پیغام حضور انورجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مالٹا کے چھٹے جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع ’’خلافت‘‘ کی مناسبت سے ایمان افروز علمی تقاریر کا اہتمام

٭… کُل ۳۴؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ مالٹا کو مورخہ ۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز اتوار اپنے چھٹے جلسہ سالانہ کے نہایت ہی کامیاب انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

امسال جماعت احمدیہ مالٹا کو ایک بار پھر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خصوصی شفقت فرماتے ہوئے اپنے محبت بھرے پیغام سے نوازا۔ جلسہ کا مرکزی موضوع ’’خلافت‘‘ تھا۔ مصور احمد صاحب (نیشنل جنرل سیکرٹری) کو بطور افسر جلسہ سالانہ خدمت بجالانے کی توفیق ملی۔

 2024 malta jalsa

افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح دس بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ وصدر جماعت احمدیہ مالٹا )کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جماعت احمدیہ مالٹا کے نام موصولہ پیغام بزبان انگریزی مع اردو ترجمہ پیش کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کے دوران انگریزی اور اردو زبان میں تقاریر پیش کی گئیں اورکُل دو اجلاسات ہوئے۔ تقاریر کے عناوین یہ تھے: قبولیتِ دعا ہستی باری تعالیٰ کا ثبوت، تلاوتِ قرآن کریم کی اہمیت و برکات، آنحضرتﷺ کی شفقت علیٰ خلق اللہ، تربیت اولاد میں والدین کا کردار، اسلام ایک پُرامن مذہب، اخلاقِ حسنہ اہل ایمان کا وصفِ عالی اور خلافت ایک نعمتِ عظمیٰ۔

جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے دو ڈاکو منٹریز بھی دکھائی گئیں۔ اسی طرح دورانِ سال جماعت احمدیہ مالٹا کی کاوشوں کی ایک جھلک پر مبنی پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔ پہلے اجلاس کے اختتام سے قبل مجلس سوال وجواب کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے بعد ریفریشمنٹ کے ليے وقفہ کیا گیا۔ اس کے بعد دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ جلسہ کے اختتام پر نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں پھر تمام شاملین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

 2024 malta jalsa

تمام شاملین جلسہ کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی حالیہ دعاؤں کی تحریک کے مطابق کی جانے والی دعائیں اور جلسہ سالانہ مالٹا ۲۰۲۴ء کے موقع پر آپ کا خصوصی پیغام پرنٹ کرکے دیا گیا تاکہ سب افرادِ جماعت باقاعدگی کے ساتھ ان دعاؤں کو دہراتے رہیں۔ قیام خلافت کا عبادت سے ایک گہرا تعلق ہے۔ اس اہمیت کو مزید اجاگر کرنے کے پیشِ نظر حاضرین کو خوبصورت جائے نماز بھی ہدیہ کی گئیں۔

جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں اجتماعی طور پر خطوط بھی لکھے گئے۔

جلسہ سالانہ کا اختتام دعاکے ساتھ ہوا۔ جلسہ کی حاضری ۳۴؍تھی جس میں چھ غیر از جماعت افراد بھی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل واحسان سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایمان، اخلاص، وفا، نیکی، تقویٰ اور پاکیزگی میں بڑھاتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

 2024 malta jalsa

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے چھٹے جلسہ سالانہ مالٹا ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا،

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و بر کاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا چھٹا جلسہ سالانہ ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین بےشمار برکتیں حاصل کریں۔

جیسا کہ آپ کو علم ہے جلسہ سالانہ ایک روحانی تقریب ہے جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ احباب جماعت آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ جمع ہوں اور دینی علم اورہمارے مذہب اسلام کی تفہیم اور سمجھ میں ترقی کریں۔ لہٰذا جلسہ مادی فوائد حاصل کرنے یا تفریح کی جگہ نہیں ہے بلکہ اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے اور اپنی اخلاقی اصلاح کرنے کی کوشش کا موقع ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں یاددہانی یوں کروائی ہے: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘ (اشتہار۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء، مجمو عہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہو جائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو قبول کر لیا ہے جن کی آمد کی پیشگوئی ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود فرمائی تھی۔ بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہیے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان شرائط کے مطابق ڈھالیں، خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کے کاموں اور اعمال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تب ہی آپ زیادہ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر خوب غور و فکر کرتے رہنا چاہیے۔

خلافت احمدیہ کے روحانی نظام کے ساتھ وفادار رہیں اور اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ ایک مضبوط تعلق قائم کرنے کی کوشش کریں۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ خصوصی طور پر آپ کو میرے خطبات جمعہ کو اور دیگر تقریبات اور مواقع پر میرے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔ اس سے آپ کا خلافت کے ساتھ مستقل تعلق قائم رہے گااور آپ کے ایمان کو تقویت بخشے گا۔

میں آپ کو تبلیغ کے حوالے سے آپ کی ذمہ داریاں بھی یاد دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ تبلیغ کے لیے حکمت سے منصوبے بنائیں اور اسلام احمدیت کے پُر امن پیغام کو مالٹا کے لوگوں تک پہنچانے کے مؤثر ذریعے تلاش کریں۔

تبلیغ کے حوالے سے میں نے ایک دفعہ احباب جماعت کو اس طرح نصیحت کی تھی کہ ’’جس حق کو اور ہدایت کو اور سچائی کو تم نے قبول کیا ہے اس کو دنیا میں پھیلاؤ اور بتاؤ۔ اور یہ پرواہ نہیں ہونی چاہيے کہ لوگ مانتے ہیں کہ نہیں مانتے۔ پیغام یہاں کے ہر شہری تک پہنچ جانا چاہيے۔ ہر ملک کے ہر شہری تک ہر احمدی کو پہنچا دینا چاہيے اور یہی وہ کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمارے سپرد فرمایا ہے۔‘‘ (اختتامی خطاب، جلسہ سالانہ بیلجیم ۱۶؍ ستمبر ۲۰۱۸ء)

اس لیے آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کی تکمیل کے لیے انتھک کوشش کرنے کا عہد کریں۔

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی حالتوں کو بدلنے، اپنے بچوں کی حالتوں میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنے، اپنے گھروں کا ماحول پُرامن رکھنے اور معاشرے میں امن قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمیں دنیا کے لیے امن و سلامتی کا علمبردار ہونا چاہیے۔ ہمیں دنیا کے لیے امن اور سلامتی کا علمبردار بننا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ کی زندگیوں میں مزید تقویٰ، حسنِ سلوک، نیک اعمال اور اسلام احمدیت و انسانیت کی خدمت کی طرف حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر رحم کرے۔

جماعت احمدیہ مالٹا کے پانچویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button