آسٹریلیا (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی بتیسویں مجلس شوریٰ اور سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(ثاقب محمود عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آسٹریلیا)

مجلس شوریٰ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۷؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو صبح دس بجے مسجد بیت الہدیٰ سڈنی میں مجلس انصار اللہ آسٹریلیا کی مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس مکرم عبدالجمیل مبشر صاحب صدر مجلس انصار اللہ آسٹریلیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم کے ساتھ شروع ہوا۔ بعد ازاں صدر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ اس کے بعد قائد عمومی مکرم محمود عباسی صاحب نے مجلس شوریٰ کی تجاویز پڑھ کر سنائیں۔ بعدازاں تربیت اور مال کے لیے سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

دوسرا اجلاس: سوا گیارہ بجے دوسرا اجلاس مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر مجلس اور نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ کا انتخاب ہوا۔ نیز صدر اجلاس نے شوریٰ کی اہمیت بیان کی۔

اس کے بعد وقفہ برائے نماز وطعام ہوا۔ ظہرانے کے بعد سب کمیٹیوں کی میٹنگ ہوئی۔

شام ساڑھے چار بجے مجلس شوریٰ کا آخری اجلاس صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد قائد مال مکرم طاہر محمود رانا صاحب نے شعبہ مال ۲۰۲۳ء کی تجویز پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ پھر قائد تربیت مکرم احتشام احمد صاحب نے تجاویز برائے تربیت ۲۰۲۳ء پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد سب کمیٹی برائے مال ۲۰۲۴ء کی سفارشات سیکرٹری کمیٹی مکرم مبشر احمد خالد صاحب نے مجلس شوریٰ کے سامنے پیش کیں اور ان سفارشات پرشوریٰ ممبران کو رائے دینے کی دعوت دی گئی۔

سب کمیٹی برائے تربیت ۲۰۲۴ء کی سفارشات سیکرٹری کمیٹی مکرم احتشام احمد صاحب نے مجلس شوریٰ کے سامنے پیش کیں اور شوریٰ ممبران کو اس پر رائے دینے کی دعوت دی گئی۔

دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ کا اختتام ہوا۔

سالانہ نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ آسٹریلیا

اجتماع کا پہلا دن۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ آسٹریلیا کا سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۱۸تا ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۴ء مسجد بیت الہدیٰ سڈنی میں منعقد ہوا۔

تقریب پرچم کشائی: مورخہ ۱۸؍اکتوبر کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب نے لوائے انصار اللہ جبکہ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ آسٹریلیا نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد مکرم صدر صاحب نے دعا کرائی۔

افتتاحی اجلاس: تقریباً اڑھائی بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس شروع ہوا جس کی صدارت مکرم صدر مجلس انصارالله نے کی اور ان کے ساتھ مرکزی نمائندہ بھی تشریف فرما تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کرائی۔

دوسرا اجلاس (تربیتی اجلاس): ساڑھے تین بجے سہ پہر اجتماع کا دوسرا اجلاس مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم عطاء الرحمٰن مقبول صاحب نے انگریزی میں ’’خلافت کی اطاعت‘‘ کے موضوع پر اور مکرم شجر احمد صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصارالله نے ’’اَنَّ الۡاَرۡضَ یَرِثُہَا عِبَادِیَ الصّٰلِحُوۡنَ‘‘ ترجمہ: لازماً موعود زمین کو میرے صالح بندے ہی ورثہ میں پائیں گے، کے موضوع پر اردو میں تقاریر کیں۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے تقریر کی اور دعا کرائی۔

تیسرا اجلاس: اجتماع کے تیسرے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، حفظ حدیث، نظم اور بیت بازی کے مقابلہ جات منعقد کرائے گئے۔

نماز مغرب و عشاء اور عشائیہ کے بعد انصار کے ليے ان ورکشاپس کا انتظام کیا گیا تھا: اپنا بزنس کیسے شروع کیا جائے، بلڈ پریشر اور ذیابیطس اور عائلی معاملات۔

دوسرا دن:دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا اور نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم کے بعد انصار کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد صف اول اور صف دوم کے انصار کے ایک کلو میٹر پیدل چلنے کے مقابلہ جات شروع ہوئے۔ اس کے بعد ۱۰۰؍میٹر دوڑ کا مقابلہ ہوا جو صف اول اور صف دوم کے انصار کے ليے الگ الگ منعقد ہوئے۔ اسی طرح آج صبح ہی فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

پانچواں اجلاس:اس اجلاس میں صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے انگریزی اور اردو زبان میں تقریری مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ بعدازاں وقفہ برائے نماز ظہر و عصر ہوا۔

چھٹا اجلاس: تقریباً سوا دو بجے سہ پہر اجتماع کا چھٹا اجلاس مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مکرم صدر صاحب نے مکرم صدر مجلس کا تعارف پیش کیا۔ مہمان خصوصی نے شاملین کے سوالات کے جواب میں خلفائے سلسلہ کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کا دلکش انداز میں تذکرہ کیا نیز اپنی زندگی کے ایمان افروز اور دلچسپ واقعات بھی بیان کیے۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔

اس اجلاس کے بعد اردو اور انگریزی تقاریر کے مقابلہ جات جاری رہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ورزشی مقابلہ جات بھی ہوتے رہے جن میں کرکٹ اور والی بال کے مقابلہ جات شامل تھے۔

ساتواں اجلاس: یہ اجلاس نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ یہ ایک پینل پہ مشتمل پروگرام تھا جس میں مکرم امیر صاحب آسٹریلیا اور مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب شامل تھے۔ اس اجلاس کا موضوع ’’خلافت کے بغیر بقا ممکن نہیں‘‘ تھا۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اس میں میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ دعا کے ساتھ اجتماع کے دوسرے دن کا اختتام ہوا۔

تیسرا دن۔تیسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔صبح بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس اور شاٹ پٹ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

اختتامی اجلاس: صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اجتماع کا اختتامی اجلاس مہمان خصوصی کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد کے بعد مہمان خصوصی نے انصار کے عہد کی اہمیت اور اس کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں ایک نظم کے بعد مکرم ڈاکٹر ابرار احمد چغتائی صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کے تینوں دن کی مفصل رپورٹ پیش کی۔ بعدہٗ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے مجلس کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی نے پوزیشنز لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔

عَلم انعامی: مکرم محمود عباسی صاحب نے عَلم انعامی کا اعلان کیا جو امسال مجلس انصاراللہ الڈنگہ ساؤتھ، آسٹریلیا نے حاصل کیا۔ دوسری پوزیشن مجلس ایڈیلیڈ ساؤتھ، ساؤتھ آسٹریلیا اور تیسری پوزیشن مجلس ووڈ کرافٹ، ساؤتھ آسٹریلیا نے حاصل کی۔

تقسیم انعامات:اس کے بعد خاکسار (ناظم علمی مقابلہ جات) نے علمی مقابلہ جات کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ امسال مجموعی طور پر دس علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر ان میں ۱۰۵؍انصار نے بڑے جوش وخروش سے حصہ لیا۔ اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز لینے والے انصار نے اپنے انعامات وصول کیے۔ تقسیم انعامات کے بعد مہمان خصوصی نے انصار کو چند قیمتی نصائح کیں۔

مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ اجتماع میں کُل حاضری ۶۰۰؍انصار رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button