افریقہ (رپورٹس)

کینیاکے تمام ریجنز میں جلسہ ہائے سیرت النبی ﷺ کا با برکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال کینیا کے کُل بارہ ریجنز کی ۸۵؍جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیے گئے جن میں دو ہزار ۴۱۶؍احمدی احباب کے علاوہ مختلف مذاہب اور مختلف طبقات معاشرہ سے تعلق رکھنے والے ۲۴۸؍مہمانوں نے بھی شرکت کی جن میں سرکاری افسران، سماجی کارکنان اور مختلف مذہبی راہنما بھی شامل تھے۔ مساجد اور جلسوں کے مقامات کو سیرۃ النبیﷺسے متعلق عبارات پر مشتمل بینرز اور جھنڈیوں سے سجایا گیا اور ان جلسوں میں آنحضورﷺ کی شان میں قصیدے اور منظوم کلام پڑھنے کے علاوہ مبلغین، معلمین اور دیگر مقررین نے آنحضرتﷺ کی پاکیزہ زندگی اور درخشندہ سیرت کے مختلف پہلوؤں پر نہایت پُر مغز اور شاندار تقاریر کیں جن میں آپؐ کےاخلاق عالیہ، شمائل حسنہ، آپؐ کی تعلیمات اور آپؐ کی صداقت کے نشانات قرآن و احادیث، صلحائے امت کے ارشادات، حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور آپؑ کے خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں بیان کیے گئے۔

امسال ان جلسوں کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اکثر مقامات پر نو مبائعین نے بھی اپنے پیارے آقا حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سیرت و سوانح پر تقاریر کیں اور نظمیں بھی پڑھیں۔ بعض مقامات پر تو غیر مسلم مہمانوں نے بھی آنحضرتﷺ کی ذات پاک سے متعلق اپنے نیک خیالات کا اظہار کیا۔ اکثر جماعتوں کے ان اجلاسات میں بک سٹال بھی لگائے گئے اور آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریباً تمام مقامات پر جلسوں کے اختتام پر مجلس سوال و جواب رکھی گئی جن میں مبلغین سلسلہ اور معلمین کرام نے حاضرین کے سوالوں کےجواب دیے اور بعض مہمانوں کو کتب سلسلہ کا تحفہ بھی دیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر شاملین کی مہمان نوازی بھی کی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button