمان جعفر یازرلو نے کہا کہ دوران پرواز موبائل فونز کے علاوہ کوئی بھی الیکٹرانک مواصلاتی ڈیوائس ممنوع قرار دی گئی ہے۔یاد رہے کہ ۱۷ اور ۱۸؍ ستمبر کو لبنان میں پیجرز دھماکے ہوئے تھے جس میں ۳۹؍افراد جاں بحق اور تقریباً تین ہزار لوگ زخمی ہوئے تھے۔

٭…اسرائیل پر حملے کے بعد امریکہ نے ایران کے تیل کے شعبے پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل کی تجارت اور نقل و حمل میں شامل کمپنیوں اور بحری جہازوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔اس حوالے سے امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ایران کو اسرائیل پر غیر معمولی حملے کے بعد اقدامات پر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔یہ پابندیاں ایران کے میزائل اور جوہری پروگرام کی فنڈنگ کو روکنے کے لیے ہیں۔

٭…لبنان میں اسرائیلی حملوں میں مزید ساٹھ افراد جاں بحق اور ۱۶۸؍زخمی ہو گئے۔ اس سال اسرائیل اور حزب اللہ کی لڑائی میں لبنان میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہزار ۲۲۹؍ ہو گئی ہے۔لبنان کرائسز رسپانس یونٹ کے مطابق ایک روز میں ۵۷؍فضائی حملے اور گولہ باری کے واقعات پیش آئے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button