افریقہ (رپورٹس)

گنی بساؤ میں مبلغین اور معلمین کے لیے دس روزہ نیشنل ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو مبلغین و معلمین کے لیے دس روزہ نیشنل ریفریشر کورس مورخہ ۶تا۱۵؍اکتوبر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اس پروگرام کو منعقد کرنے کا بنیادی مقصد نظام جماعت اور اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم کو معلمین اور علاقہ کے اماموں کے ذہنوں میں ذہن نشین کروانا ہے تا وہ خود بھی اس پر عمل کریں اور اپنے علاقوں کے افرادِ جماعت کی احسن رنگ میں تربیت کر سکیں۔ ملک بھر سے بارشوں کی وجہ سے سفری مشکلات کے باوجود الحمدللہ مبلغین، معلمین، قرآنی ٹیچر اور غیر از جماعت اماموں سمیت ۱۵۰؍سے زائد افراد نے اس ریفریشر کورس میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پروگرام ہر لحاظ سے بابرکت رہا۔ اس پروگرام کے آخری دن دو غیر از جماعت ائمہ کلاسز کے دوران بیعت کرکے جماعت احمدیہ داخل ہوئے۔

ریفریشر کورس کا آغاز روزانہ نماز تہجد سے کیا جاتا جس کے بعد نماز فجر کی ادائیگی اور پھر تفسیر کبیر سے درس دیا جاتا رہا۔ اس کے بعد شاملین کو ناشتہ پیش کیا جاتا اور نو بجے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو جاتا جس میں پہلی کلاس ترتیل القرآن و قواعد القرآن کے حوالے سے تھی۔ اس کے بعد فقہ احمدیہ پڑھائی جاتی اور پھر وقفے کے بعد کلام کی کلاس کا آغاز ہو جاتا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا تعارف پیش کیا جاتا اور پھر نظام جماعت کے متعلق معلومات دی جاتیں۔ آخری کلاس موازنہ مذاہب کی ہوتی تھی جس میں ابطال الوہیت مسیح، ردّ کفارہ، واقعہ صلیب، آنحضورﷺ کی آمد کی پیشگوئیاں اور مسیحؑ کی آمد ثانی جیسے موضوعات شامل تھے۔ تمام کلاسز کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوتا تھا۔ اس کے بعد نماز ظہر ادا کی جاتی اور پھر دوپہر کا کھانا پیش کیا جاتا اور عصر تک آرام کا وقت ہوتا۔ نماز عصر کے بعد مجوزہ عناوین پر درس ہوتا۔ بعد ازاں کھیل اور سیر کا وقت دیا جاتا۔ نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد درس ہوتا اور پھر اس کے بعد ایک گھنٹہ مجلس سوال و جواب منعقد کی جاتی رہی جس میں شاملین کی طرف سے کیے جانے والے سوالوں کے جواب قرآن کریم، احادیث اور تحریرات حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں دیے جاتے رہے۔

روزانہ احباب جماعت کے لیے ایم ٹی اے کے کچھ پروگرامز دیکھنے کا بھی اہتمام کیا جاتا۔ ان دنوں میں تمام شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ بھی براہ راست سنا۔ پروگرام کے آخری دن شاملین نے ایمان افروز واقعات سنائے جس نے تمام حاضرین میں ایمان و ایقان کی ایک نئی روح پھونک دی۔

اختتامی تقریب میں مکرم محمد احسن میمن صاحب مبلغ انچارج نے جماعت میں شامل ہونے کے بعد عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ علاوہ از ایں ’’اِنّيْ مُهِيْنٌ مَّنْ اَرَادَ اِهَانَتَكَ وَاِنِّيْ مُعِيْنٌ مَّنْ اَرَادَ اِعَانَتَكَ ‘‘کے موضوع پر اپنی گزارشات پیش کیں۔

اللہ تعالیٰ سب شاملین کو بہترین جزا عطا فرمائے اور خلافت کا حقیقی سلطان نصیر بنائے۔ آمین

(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button