یورپ (رپورٹس)

سویڈن کی سب سے بڑی کتابوں کی نمائش میں جماعت احمد یہ کا سٹال

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

سویڈن کے دوسرے بڑے شہر گوتھن برگ میں ہر سال ایک انتہائی اہم اور معروف کتابوں کی نمائش منعقد ہوتی ہے جس کا آغاز ۱۹۸۴ء میں ہوا تھا۔ جماعت احمدیہ سویڈن کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ بیس سال سے زائد عرصہ سے اس نمائش میں شرکت کا موقع مل رہا ہے جہاں جماعتی سٹال کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ چار روزہ نمائش ہر سال ہزاروں زائرین کو علم اور مکالمے کی طرف راغب کرتی ہے اور منتظمین کے اندازے کے مطابق اس دوران ۸۰؍ہزار سے ایک لاکھ افراد یہاں کا دورہ کرتے ہیں۔ امسال بھی یہ نمائش مورخہ ۲۶تا۲۹؍ستمبر کو بھرپور انداز میں منعقد ہوئی۔

امسال گوتھن برگ کتابی نمائش کا مرکزی موضوع ’’سپیس‘‘ یعنی ’’خلا‘‘ تھا اور اس موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ سویڈن کی جانب سے سٹال کی تیاری کے لیے متعدد میٹنگز منعقد ہوئیں۔ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت جماعت سویڈن، مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن اور مکرم عطا الٰہی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے باہم مشورے سے جماعتی سٹال کا مرکزی موضوع ’’قرآن اور سائنس‘‘ منتخب کیا۔ ساتھ ہی ہماری مقبول عام مہم ’’Ask A Muslim‘‘ کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس مقصد کے تحت دو بڑے بینرز تیار کیے گئے جو سٹال پر نمایاں طور پر آویزاں کیے گئے تھے۔ ایک بینر پر قرآن کریم کی سپیس اور سائنس سے متعلق آیات درج کی گئی تھیں جبکہ دوسرے بینر پر ان ۱۰۰؍سے زائد مقامات کے نام شامل کیے گئے جہاں ہم ’’Ask A Muslim‘‘ مہم کے تحت دورے کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا ہیڈلائنز بھی درج کی گئیں جن میں جماعت احمدیہ کی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کاوشوں کو سراہا گیا تھا۔

نمائش کے چاروں دن جماعت احمدیہ کے مبلغین مکرم آغا یحییٰ خان صاحب، مکرم کاشف محمود ورک صاحب، مکرم مصعب رشید صاحب اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) سٹال پر موجود رہے اور آنے والے مہمانوں کے سوالات کے جواب دیتے رہے۔ اسی طرح ایک نومبائع خادم Alexander Svensson صاحب اور مکرم شازل احمد افضل صاحب نے بھی مالمو جماعت سے دو دن تک سٹال پر ڈیوٹی دی۔ مکرم امیر صاحب، مکرم رضوان الٰہی صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن، مکرم عطا الٰہی صاحب، بعض نوجوانوں اور لجنہ اماء اللہ کی بعض ممبرات نے بھی اس دوران سٹال پر اپنے فرائض انجام دیے۔

گذشتہ سال کی طرح امسال بھی سٹال پر مختلف ڈسکشن کے پروگرام رکھے گئے جن میں مہمانوں کو بلایا گیا۔

مورخہ ۲۶؍ستمبر بروز جمعرات ایک ڈسکشن پروگرام ہوا جس میں چاروں مبلغین نے Ask A Muslimمہم کے بارے میں بتایا۔ اس مہم کے دوران عموماً پوچھے جانے والے سوالات کا ذکر ہوا۔ اسی طرح لوگوں کے اس مہم کو پسند کرنے کے بارے میں بھی بات ہوئی۔

مورخہ ۲۷؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک ان عناوین پر متعدد علمی و ادبی شخصیات کے ساتھ ڈسکشن پروگرامز ہوئے: خلا اور مذہبی صحیفے، انسانی زندگی میں روحانیت کا مقام، امیگرینٹس کے تناظر میں اسلام کو مغربی ثقافت کے مطابق ڈھلنا چاہيے اور غزہ کی جنگ اور انسانی حقوق کے بارے میں دوہرا معیار۔

سٹال پر آنے والے بیشتر لوگوں نے جماعت احمدیہ کی موجودگی کو نہ صرف سراہا بلکہ سٹال پر رک کر اسلام سے متعلق مختلف سوالات کے جواب حاصل کیے۔

کتابوں کی نمائش میں بعض کتب خاص طور پر لوگوں کی توجہ کا باعث بنیں اور بڑی تعداد میں تقسیم کی گئیں۔ ان میں سے چند ایک درج ذیل ہیں: لائف آف محمدﷺ، عالمی بحران اور امن کی راہ، محمدﷺ عورتوں کو آزادی دلانے والے، قرآن کریم کے نسخہ جات سویڈش ترجمہ کے ساتھ۔ اس کے علاوہ دوسری متفرق کتب بھی تقسیم کی گئیں۔ سٹال کے پاس جماعتی فولڈرز بھی ایک ہزار کی تعداد میں تقسیم کیے گئے۔

نمائش پر آنے والے بہت سےپادریوں، لیکچررز، اور مصنفین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جماعت احمدیہ کے سٹال پر نہ صرف اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا بلکہ مستقبل میں تعاون کا بھی یقین دلایا۔ بعض اساتذہ نے اپنے طلبہ کے ساتھ مسجد کا دورہ کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اسی طرح بعض اور افراد نے بھی مسجد آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سالانہ نمائش پر جماعت احمدیہ کا سٹال بہت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے اور ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں اسلام کی خوبصورت تعلیمات لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرماتا چلاجائے۔ آمین

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button