متفرق شعراء

رہے گھر خدایا یہ آباد تیرا

حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ کا سفر یورپ اور لنڈن میں مسجد کی بنیاد رکھنا

یہ نظم مسجد احمدیہ لنڈن کی بنیاد رکھنے کے موقع پر حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ کے حضور پڑھی گئی

مبارک ہو محمود لندن میں آنا

مبارک ہو یوروپ میں مسجد بنانا

تیرا سنگِ بنیاد رکھنا مبارک

مبارک مسیحا کا دنیا میں آنا

مبارک ہو محمود لنڈن میں آکر

پرستارِ باطل کو مذہب سکھانا

خدائی کا دعویٰ جنہیں ہے جہاں میں

انہیں آ کے باتیں خدا کی بتانا

ہے لنڈن کو زیبا یہ مسجد عمر کی

کہ فاروق کا آ گیا پھر زمانا

مزے لوٹ لو حسنِ یوسف کے پیارو

نہیں ایسا جلوہ نظر تم کو آنا

تمہیں یاد آئے گی حسرت سے اس کی

گئے وقت نے پھر نہیں ہاتھ آنا

یہ بیٹھا نبیوں کا شیرِ خدا ہے

ہے باطل کو دنیا سے اس نے مٹانا

جو ترچھی نظر سے اسے تم نے دیکھا

خدا کے غضب نے ہے بجلی گرانا

نہاں اس میں طاقت ہے کچھ اور ہاں ہاں

ذرا ہوش سے تیر اس پر چلانا

کرو کوششیں اپنی بےشک زیادہ

لگا لو جو ہو زور تم کو لگانا

کسر کوئی باقی نہ رہ جائے ہرگز

ستا لو ہمیں تم ہے جتنا ستانا

مگر یاد رکھنا خبر لیں گے ایسی

تمہیں بھول جائے گا باتیں بنانا

کہو حاسدو تم خوشی سے جو چاہو

تمہیں دن بدن ہے خدا نے جلانا

نئی نت خوشی ہو ہمیں اے خدایا

ہماری ظفر کے تو پرچم اڑانا

رہے گھر میں دشمن کے ماتم ہمیشہ

ہمیں روز خوشیوں کے دن تم دکھانا

رہے گھر خدایا یہ آباد تیرا

محبت سے اپنی تو اس کو بسانا

محمد کی امت کا ہو فخر یہ گھر

مسیحا کی یاں پر کرامت دکھانا

سعادت سے تقویٰ سے بھر جائے دنیا

ہمیں تم نہ پیارے کبھی آزمانا

رسولِ خدا کی ہوئی بات پوری

مبارک ہو مغرب میں سورج چڑھانا

کرے سارے یورپ کو روشن یہ سورج

دیا گھر کا اپنے نہ یا رب بجھانا

جدائی میں دامن بھگویا کرینگے

پسند آگیا ہے انہیں چھوڑ جانا

گذر جائیں خدمت میں دن یہ ہجر کے

دعاؤں میں اپنی نہ مجھ کو بھلانا

نکل کر بھلا دل سے اس کے بتا تو

ترا دردؔ ہے پھر کہاں پر ٹھکانا

( جناب مولوی عبد الرحیم صاحب درد ایم اے مبلغ لنڈن)

(الفضل قادیان ۲۵ نومبر ۱۹۲۴ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button