افریقہ (رپورٹس)

نائیجر میں نیشنل ریفریشر کورس برائے مبلغین و معلمین کا انعقاد

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷تا ۸؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو نائیجر کے مبلغین و معلمین کے لیے نیشنل ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔

پروگرام کی تیاری کے ليے کچھ عرصہ قبل ہی کچھ مبلغین اور داعیان کو ریسرچ پیپرز کے موضوعات کے حوالہ سے مطلع کردیا گیا تھا تا کہ تمام محققین ایک تحقیقی و معلوماتی مقالہ کی پیشکش کو یقینی بناسکیں۔

مورخہ ۷؍اکتوبر بروز سوموار صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے اس ریفریشر کورس کا آغاز ہوا۔ اِس کے بعد مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر نے ابتدائی کلمات میں ریفریشر کورس کی اہمیت کے بارے میں اظہار خیال کیا نیز تمام سامعین کو توجہ دلائی کہ مکمل انہماک اور توجہ سے محققین کی پیشکش کو سنیں اور سوالات بھی پوچھیں تا اِن موضوعات کا مکمل علمی احاطہ کیا جاسکے۔

چنانچہ پہلے روز معراج و اسراء، حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کے قبولیت دعا کے واقعات اور واقعہ شق القمر کے حوالے سے مقررین نے اپنے اپنے مقالہ جات پیش کیے۔ مقررین کے اسماء بالترتیب: مکرم حافظ عامر لطیف صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم لامین عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ اور مکرم عبداللہ ثاقب صاحب مبلغ سلسلہ ہیں۔ اسی طرح دوسرے روز ذوالقرنین، آنحضورﷺ بطور مبلغِ اسلام اور احمدیوں کا غیر احمدی اماموں کے پیچھے نمازیں و جنائز نہ پڑھنا کے حوالہ سے تحقیقی مقالہ جات بالترتیب مکرم اعزاز احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم سعید عدیل صاحب مبلغ سلسلہ کی جانب سے پیش کیے گئے۔

ریفریشر کورس کے دوران ہر ایک شامل ہونے والے معلم سلسلہ و مبلغ سلسلہ نے مختلف موضوعات کی مناسبت سے اپنے اپنے سولات پیش کیے جن کے تفصیلی جواب بھی دیے گئے۔ چنانچہ یہ ریفریشر کورس ہر لحاظ سے معلمین و مبلغین کے ليے مفید اور علمی اضافے کا باعث بنا۔ آخر پر مکرم صالح موسیٰ صاحب نائب امیر نائیجر نے اختتامی دعا کرائی۔ نائیجر کے تمام مبلغین و معلمین نے اس ریفریشر کورس میں شرکت کی جن کی کُل تعداد ۳۰؍تھی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button