حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۲؍ نومبر۲۰۲۴ء میں صلح حدیبیہ کا ذکر فرمایا۔ خطبہ ثانیہ سے قبل حضور انور نے دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر دعائیہ تحریک فرماتے ہوئے احبابِ جماعت کو گھروں میں دو سے تین مہینے کا راشن رکھنے کی یاددہانی کروائی ۔مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ ہو۔ ( تفصیل ملاحظہ ہو صفحہ ایک پر)

٭…سمندری طوفان برٹ برطانیہ سے ٹکرا گیا جس کے باعث ہونے والے حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مانچسٹر میں کار پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ اسی شہر میں ایک اور کار حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ ساحلی علاقوں میں ستّر میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ ہفتہ کو درجہ حرارت میں اضافہ ہوا جبکہ برف پگھلنے اور تیز ہوا کے سبب سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

٭…آسٹریلیا میں سولہ سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال کی پابندی کا بل پارلیمنٹ میں پیش کردیا گیا۔ مجوزہ قانون کے تحت اگر سوشل میڈیا کمپنیوں نے سولہ سال سے کم عمر بچوں کو اکاؤنٹس بنانے سے روکنے کے لیے معقول اقدامات نہ کیے تو اِن کمپنیوں پر تقریباً ۳۲.۵؍ملین امریکی ڈالرز تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ پابندی ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور سنیپ چیٹ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاگو ہوگی۔ بل منظور ہونے کی صورت میں یہ قانون ایک سال کے اندر نافذ العمل ہوگا۔

٭…ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی انتظامیہ کے لیے اہم عہدوں پر ٹیلی ویژن سے جڑی شخصیات کو نامزد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعے کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات کو سرجن جنرل کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نیشیوات ادویات اور صحت سے متعلق ایک زبردست شخصیت ہیں، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں کہ امریکی شہریوں کو سستی اور معیاری صحت کی سہولتوں تک رسائی حاصل ہو۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈاکٹر نیشیوات لوگوں کو بااختیار بنانے میں یقین رکھتی ہیں۔

٭…روس نے یوکرین کے شہر سومی میں ڈرون حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں دو یوکرینی شہری ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوئے۔ شہر میں متعین یوکرینی پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے کے قریب روس سے فائر کیے گئے تین ڈرون حملوں میں بارہ منزلہ عمارت، پانچ گھروں، تین گاڑیوں اور سٹور کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ گورنر نے کہا کہ روس نے حملے میں گنجان آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ روسی افواج نے شہر کے گنجان آباد علاقے میں حملے کے لیے ڈرونز میں بارودی ٹکڑوں کا استعمال کیا۔

٭…پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اتوار ۲۴؍نومبر کے لیے اعلان کردہ احتجاج جاری ہے اور صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے قافلوں کو روکنے اور کارکنان کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔ احتجاج کا مقصد عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام گرفتار شدہ راہنماؤں کی رہائی اور ’’چوری شدہ‘‘ انتخابی مینڈیٹ کی واپسی بتایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں احتجاج کرنے پر دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت پابندی لگا رکھی ہے۔صوبہ پنجاب کی حکومت نے اس احتجاج کو روکنے کے لیے سخت ترین اقدامات کر رکھے ہیں۔ لاہور میں اسلام آباد جانے والے تمام راستے کنٹینرز رکھ کر بند کر دیے گئے ہیں۔ بسوں کے تمام اڈے بھی بند کرا دیے گئے ہیں جبکہ لاہور شہر میں داخلے اور وہاں سے روانگی کے لیے استعمال ہونے والے تمام راستوں پر پولیس کے مسلح اہلکار بھی متعین ہیں۔

اسی دوران صوبہ پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر موبائل فونز سے کالوں کا سلسلہ یا تو ممکن نہیں یا بہت مشکل ہو گیا ۔اس کے علاوہ موبائل فونز کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت بھی کئی علاقوں میں معطل ہے جبکہ بہت سے صارفین نے شکایت کی کہ انہیں آڈیو اور ویڈیو مواد ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button