ایشیا (رپورٹس)

قادیان دارالامان میں مجلس خدام الاحمدیہ ومجلس اطفال الاحمد یہ بھارت کے سالانہ مرکزی اجتماع کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قادیان دارالامان میں مورخہ ۲۵، ۲۶ اور ۲۷؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کا ۵۴واں اور مجلس اطفال الاحمدیہ کا ۴۵واں سالانہ اجتماع مرکز احمدیت قادیان میں شایان شان طریقے سے منعقد کیا گیا۔ اس اجتماع میں شرکت کے لیے ہندوستان کے طول و عرض سے ۹۰۰سے زائد خدام و اطفال قادیان تشریف لائے۔ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امسال مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کے سالانہ اجتماع کا مرکزی موضوع ’’اصلاح اعمال‘‘ مقرر فرمایا تھا۔

اس اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ ۲۵؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی زیرصدارت منعقد کی گئی جس میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا روح پرور پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کی سالانہ کارگزاری رپورٹس پیش کی گئیں۔

اس سہ روزہ اجتماع کی اختتامی تقریب زیر صدارت محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) منعقد کی گئی۔

محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی مجلس کو علم انعامی سے نوازا۔ اسی طرح ابتدائی دس پوزیشنز حاصل کرنے والی مقامی مجالس اور ۵ضلعی قیادتوں کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دستخط فرمودہ سندات سے نوازا۔ اطفال الاحمد یہ میں اول آنے والی مجلس کوبھی محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے علم انعامی سے نوازا۔

Beacon of Youth کے نام سے ایک خصوصی ہال قائم کیا گیا تھا جس میں مختلف ورک شاپس منعقد کی گئیں اور علماء نے مختلف عناوین کے تحت معلوماتی ڈسکشن پروگرام پیش کیے۔ اختتامی نشست میں محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے اجتماعی دعا کرائی جس کے ساتھ اجتماع کے پروگرامز اختتام پذیر ہوئے۔

اس سہ روزہ اجتماع کے موقع پر خدام واطفال کے مابین مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے جن میں خدام و اطفال نے ذوق وشوق سے حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے خدام و اطفال کے مابین انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button