یورپ (رپورٹس)

سکاٹ لینڈ ریجن، برطانیہ کی حالیہ چند تبلیغی سرگرمیاں

(ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گلاسگو)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ ریجن، برطانیہ کے احباب کو گذشتہ دو ماہ کے دوران چند تبلیغی پروگرام مرتب کرنے کی توفیق ملی جن کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

کافی مارننگ۔ ایڈنبرا: مورخہ ۲۱؍ستمبر ۲۰۲۴ء کو Dunfermline, Fife میں کافی مارننگ کا انتظام کیا گیا جس میں درج ذیل سیاسی شخصیات نے شرکت کی:Graeme Downie MP، Cllr Gordon Pryde اور Cllr Cara Hilton۔

پروگرام کے دوران ان سیاسی شخصیات کو جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرنے کے علاوہ ان کے ساتھ اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ سکاٹ لینڈ کی جماعت ایڈنبرا کےليےکوئی مناسب عمارت وہاں کی کونسل کے تعاون سے حاصل کی جائے جو مسجد کے طورپر استعمال ہوسکے۔

روٹری کلب سکاٹ لینڈ: مورخہ ۲۲؍ستمبر۲۰۲۴ء کومجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ، لجنہ اماءاللہ سکاٹ لینڈ کی ممبرات اور روٹری کلب سکاٹ لینڈ کے رضاکاروں کا ایک گروپ Kirkintilloch میں Whitegates Parkکی صفائی کے لیے اکٹھا ہوا۔ جماعت احمدیہ کے روٹری کلب کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور اس کلب کے ممبر جماعت سکاٹ لینڈ کے پروگرامز میں شامل ہوتے رہتے ہیں۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس صفائی کے کام میں چالیس سے زائد شرکاء نے باہمی تعاون سے کام کیا۔ صفائی کی اس مہم میں احباب جماعت اپنی مخصوص جیکٹس کی وجہ سے آسانی سے پہچانے جا سکتے تھے جو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ اور احمدیہ مسلم کمیونٹی سکاٹ لینڈ کے لوگو سے مزین تھیں۔ اس مہم میں مقامی ممبر آف پارلیمنٹ Susan Murray MPنے بھی شرکت کی اور جماعت احمدیہ سکاٹ لینڈ کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس صفائی مہم کا شکریہ ادا کیا اور مقامی اخبار The Herlad Kirkintilloch نے اس مہم کے رضاکاروں کی تصاویر اور رپورٹ بھی شائع کی۔

جرمن یونیٹی ڈے، ایڈنبرا: مورخہ ۲؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو مکرم ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے سٹی چیمبرز، ایڈنبرا میں جرمن یونیٹی ڈے کے استقبالیہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر German Ambassador Miguer Berger اور Consul General Chistiane سے ملاقات ہوئی۔ علاوہ ازیں اس تقریب میں ہندوستان کے نئے قونصل جنرل، یوکرین، امریکی قونصل خانے کے افسران، دفتر خارجہ اور کئی دیگر معززین سے ملاقات کا بھی موقع ملا اور انہیں جماعت کے پروگرام میں مدعو کیا گیا۔

ایڈنبرا کے نواحی گاؤں میں تبلیغی سرگرمیاں: ماہ ستمبر اور اکتوبر۲۰۲۴ء میں ریجنل امیر سکاٹ لینڈ اور مکرم داؤد قریشی صاحب مربی سلسلہ ایڈنبرا و ڈنڈی نے اپنی ٹیم کے ساتھ ایڈنبرا کے مختلف نواحی علاقہ جات کے دورے کیے اور جماعتی لیفلیٹس، کتب اور ہیو مینٹی فرسٹ کے تحت امداد تقسیم کی۔ Fife کے درج ذیل علاقہ جات میں لیفلیٹس اور امداد تقسیم کی گئی: Pittencrief Park Dunfermline, Segal House Dunfermline اور Townhill۔

ایڈنبرا میں صفائی مہم: مورخہ ۲۱؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو ایڈنبرا اور فائف کے احمدی احباب نے The Water of Leith Conservation Trust کے ساتھ مل کر مقامی پانی کے تالاب اور اردگرد کے علاقوں کی صفائی کا اہتمام کیا۔ اس مہم میں چھ احباب جماعت نے ٹرسٹ کے دوسرے رضاکاروں کے ساتھ دو گھنٹے کا وقت دیا۔

بی بی سی سکاٹ لینڈ کا دورہ: یکم نومبر۲۰۲۴ء کو مکرم ریجنل امیر صاحب سکاٹ لینڈ اور مکرم عثمان سعید صاحب صدر جماعت احمدیہ ایڈنبرا نے بی بی سی سکاٹ لینڈ کے دفاتر کا دورہ کیا اور Ailsa MacIntosh سے ملاقات کی جو ایک پالیسی ایڈوائزر ہیں۔ ملاقات میں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور موصوفہ کو لیفلیٹس پیش کیے گئے نیز انہیں جماعت کے آئندہ پروگرامز میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی گئی۔

گلاسگو میں بھی مختلف تبلیغی سرگرمیاں جاری رہیں اور ایک مہینہ کے دوران تین ہزار سے زائد لیفلیٹس تقسیم کیے گئے اور تبلیغ سٹالز کا بھی انتظام کیا گیا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button