یورپ (رپورٹس)

وسطی سویڈن میں اہم سیاسی و مذہبی شخصیات سے ملاقات و تبلیغی سٹالز

اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار (مربی سلسلہ) کو مورخہ ۱۹تا ۲۱؍اگست ۲۰۲۴ء کو سویڈن کے وسطی صوبہ کے علاقہ جات کا دورہ کرنے، وہاں تبلیغی سٹالز لگانے، فولڈرز تقسیم کرنے اور ان علاقوں کی سیاسی و مذہبی شخصیات کے ساتھ ملاقات کرنے کی توفیق ملی۔

اس دورے کے دوران سُولیفتے اُ (Sollefteå) شہر کے میئر، اس علاقہ کی چیف پادری صاحبہ، کرامفورس(Kramfors) شہر کی میئر صاحبہ اور اس صوبے کی سویڈش چرچ کی بشپ صاحبہ سے ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ ان ملاقاتوں کے دوران تفصیل سے جماعت احمدیہ کا تعارف کرانے کا موقع ملا۔ ان کے اسلام کے بارے میں بعض سوالات کے جواب بھی دیے۔ قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ تحفۃً دیا۔

اسی طرح ان شہروں کے مراکز میں ہم نے تبلیغی سٹال لگائے جہاں پر بہت سے لوگوں نے آکر سوالات پوچھے اور ہماری موجودگی کو سراہا۔

اس سفر کے دوران تبلیغی سٹالز اور مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے بعد ان تینوں شہروں کے مضافات میں موجود چھوٹے چھوٹے گاؤں میں جاکر فولڈرز کی تقسیم کا موقع بھی ملا۔ دورے کے دوران کُل ۴۳۵۰سے زائد فولڈرز تقسیم کیے۔ یہ فلائرز تین میونسپلٹیز کے ۱۰۳ گاؤں میں تقسیم کیے گئے۔ اس تبلیغی سفر کے لیے ۱۳۴۰ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور فلائرز کی تقسیم پر کُل ۲۵گھنٹے صرف ہوئے۔ اس طرح حضور انور ایدہ اللہ کے ارشاد کی تعمیل میں چھوٹے علاقوں میں موجود لوگوں تک پیغام پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ الحمد للہ۔ اس سفر میں خاکسا رکے ہمراہ عزیزم شازل احمد افضل بھی تھے۔

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button