یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام نارڈک سپورٹس ٹورنامنٹ کا انعقاد

اللہ تعا لیٰ کےبےحد فضل اور رحم کے سا تھ مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈکو مورخہ ۱۴و۱۵؍ستمبر ۲۰۲۴ء کو نارڈک سپورٹس ٹورنامنٹ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکرم فرید احمد صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ نے نارڈک ممالک کے صدران سے میٹنگز کیں اور اس کا پروگرام ترتیب دیا جس کے بعد ٹورنامنٹ کی انتظامیہ تشکیل دی گئی۔ مکرم رضوان احمد ڈوگر صاحب کو بطور ناظم اعلیٰ خدمت کی توفیق ملی۔

مورخہ ۱۳؍ستمبر بروز جمعہ ہی مختلف ممالک سے خدام بذریعہ جہاز اور کار پہنچنا شروع ہوگئے۔ خدام کی ایک مستعد ٹیم مہمان نوازی پر مامور رہی اور ایئرپورٹ سے بھی مہمانوں کو ریسیو کرنے کے لیے موجود رہے۔ مہمانوں کی رہا ئش کا انتظام حال ہی میں پہلی مسجد کے لیے خرید کردہ عمارت کی با لائی منزل پر موجود کمروں میں کیا گیا تھا۔

اس ٹورنامنٹ کے لیے ناروے سے ۱۹، سویڈن سے۱۴ اور ڈنمارک سے پانچ خدام شامل ہوئے نیز فن لینڈ کے ۵۴؍خدام سمیت کُل ۹۲؍خدام نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ بیشتر خدام نے نہ صرف کھیلوں میں حصہ لیا بلکہ مہمان نوازی، مقابلہ جات، رہا ئش اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر تمام امور بخیر و خوبی سر انجام دیے۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجلس انصار اللہ کا بھی مثالی تعاون ساتھ رہا اور مجلس انصار اللہ کے ۱۴؍ممبران نےضیافت اور امپائرنگ کی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کیں۔فجزاھم اللہ تعالیٰ

افتتاحی تقریب:افتتاحی تقریب نئی خرید کردہ مسجد کی عمارت میں خوبصورتی سے سجے ہوئے ہال میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآ ن کریم، مجلس خدام الاحمدیہ کے عہد اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ نے افتتاحی تقریر میں سب مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ سب بہترین کھیل اور سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں گے۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے شاملین پروگرام کو کچھ نصائح کیں اور اجتماعی دعا کرائی۔ بعد ازاں سب کھلاڑیوں کو آدھے گھنٹے کی مسافت پر واقع سپورٹس ہال لے جایا گیا۔

پہلے دن کرکٹ، فٹ بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور کلائی پکڑنےکے مقا بلہ جات منعقد کروائے گئے۔ جبکہ والی بال کے مقا بلہ جات دوسر ے دن ہو ئے۔ تمام مقابلوں میں کھلاڑیوں نے نہایت جوش و خروش سے حصہ لیا۔ نیز ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انصار اواطفال بھی کافی تعداد میں موجود رہے۔

خدام الاحمدیہ فن لینڈ نے سپورٹس ہال میں کھانے کی مختلف اشیا مثلاً سموسے، دہی بھلے، چاٹ، کباب اور جوس وغیرہ کے سٹال لگائے رکھے جن کو بہت سراہا گیا۔

نارڈک سپورٹس ٹورنا منٹ ۲۰۲۴ء کے نتائج:

فٹ بال: اول: ناروے (A) اور دوم: سویڈن

کرکٹ: اول: سویڈن اور دوم: ناروے (A)

رسہ کشی: اول: فن لینڈ (A) اور دوم: فن لینڈ (B)

ٹیبل ٹینس(ڈبلز): اول: ناروے (A) اور دوم: سویڈن (B)

والی بال: اول: فن لینڈ(A) اور دوم: سویڈن (A)

کلائی پکڑنا: اول:مکرم ابراہیم احمد (سویڈن)، دوم: مکرم رضوان احمدڈوگر (فن لینڈ) اور سوم مکرم عدنان بھٹی (فن لینڈ)

اختتامی تقریب:اتوار کو والی بال کے دلچسپ مقابلوں کے بعد مسجد کی عمارت میں نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ اور سٹیج پر تشریف فرما دیگر مہمانان نے نیچے آ کر مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس مختصر تقریب کے بعد نیشنل صدر صاحب جماعت فن لینڈ نے اپنی اختتامی تقریر میں بہترین ٹورنامنٹ کروانے پر صدر مجلس و مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کا شکریہ ادا کیا نیز کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھانے اور انتظامیہ کو اس پروگرام کو یادگار بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور آخر پر اجتماعی دعا کرائی۔ دعا کے بعد ہال میں موجود تمام شاملین نیز ٹیموں کے گروپ فوٹو ہوئے۔

دیگر ممالک سے آنے والے تمام مہمانوں نے افرادِجماعت فن لینڈ کے ٹیم ورک، لگن اور مہمان نوازی کو بہت سراہا اور تمام انتظامات کی بہت تعریف کی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ جذبے اور بھا ئی چارہ ہمیشہ قا ئم رکھے اور اس میں اضافہ فرماتا جا ئے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button