از مرکزیورپ (رپورٹس)

مسجد فضل لندن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے آج سے ایک سو سال پہلے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے برطانیہ کی سرزمین پر اپنے مبارک قدم رکھے اور مورخہ ۱۹؍اکتوبر ۱۹۲۴ء کو مسجد فضل لندن کا سنگ بنیاد رکھا جس کے ساتھ یورپ اور مغربی ممالک میں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی تبلیغ کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ جماعت احمدیہ برطانیہ اس دن کی یاد میں اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزاری کے طور پر آج پورے ملک میں خصوصی تقریبات منعقد کر رہی ہے۔اس سلسلے میں مرکزی تقریب مسجد فضل لندن میں ہوگی جہاں پانچ سو کے قریب مہمانوں کی تشریف آوری متوقع ہے۔ اس خوشی کے موقع پر مسجد فضل کو بہت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیاہے۔ اسی طرح تاریخ مسجد فضل لندن کے حوالہ سے محمود ہال میں ایک نمائش بھی لگائی گئی ہے جس مہمان اور احباب جماعت استفادہ فرما سکتے ہیں۔

مکرم نصیر دین صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے جو مسجد فضل کی جوبلی کی تقریبات کی نگرانی کر رہے ہیں نمائندہ الفضل کو بتایا کہ اس تاریخی اور خوشی کے موقع پر پوری جماعت میں خدا کے حضور شکر گزاری اور خوشی کے جذبات دیدنی ہیں۔ان دنوں میں مقامی احباب جماعت کے علاوہ دور دور سے بھی لوگ اپنے بچوں اور فیملیز کے ساتھ خصوصی طور پر مسجد فضل میں نماز پڑھنے اور برقی قمقموں کے ساتھ کیا جانے والا مسجد کا چراغاں دیکھنے کے لیے آرہے ہیں۔ اسی طرح جو ہمارے ہمسائے ہیں وہ یہ رونق دیکھ کہ بہت خوش ہورہے اور یہ تبلیغ کا بھی ذریعہ بن رہا ہے۔ جب وہ پوچھتے ہیں کہ آپ نے lighting وغیرہ کیوں کی ہے تو ہم بتاتے ہیں کہ آج سے سو سال پہلے ہمارے خلیفہ یہاں آئے اور انہوں نے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا اور تب سے اس ملک میں ہم حقیقی اسلام کی تبلیغ کر رہے ہیں اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ملک میں ہزاروں احمدی ہیں، تو اس بات کا ان پر بہت مثبت اثر ہوتا ہے۔

نائب امیر صاحب نے بتایا کہ مسجد فضل لندن کی گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران renovation ہوئی ہے۔ اسے دوبارہ رنگ و روغن کیا گیا ہے، جو یادگاری تختی ہے اس کی ماہرانہ طور پر صفائی کروائی گئی ہے، اسی طرح slabs نئے ڈالے گئے ہیں۔ نیز مسجد فضل اور اس کے مکمل احاطہ میں خاص lighting کی گئی ہے۔

نائب امیر صاحب نے بتایا کہ آج کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نیز اثر و رسوخ رکھنے والے احباب کو مدعو کیا گیا ہے جن میں پروفیسرز، ممبرز آف پارلیمنٹس، منسٹرز، پادری صاحبان، میڈیا کے لوگ وغیرہ شامل ہیں۔ اسی طرح ہمارے ہمسائے بھی آج کی تقریب میں مدعو ہیں۔ اور یہ تقریب نہ صرف مسجد فضل میں بلکہ یوکے کے اکثر ریجنز میں منعقد ہورہی ہے۔

نائب امیر صاحب نے بتایا کہ مسجد فضل لندن کی جماعت کی تاریخ میں خاص اہمیت ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ جب ۱۹۵۵ میں برطانیہ تشریف لائے تھے تو آپ نے مسجد فضل میں قیام فرمایا تھا۔ اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے یہاں قیام فرمایا تھا۔ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ ۱۹۸۴ سے ۲۰۰۳ تک جبکہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ اپریل ۲۰۱۹ میں اسلام آباد ٹلفورڈ تشریف لے جانے تک اسی احاطے میں رہائش پذیر رہے۔ اسی طرح انتخاب خلافت خامسہ یہاں پر ہوا ہے۔ اسی طرح بہت سے صحابہ اس مسجد میں تشریف لا چکے ہیں۔ غرض اس مسجد کا جماعت میں ایک خاص مقام ہے۔

نائب امیر صاحب نے بتایا کہ شروع کے دور میں جو بھی مبلغ یورپ، افریقہ یا امریکہ کی طرف بھیجے جاتے وہ پہلے مسجد فضل آتے اور یہاں سے پھر آگے اپنی منزلِ مقصود کی طرف روانہ ہوتے۔ غرض یہ مسجد جماعتی لحاظ سے خلافت کے یہاں ہجرت کر جانے سے پہلے بھی بہت لمبا عرصہ مغربی ممالک کا مرکز رہی۔

اس کے علاوہ امت مسلمہ اور اس ملک میں بھی اس کی اہمیت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح یہاں پر آئے ہوئے ہیں، اسی طرح علامہ اقبال، شاہ فیصل نیز حکومت برطانیہ کے بہت سے اعلیٰ حکام اور منسٹرز شروع سے یہاں آتے رہے ہیں۔

آج کی تقریب برطانیہ وقت کے مطابق شام پانچ بجے منعقد ہوگی جہاں پر جگہ کی کمی کی وجہ سے صرف مدعو کیے جانے والے مہمان ہی شامل ہوسکیں گے۔ احباب جماعت سے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

تفصیلی رپورٹ ان شا اللہ پروگرام کے بعد شائع کی جائے گی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button