یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ فن لینڈ کی ہیلسنکی کتاب میلہ میں شرکت

الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے شعبہ اشاعت کو شعبہ تبلیغ کے تعاون سےمورخہ ۲۴تا۲۷؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی (Helsinki) کے سب سے بڑے بُک فیئر منعقدہ Messukeskusمیں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ فن لینڈکے اس سب سے بڑے کتاب میلہ میں اس سال تقریباً ۹۸؍ہزار افراد نے شرکت کی جو پچھلے سال کی نسبت گیارہ فیصد زائد تھے۔

اس موقع پر نیشنل شعبہ امور خارجیہ نے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی جو کہ بُک فیئر کی انتظامیہ نے فنش و انگریزی دونوں زبانوں میں اپنی ویب سا ئٹ پر شائع کی جس کی وجہ سے بھی بہت سے لوگوں تک اس کی معلومات پہنچیں۔

سٹال کے افتتاح کے بعد چار دن تک مختلف اوقات میں جماعت کے کئی احباب کو سٹال پر ڈیوٹیز دینے اور پیغام حق پہنچانے کی توفیق ملتی رہی۔ نیز مکرم شاہدمحمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج بھی مختلف اوقات میں سٹال پر موجود رہے۔ مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم اس سٹال کی زینت بنے۔ اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر مشتمل حضرت اقدس مسیح موعودؑ، خلفائے کرام اور جماعت کی انگریزی میں شائع کردہ کتب کو بھی بک سٹال پر رکھا گیا جن میں سے اکثر مفت بھی تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح چند کتب سویڈش زبان میں بھی تقسیم کی گئیں۔

لوگوں نے سب سے زیادہ دلچسپی حال ہی میں شائع کردہ فنش زبان میں قرآن کریم کے ترجمہ میں دکھائی۔ بہت سے افراد نے بہت شوق سے قرآن کریم کو دیکھا اور سوالات کیے۔ ۲۶؍افراد نے قرآن کریم لینے کی درخواست بھی کی۔ اس کے علاوہ سٹال پرعربی خطاطی کا بھی انتظام کیا گیا تھا جومختلف افراد کے لیے باعث کشش رہا اور لوگ اپنے نام عربی میں لکھوا کر ساتھ لے جاتے رہے۔

بک سٹال پر آنے والے زائرین کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی جن میں ہستی باری تعالیٰ، دعویٰ مسیح موعودؑ، وفات مسیحؑ، خلافت، دورِ حاضر میں اسلام اور دنیا کے موجودہ حالات شامل تھے۔

الله تعا لیٰ کے فضل سے بُک فیئر پر لگایا جانے والا یہ سٹال جماعتی تعارف اور تبلیغ کا ایک بڑا ذریعہ بنا اور بہت کامیاب رہا، ۲۲؍قرآن کریم کے نسخہ جات، ۱۷۴؍کتب نیز ایک ہزار کے قریب تبلیغی بروشرز لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔ الله تعالیٰ اس بُک فیئر کے نیک نتائج ظاہر فرمائے اور سعید روحوں کو سلسلہ عالیہ احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق دے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button