افریقہ (رپورٹس)

کانگو کنشاسا کے ریجن Kikwitکی فضل عمر تربیتی کلاس کا انعقاد

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

مکرم عطاء القیوم صاحب ریجنل مبلغ Kikwit، کانگوکنشاسا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ریجن Kikwit کو تیسری فضل عمر تربیتی کلاس مورخہ ۶ تا ۱۵؍ستمبر۲۰۲۴ء کو بمقام Kenge منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کلاس میں Kengeسمیت ۱۵؍جماعتوں نے شرکت کی۔ اس کلاس کا مقصد نئی جماعتوں میں امام تیار کرانا اور جماعتی معلومات فراہم کرنا اور ان کی تربیت کرنا تھا۔ اس کلاس کا تمام کورس دو معلمین، مکرم Isa Museju صاحب اور مکرم Ilfan Mabuma صاحب نےپڑھایا۔

نصاب تربیتی کلاس:اس کلاس کے نصاب میں قاعدہ یسرنا القرآن، نماز، قرآن مجید کی آخری دس سورتیں، خطبہ اولیٰ و ثانیہ برائے جمعہ اور بعض بنیادی دعائیں شامل تھیں۔

اس کے علاوہ کلاس میں فقہ، کلام، حدیث، دینی معلومات، جماعتی نظام اور جماعتی عقائد کے بارے میں پڑھایا گیا۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خط لکھنا اور اس کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

امتحان: مورخہ ۱۴؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز ہفتہ نماز عصر کے بعد اس کلاس کا تحریری اور پھر بعد میں طلبہ کا زبانی امتحان بھی لیا گیا۔

اختتامی تقریب: تقریب کے مہمان خصوصی مکرم انس محمد Musuصاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کانگو کنشاسا تھے جو مکرم کلیم اللہ صاحب مبلغ سلسلہ کے ہمراہ Kengeتشریف لائےتھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ Isa Musejo صاحب معلم سلسلہ نے تربیتی کلاس کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب نے خدا تعالیٰ سے تعلق اور قرآن مجید پڑھنے کی اہمیت نیز ذیلی تنظیموں اور ان کے چندہ جات کے حوالے سے تقریر کی۔ اس کے بعد آپ نے پہلی چار پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور دیگر طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ بعد ازاں خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کو تحفہ پیش کیا۔ آخر پر مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے اختتامی دعا کرائی اور تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں اس کلاس کے مقصد کو پانے کی توفیق دے اور مزید احسن رنگ میں خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(مرسلہ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button