فیچر کہانی

تحریکِ جدید کی کہانی

فارس اور فاتح آپ دونوں ٹی وی پر کیا دیکھ رہے ہیں؟ امی جان ٹی وی لاؤنج میں داخل ہوتے ہوئے بولیں۔

فارس: امی جان ہم یہ ایک ڈاکومنٹری دیکھ رہے ہیں۔ آئیے آپ بھی ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں۔

ڈاکومنٹری ختم ہونے پر فارس نے ٹی وی میوٹ(mute) کیا اور بولا: امی جان تحریک جدید صرف احمدیت کو پھیلانے کے لیے شروع ہوئی تھی؟

امی جان: یہ تو تحریک جدید کا ایک مقصد تھا۔ لیکن اس کا پسِ منظر جاننا بہت ضروری ہے۔ پھر آپ سمجھ سکیں گے کہ تحریک جدید کیا ہے؟

امی جان آپ ہمیں اس بارے میں کچھ بتایئے ناں! فاتح بولا۔

امی جان: جماعت کے خلاف ہر طرف سے فتنہ اور فساد اٹھ رہا تھا۔ خاص طور پر احرار نے تو فساد پیدا کرنے کے لیے اپنا تمام زور لگا لیا تھا اور یہ نعرہ تھا کہ احمدیت کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ قادیان کا نام و نشان مٹا دیں گے اور قادیان کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے کی باتیں ہوتی تھیں۔ یہاں تک کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مزار اور مقدس مقامات کی بےحرمتی کے پروگرام تھے اور حکومت کی طرف سے بھی مخالفین کی طرف زیادہ رجحان نظر آتا تھا باوجود اس کے کہ اس وقت انگریز حکومت تھی۔

فاتح: تو حضرت مصلح موعودؓ کی طرف سے جماعت کو کیا ہدایت ملی؟

امی جان: ان حالات میں حضرت مصلح موعودؓ نے جماعت کو صبر کے ساتھ ساتھ باقاعدہ ایک پروگرام دے کر تحریک کی جس میں مالی قربانی بھی شامل تھی۔

فاتح: حضورؓ نے تحریک جدید میں 27 مطالبات پیش فرمائے تھے جن میں سے سب سے پہلا سادہ زندگی تھا۔ حضورؓ نے خود بھی سادہ رہن سہن اختیار فرمایا اور ایک سالن پر گزارہ فرماتے رہے۔

امی جان: جی بالکل۔ آپ نے تو خوب غور سے ڈاکومنٹری سنی ہے۔ یہ 1934ء کی بات تھی۔ 1934ء میں آپؓ نے باقاعدہ ایک فنڈ کا اعلان فرمایا اور بتایا کہ ہم نے دشمن کے دعووں اور حملوں کا جواب ان کی طرح فساد کر کے نہیں بلکہ تبلیغ کر کے دینا ہے۔ آپؓ نے جماعت کو اپنی اصلاح اور قربانی کے معیار کو بلند کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ ستائیس ہزار روپے مالی قربانی کی بھی تحریک کی جو کہ تین سال میں جمع کرنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے جماعت کو خلیفۂ وقت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک سال میں ہی ایک لاکھ روپے کی مالی قربانی پیش کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ اس وقت جماعت کے مالی حالات کو دیکھتے ہوئے یہ بہت بڑی قربانی تھی۔ چند چند آنوں کی قربانیاں ہوتی تھیں۔ احبابِ جماعت نے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ کاٹ کر قربانی کرنے کا جو نمونہ قائم کیا اللہ تعالیٰ نے اس کو ایسا قبول فرمایا کہ جہاں دنیا میں تبلیغ کے غیر معمولی راستے کھلے وہاں یہ قربانیاں ان تک ہی محدود نہیں رہیں بلکہ آج بھی ایسے نمونے ہمیں نظر آتے ہیں۔ پھر مالی قربانی کے ساتھ ساتھ دین کے لیے اپنی زندگیاں بھی وقف کیں۔ دُور دراز ملکوں میں تبلیغ کے لیے گئے اور بعض کو قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔

فارس: پھر حضرت مصلح موعودؓ نے اس تحریک کو دس سال تک کے لیے بڑھا دیا اور دس سال مکمل ہونے پر اس کے خوش کن نتائج اور مزید قربانیاں کرنے والوں کی خواہش پر اسے مزید بڑھا دیا اور پھر یہ مستقل تحریک بن گئی۔

امی جان: جی ہاں ! اس تحریک میں ابتدائی قربانی کرنے والے پانچ ہزار لوگ تھے جنہیں دفتر اوّل تحریکِ جدید کے ’’پانچ ہزاری مجاہدین‘‘ کہا جاتا ہے۔ حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ نے خاص تحریک کی کہ ان کے بچوں اور نسلوں کو ان کی قربانیوں کو زندہ رکھنے کے لیے تاقیامت ان کی طرف سے چندہ دیتے رہنا چاہیے۔اور پھر حضور انور ایدہ اللہ نے بھی جب دفتر پنجم کا آغاز فرمایا تو اس طرف خاص توجہ دلائی اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان سب کے کھاتے زندہ ہیں۔

فارس: تحریک جدید کا ایک دفتر انیس سال کا ہوتا ہے۔ یہ دفتر کہاں واقع ہے؟

امی جان: دفتر کاپی یا رجسٹر کو کہتے ہیں۔ یعنی 19 سال کے دوران قربانی کرنے والوں کی فہرست کو ایک جگہ جمع کیا جاتا ہے۔ اور اسے دفتر اول، دوئم یا سوئم کہا جاتا ہے۔

فاتح: ابھی بتا رہے تھے کہ دفتر سوئم حضرت خلیفة المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1966ء میں جاری فرمایا کیونکہ حضرت خلیفة المسیح الثانی ؓکی بیماری کی وجہ سے اس کا اعلان آپؓ نہیں فرما سکے۔ پھر 1985ء میں دفتر چہارم کا اجرا حضرت خلیفة المسیح الرابعؒ نے فرمایا۔ حضور انور ایدہ اللہ نے 2004ء میں دفتر پنجم اور 2023ء میں دفتر ششم کے آغاز کا اعلان فرمایا۔

امی جان: جی ہاں۔ حضور انور ایدہ اللہ نے فرمایا تھا کہ اب نئے شامل ہونے والے نومبائعین بھی اور نئے پیدا ہونے والے بچے بھی یا جو بھی پہلے کسی دفتر میں نہیں ہیں دفتر ششم میں شامل ہوں گے۔

فارس: آج تو ہم نے تحریک جدید کا تعارف حاصل کیا۔ ان شاء اللہ میں شام کو اطفال کی کلاس میں بھی بتاؤں گا۔

فاتح: اور میں بھی!

(معلومات ماخوذ ازخطبہ جمعہ 3؍ نومبر 2023ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button