حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: پاکستان نے ۲۲سال بعدآسٹریلوی سرزمین پرایک روزہ بین الاقوامی سیریز جیت لی۔پرتھ کے میدان پرہونے والے فیصلہ کن مقابلہ میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی فاسٹ باؤلرزکے سامنے بے بس نظر آئی اورمحض ۱۴۰؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف دووکٹوں کے نقصان پر ستائیسویں اوورمیں حاصل کرلیا۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈپرکھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ بقیہ دو میچوں میں پاکستان نے شاندارکھیل پیش کرتے ہوئے عالمی چیمپئن کےخلاف تاریخی کامیابی حاصل کی۔

ایڈیلیڈ اوول میں ہونے والے دوسرے میچ میں آسٹریلوی ٹیم ۱۶۳؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی اور پاکستان نے ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پوراکیا۔نوجوان بلےباز صائم ایوب نے ۷۱گیندیں کھیل کر۸۲؍رنزکی لاجواب باری کھیلی۔حارث رؤف نے شاندارگیندبازی کی اورپانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ اس سیریز میں پاکستانی فاسٹ باؤلرزنے مجموعی طور پر ۲۶؍وکٹیں حاصل کیں۔حارث رؤف آخری دومقابلوں میں پلیئر آف دی میچ قرار پانے کے علاوہ سیریزکے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے،انہوں نے پہلے میچ میں تین ،دوسرے میں پانچ اورفیصلہ کن مقابلہ میں دووکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان بمقابلہ بنگلہ دیش:شارجہ میں ہونے والی تین ایک روزہ میچزکی سیریزمیں افغانستان نے دو،ایک سے کامیابی حاصل کرلی۔ افغانستان نے پہلے میچ میں ۹۲؍رنزسے کامیابی سمیٹی جبکہ دوسرا مقابلہ بنگلہ دیش نے ۶۸؍رنزسے جیتا۔آخری میچ میں افغانستان نے ۲۴۵؍رنزکاہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پوراکیا۔رحمان اللہ گربازنے ۱۰۱؍جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے ناٹ آؤٹ ۷۰؍رنزکی اننگزکھیلی۔افغانستان کے محمدنبی سیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں لیورپول نے آسٹن ولا کے خلاف ۲۔صفر سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ برائٹن نے مانچسٹر سٹی کو ایک کے مقابلہ میں دوگول سے ہرایا۔دیگر میچز میںمانچسٹریونائیٹڈنے لیسٹر سٹی کو۳۔صفر،نیوکاسل نے ناٹنگھم فاریسٹ کو۳۔۱؍اور اپسوِچ نے ٹوٹینھیم کو۲۔۱؍سے شکست دی۔چیلسی اور آرسنل کا مقابلہ ایک ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔ رواں سیزن میں گیارہ میچز میں ۲۸؍پوائنٹس کے ساتھ لیورپول کلب پہلے نمبرپر ہے۔مانچسٹرسٹی کے Erling Haalandمجموعی طورپر۱۲؍گول اسکورکرکے سرفہرست ہیں۔

فارمولاوَن کارریسنگ:۳؍نومبرکوساؤپاؤلو میں ہونے والی برازیلین گراں پری نیدرلینڈزکے Max Verstappen نے جیت لی۔انہوں نے۴.۳۰۹؍کلومیٹرٹریک پر۷۱؍چکروں کی ریس دو گھنٹے چھ منٹ اور۵۴؍سیکنڈمیں مکمل کی۔ الپائن کے فرانسیسی ڈرائیورز Esteban OconاورPierre Gaslyنے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ساؤپاؤلومیں بارش کے باعث اکثرڈرائیورحادثات کا شکار ہوکرریس سے باہر ہوئے۔

ٹینس:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی WTA Finalsچیمپئن شپ کے ویمنز سنگلزکا ٹائیٹل امریکہ کی Coco Gauffنے جیت لیا۔فائنل میں۲۰؍ سالہ امریکی کھلاڑی نے چین کی Zheng Qinwenکے خلاف ۳۔۶، ۶۔۴ اور۷۔۶؍سے کامیابی حاصل کی۔ویمنز ڈبلزایونٹ میں کینیڈا کی Gabriela Dabrowskiاورنیوزیلینڈ کی Erin Routliffe فاتح رہیں۔

بیس بال:۷تا۱۰؍نومبر۲۰۲۴ء دبئی میں ہونے والا بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک ٹورنامنٹ پاکستان نے جیت لیا۔ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم نے فائنل میں میزبان متحدہ عرب امارات کو ۱۲۔ایک کے اسکور سے شکست دی۔اس ٹورنامنٹ میں نوممالک نے شرکت کی۔ابتدائی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش، یواے ای، بھارت اورافغانستان کو شکست دی۔سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ یواے ای نے فلسطین کے خلاف کامیابی حاصل کی ۔

(’ن م طاہر‘)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button