افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے دو اضلاع کے اجتماعات کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے ویسٹرن صوبے کے دونوں اضلاع کو اپنے اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

نیشنل مجلس مشاورت ۲۰۲۳ء کی منظور شدہ سفارشات کے مطابق جماعتوں کی تقسیم حکومتی ضلعی اور ریجنل تقسیم کے مطابق یکم جولائی ۲۰۲۴ء سے عمل میں آئی۔ تاہم مجلس خدام الاحمدیہ نے ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء کے سال کے آغاز سے ہی مجالس، اضلاع اور علاقہ جات کی تقسیم کر لی تھی۔ امسال پہلی مرتبہ ضلعی سطح پر اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ رُورل ڈسٹرکٹ

مورخہ۲۴و۲۵؍ اگست کو فری ٹاؤن Rural ڈسٹرکٹ نے احمدیہ ایگریکلچرل سیکنڈری سکول نیوٹن میں اپنا اجتماع منعقد کیا۔ اجتماع کا مرکزی موضوع ‘‘اطاعت نظام ذریعہ نجات ہے’’ تھا۔

رجسٹریشن کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز مکرم نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری سیرالیون کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مولوی سلیمان بنگورا صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع کی طرف خدام اور اطفال کو توجہ دلائی۔ اس کے بعد مکرم Jamesکمارا صاحب قائد ضلع نے اجتماع کے آداب اور اہمیت پر تقریر کی۔ دعا کے ساتھ پہلا اجلاس اختتام کو پہنچا۔

علمی مقابلہ جات:دعا کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، اذان، حفظ قرآن، حفظ حدیث، حفظ عہد و حفظ وعدہ اطفال، حفظ قصیدہ، تقریر، مضمون نویسی وغیرہ کے مقابلہ جات ہوئے۔ سات بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد پہلے روز کا دوسرا اجلاس طاہر کوروما صاحب ریجنل قائد کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا جس کے بعد احمدو الفا صاحب نیشنل معتمد نے ایم ٹی اے دیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مولوی عبداللائی عثمان باری صاحب مہتمم تعلیم نے نشہ آور چیزوں کے نقصانات پر تقریر کی اور خدام کو توجہ دلائی کہ بطور احمدی خدام انہیں معاشرہ میں ہر برائی سے بچنا ہے۔ ان کی تقریر کے بعد باقی علمی مقابلہ جات دوبارہ شروع کروائے گئے۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین و مہمانان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، فجر، درس اور انفرادی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ دس سے گیارہ بجے اطفال الاحمدیہ کا اجلاس مولوی عبداللہ کمارا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اختتامی اجلاس:اجتماع کا اختتامی اجلاس ایک بجے شروع ہوا جس کے مہمان خصوصی مکرم عثمان بنگورا صاحب نائب صدر اول تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد قائم مقام ڈسٹرکٹ مشنری صاحب نے خدام کو کچھ نصائح کیں۔ بعد ازاں مکرم قائد ضلع صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور پوزیشن حاصل کرنے والوں میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں حسب روایت مہمانان نے انعامات تقسیم کیے۔ نائب صدر اول نے اپنی اختتامی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

پروگرام کے آخر پر دعا کرائی گئی اور اس کے ساتھ ہی اس دو روزہ بابرکت اجتماع کا اختتام ہوا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد خدام و اطفال اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

اجتماع کی کُل حاضری ۲۵۷؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ اربن ڈسٹرکٹ

مورخہ ۳۱؍اگست تا یکم ستمبر ۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ اربن ڈسٹرکٹ نے مسجد بیت السبوح،کسی ڈاکیارڈ میں اپنا اجتماع منعقد کیا۔ اجتماع کا مرکزی موضوع ‘‘قربانیاں قرب الٰہی کا ذریعہ’’ تھا۔

رجسٹریشن صبح دس بجے سے شروع ہوئی۔ ایک بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنایا گیا اور ساتھ ہی سب خدام نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط لکھے۔

افتتاحی اجلاس: گیارہ بجے پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز مکرم منیر حسین صاحب ریجنل مبلغ فری ٹاؤن سیرالیون کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد ریجنل مبلغ صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع کی طرف خدام اور اطفال کو توجہ دلائی۔ بعد ازاں مولوی عبداللائی عثمان باری صاحب قائد ضلع نے اجتماع کی اہمیت پر تقریر کی اور مکرم ریجنل مبلغ صاحب نے دعا کرائی جس سے پہلا اجلاس اختتام کو پہنچا۔

علمی مقابلہ جات:دعا کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے جو مغرب تک جاری رہے۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اذان، حفظ قرآن، حفظ حدیث، ادعیہ و الہامات، حفظ عہد و حفظ وعدہ اطفال، حفظ قصیدہ، تقریر، مضمون نویسی وغیرہ کے مقابلہ جات ہوئے۔ سات بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد پہلے روز کا دوسرا اجلاس طاہر کوروما صاحب ریجنل قائدکی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جس کے بعد قائد ضلع نے ‘‘انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت’’ پر روشنی ڈالی۔ اور باقی علمی مقابلہ جات دوبارہ شروع کروائے گئے۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین و مہمانان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، فجر، درس اور انفرادی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔

اختتامی اجلاس:اجتماع کا اختتامی اجلاس دو بجے شروع ہوا جس کے مہمان خصوصی محمد مورث کمارا صاحب صدر صاحب خدام الاحمدیہ سیرالیون تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرم سعیدو کانو صاحب (معتمد ضلع) نے اجتماع اور سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی اور حسب روایت مہمانان نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر آپ نے اپنی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور دعا کروائی گئی اور اس کے ساتھ ہی اس دو روزہ بابرکت اجتماع کا اختتام ہوا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد خدام اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔ اجتماع میں کُل حاضری ۲۱۶؍رہی جن میں اطفال ۱۱۴؍اور خدام ۱۰۱؍تھے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ باقی اضلاع کے اجتماعات کو بھی بابرکت اور کامیاب بنائے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button