یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ ہالینڈکے اکیالیسویں سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد

مکرمہ شمیم مظہر صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماءاللہ ہالینڈ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۳۱؍اگست و یکم ستمبر ۲۰۲۴ء کو فیئرہاؤتن نزد ننسپیت میں لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ ہالینڈ کا سالانہ اجتماع منعقد کیا گیا۔

اجتماع کی سب سے خاص بات پیارے آقا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی طرف سے موصول ہونے والا پُر شفقت پیغام تھا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بیش قیمت نصائح پر صدق دل سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کے روز ساڑھے دس بجے مکرمہ عطیہ اسلم صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ ہالینڈ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ اس کے بعد صدر صاحبہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا اور دعا کے ساتھ باقاعدہ تعلیمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا جن میں مقابلہ حسن قراءت، تقاریر، پریزنٹیشن، مقابلہ نظم اور فی البدیہہ تقاریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں ہالینڈ کے چاروں ریجنز کے اجتماعات سے اول اور دوم آنے والی ممبرات نے حصہ لیا۔ امسال لجنہ اور ناصرات کی کارکردگی پر مشتمل جائزہ رپورٹس ویڈیو اور پریزنٹیشن کی صورت میں پیش کی گئیں۔

اجتماع کے موقع پر علمی مقابلہ جات کے علاوہ تربیتی و تبلیغی سیمینار بھی منعقد کیے گئے۔ تلاوت قرآن کریم کی اہمیت و آداب پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ چاروں ریجنز کی طرف سے قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں دیدہ زیب نمائشیں لگائی گئیں۔

اس سال بزنس وومن آف دی ایئر ایوارڈ کی حقدار مکرمہ حافیہ زاہد صاحبہ از مجلس ننسپیت قرار پائیں۔ بہترین سٹوڈنٹ آف دی ایئر تانیہ سعید صاحبہ از مجلس ایمسٹرڈیم زاؤد اوسٹ، بہترین کھلاڑی آف دی ایئر قدسیہ باسط صاحبہ از مجلس ننسپیت جبکہ courageous لجنہ آف دی ایئر کا ایوارڈ محترمہ منصورہ باسط صاحبہ از مجلس ننسپیت نےحاصل کیا۔

دوران اجتماع AMWSA (احمدیہ مسلم وُومین سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن) کی صدر کے انتخاب کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

وقفہ کے دوران مختلف شعبہ جات کے تحت سٹالز لگائے گئے جن میں شعبہ رشتہ ناطہ، ہالینڈ مسجد فنڈ، وصیت اور کتابوں کے سٹالز شامل تھے۔

خطوط کے ذریعہ خلافت سے اپنے تعلق کو مضبوط رکھنے کی غرض سے خلیفۃ المسیح کو خط لکھنے کی سہولت رکھی گئی تھی جس سے ماشاءاللہ ۱۰۲؍ممبرات نے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیارے آقا کی خدمت میں دعائیہ خطوط تحریر کیے۔

لجنہ کے علمی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ دوسری جانب ناصرات الاحمدیہ کا اجتماع بھی بھر پور تیاری کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اجتماع گاہ کو بینر کے ذریعہ خوبصورتی سے سجایا گیا۔ ناصرات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اردو اور ڈچ تقاریر، پریزنٹیشنز اور دینی معلومات کے مقابلہ جات شامل تھے۔ صنعت و دستکاری کے تحت بھی مختلف مقابلہ جات میں ناصرات نے حصہ لیا۔

اجتماع کے دونوں دن آخری اجلاس میں نیشنل صدر صاحبہ نے مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم مکمل کرنے والی، لفظی ترجمہ کے امتحان میں کامیاب ہونے والی، سپیشل تعلیمی نصاب میں حصہ لینے اور سکول، کالج اور یونیورسٹی کی کامیاب طالبات کو بھی میڈلز اور تعلیمی اسناد دی گئیں۔ بعدازاں اپنی اختتامی تقریر میں نیشنل صدر صاحبہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کو دوبارہ دونوں زبانوں(اردو اور ڈچ) میں سب لجنہ کو پڑھ کر سنایا اور تمام حاضرات اور کارکنات کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع بخیر و خوبی کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع پر بیت النور ننسپیت اور فیئر ہاؤتن دونوں جگہ پر دو دن ممبرات کی رہائش کھانے اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

اجتماع کے موقع پر پہلے دن کی حاضری اللہ تعالیٰ کے فضل سے۳۵۰؍تھی جس میں ۲۵۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور۱۰۰؍ناصرات شامل تھیں۔ الحمدللہ

دوسرے دن کی حاضری ۴۷۶؍رہی جس میں ۳۹۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۸۰؍ ناصرات شامل تھیں ۔

اجتماع کے بعدحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام کو ڈیجیٹل ذریعہ سے سب ممبرات تک پہنچایا گیا۔

اللہ تعالیٰ سب خدمت بجا لانے والیوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہمیں خلیفۃ المسیح کی منشاء کے مطابق بیعت کا صحیح حق ادا کرنے والا اور حقیقی تقویٰ اپنے اندر پیدا کرنے والا بنائے۔ آمین

(مرسلہ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button