یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کے انتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کو اپنا انتیسواں سالانہ اجتماع مورخہ۱۱تا۱۳؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو فیئر ہاؤتن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سال اجتماع کا موضوع ’’دین کو دنیا پر مقدم کرنا‘‘ تھا۔ مکرم وسیم احمد فضل صاحب (مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے) نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔

پہلا دن: مورخہ ۱۱؍اکتوبر کو صبح گیارہ بجے کے قریب خدام کی رجسٹریشن شروع ہوئی۔ دوپہر کے کھانے کے بعد خدام نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کاخطبہ جمعہ سنا اور نماز جمعہ و عصر ادا کیں۔

بعد ازاں تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مرکزی نمائندہ نے لوائے مجلس خدام الاحمدیہ اور مکرم سعید احمد جٹ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈنے قومی جھنڈا لہرایا اور دعا ہوئی۔

پہلا اجلاس:پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم ہبةالنورVerhagenصاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے اپنی تقریر میں تبلیغ، عبادات کے معیار بڑھانے اور جمعہ کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ہٗ مرکزی نمائندہ نے خلافت کی اہمیت کے حوالے سے اپنی گذارشات پیش کیں اور دعا کروائی۔

اس کےبعد علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے مقابلے شامل تھے۔ ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ ۱۰۰؍میٹر، تین ٹانگ دوڑ، fittest خادم، رسہ کشی اور ریلے ریس کے مقابلے شامل تھے۔ شام کے کھانے کے بعد کیمپ فائر کا پروگرام ہوا جسے خدام نے بہت پسند کیا۔ نماز مغرب و عشا٫کی ادائیگی کے ساتھ اجتماع کا پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔

دوسرا دن: اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ نو بجے خدام کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تقاریر کے مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں اردو و ڈچ تقریر اور فی البدیہہ تقریر شامل تھی۔ اس کے علاوہ ورزشی مقابلہ جات میں کک بال اور باسکٹ بال کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا اور پھر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

تربیتی پروگرام: نمازوں کے بعد ایک تربیتی پروگرام ہوا جس میں مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج نے تربیت کے موضوع پر اپنی گذارشات پیش کیں۔ اس کے علاوہ خدام کو نماز باجماعت اور نماز جمعہ پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز خوشگوار عائلی زندگی گزارنے کے حوالے سے بھی نصائح کیں۔ بعدازاں بقیہ علمی اور ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں پیغام رسانی، کسوٹی، اذان اور مشاہدہ و معائنہ کے مقابلہ جات جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں رسہ کشی اور کلائی پکڑنا کے مقابلہ جات شامل تھے۔

شام کے کھانے کے بعد مرکزی نمائندہ کےساتھ ’’ہماری زندگی میں جماعت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر ایک تربیتی نشست ہوئی۔ اس دوران خدام کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ دعا کے ساتھ یہ نشست برخاست ہوئی۔ نماز مغرب و عشا٫ کے بعد خدام اپنی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔ اس طرح اجتماع کا دوسرا دن اختتام پذیر ہوا۔

تیسرا دن: اجتماع کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ نو بجے خدام کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جس میں لانگ جمپ اور کبڈی کا ایک نمائشی میچ شامل تھے۔

مبارک صدیقی صاحب کے ساتھ ایک نشست:اس کے بعد مکرم مبارک صدیقی صاحب کے ساتھ ایک نشست بعنوان ’’خلافت کی برکات‘‘ ہوئی جس میں موصوف نے خلافت کی اہمیت کے حوالے سے شاملین کو چند نصائح کیں اور اسی مناسبت سے اپنا کلام بھی پیش کیا۔ اس نشست میں خدام، اطفال اور انصار کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔

ڈچ خدام کے ساتھ ایک نشست: مکرم امیر صاحب ہالینڈ اور مکرم سفیر صدیقی صاحب مربی سلسلہ کے ساتھ ڈچ خدام کی ایک نشست ہوئی جس میں خدام کو مختلف موضوعات پر اپنے سوالات پیش کرنے کا موقع ملا۔

سٹالز: اجتماع کے دوران مختلف سٹالز لگائے گئے جن میں ہیومینٹی فرسٹ، جماعتی کتب کا سٹال اور انفارمیشن کا سٹال شامل تھے۔ علاوہ ازیں امسال اجتماع میں MKA Lounge بھی شامل کیا گیا تھا۔

اختتامی اجلاس: نماز ظہر و عصر کے بعد اختتامی اجلاس منعقدہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم مبشر احمد صاحب ناظم اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعدازاں علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں مرکزی نمائندہ نے انعاما ت تقسیم کیے۔ اس سال عَلم انعامی کا بھی انعام رکھا گیا تھا جس کی حقدار مجلس ڈین ہاگ ساؤتھ رہی۔ مرکزی نمائندہ کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ اجتماع میں خدام کی حاضری ۵۹۰؍ رہی۔الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ کرے یہ اجتماعات خدام کی روحانی ترقی کا باعث ہوں اور تعلق باللہ میں بڑھانے والے ہوں۔ آمین

(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button