یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں احمدیہ مساجد و نماز سنٹرز میں مہمانوں کی آمد

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

۳؍اکتوبر کا دن جرمنی کے ليے بڑی خصوصیت اور اہمیت کا حامل ہے اس دن کو دیوارِ برلن گرنے اور مغربی اور مشرقی جرمنی کے ادغام کی علامت کے طور پر بڑی شان وشوکت سے منایا جاتا ہے۔ ہم احمدی بھی جذبۂ حب الوطن من الایمان کے تحت اس دن اپنی مساجد میں اہالیان یورپ اور دیگر اقوام و مذاہب کی خواتین وحضرات کو مدعو کرتے ہیں۔ اس طرح انہیں جماعت احمدیہ سے متعارف کرانے اور مساجد دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

جماعت Frankfurt
جماعت Bochum

۱۹۹۷ء سے جماعت احمدیہ جرمنی ۳؍اکتوبر کو اپنی تمام مسا جد میں Open Mosque Day منانے کی توفیق پارہی ہے۔ الحمدللہ۔ امسال جلسہ سالانہ جرمنی سے قبل مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۴ءکو اس پروگرام کے ڈیجیٹل دعوت نامے تیار کرکے مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی طرف سے ہدایات پر مشتمل ایک سرکلر کے ساتھ تمام مساجد اور کشادہ نماز سنٹروں کو بھجوائے گئے۔

جماعت Dietzenbach
جماعت Weingarten

امسال جرمنی کی ۵۶؍مساجد اور ۲۶؍نماز سنٹرز میں یہ پروگرام منعقد ہوئے۔ تمام مساجد اور نماز سنٹرز کی وقار عمل کے ذریعے تزئین وآرائش کی گئی۔ مہمان فیملیز کی دلچسپی کے ليے مختلف انتظامات کیے گئےتھے۔ لجنہ اماءاللہ جرمنی کی طرف سے بچیوں کے ليےکیلی گرافی اور ڈرائنگ کرنے کی چیزوں کا انتظام کیا گیا۔ بچوں کی کھیل کود کے ليے اہتمام کیا گیا اور بڑوں کے ليے جماعت احمدیہ کا تعارف کرانے کے ليے خوبصورت انداز میں اسلام نمائش اور بک سٹالز لگائے گئے۔ نیز مہمانوں کے ليے وقت کی مناسبت سے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

جماعت Wiesbaden
جماعت Florstadt

صبح دس بجے تا شام چھ بجے مساجد و نمازسینٹرز میں مہمانوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہا۔ موسم کی خرابی کے باوجود امسال تقریباً چار ہزار مہمانوں کو اسلام احمدیت کا تعارف کرانے کے ليے مقامی مربیان سلسلہ کے علاوہ بعض ایسے نوجوان جنہیں دینی علم کے ساتھ ساتھ جرمن زبان پر بھی عبور حاصل ہے ڈیوٹی پر موجود رہے۔

اس پروگرام کے انعقاد اور ہر خاص و عام کواس کی دعوت دینے کے ليے جرمنی کے بعض ریڈیو اور ٹی وی چینلز نے بھی اس پروگرام کی تشہیر کی۔ چار مختلف ٹی وی چینلز نے چھ منٹ سے زیادہ کی خبریں نشر کیں۔ نیز اس پروگرام کے حوالے سے جرمنی بھر کی مختلف مقامی ونیشنل سطح کے اخبارات نے پروگرام سے پہلے بھی اور بعد میں بھی خبریں شائع کیں۔ تقریباً ۶۰؍کے قریب پرنٹ و آن لائن اخبارات نے جماعت احمدیہ کی مساجد کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔ امسال سوشل میڈیا پر خصوصی مہم چلائی گئی جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔

جماعت Rödermark

اس موقع پر مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ جرمنی خدام الاحمدیہ کے ساتھ بین المساجد سائیکل سفر پر روانہ ہوئے۔ اسی طرح مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے بعض جماعتوں کا دورہ کیا۔ نیشنل سیکرٹری تبلیغ بھی اپنی ٹیم کے ساتھ شام تک متعدد مساجد و نماز سنٹرز میں گئے اور اس پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آنے والے معزز مہمانوں کے ساتھ وقت گزارا اور مقامی احباب جماعت کی حوصلہ افزائی کی۔

جماعت Rodgau

امسال بعض مساجد نے پینل ڈسکشن اور مختلف لیکچرز کا بھی اہتمام کیا ہوا تھا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیاب رہا۔ میڈیا نے بھی اس موقع پر مثبت خبریں اور تجزیے پیش کیے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح معنوں میں خلافت احمدیہ کا سلطان نصیر بنائے رکھے اور تبلیغ اسلام کی توفیق عطافرماتا رہے۔آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button