حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… پیر کو مکہ مکرمہ، طائف، سیل کبیر اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ مکہ اور طائف میں سڑکیں زیرآب آگئیں، جس کے بعد انڈر پاس احتیاطاً بند کر دیے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے کئی دوسرے علاقوں میں منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ یادرہے کہ دارالحکومت ریاض، قصیم، حائل، حدود الشمالیہ، الشرقیہ، باحہ اور عسیر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

٭…ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں ایندھن کی شدید قلت ہے اور بارہا بےگھر ہونے والے خاندانوں کے لیے گدھے ’لائف لائن‘ ثابت ہو رہے ہیں۔ غزہ میں ۴۳؍فیصد مال بردار جانور (گدھے، گھوڑے، خچر) مارے جا چکے ہیں اور صرف ۲۶۲۷؍ایسے جانور زندہ بچے ہیں۔اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے فلسطینیوں کو بار بار نقل مکانی کرنا پڑرہی ہے اور ان کے لیے گدھا گاڑیاں نقل و حمل کا واحد قابل برداشت ذریعہ ہیں۔ وسیع پیمانے پر تباہی کے علاوہ اسرائیل کی فوجی مہم نے غزہ میں کم از کم ۴۴۲۱۱؍افراد کو ہلاک کیا ہے، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ حماس کے زیر کنٹرول وزارت صحت کے ان اعداد و شمار کو اقوام متحدہ قابل اعتماد سمجھتی ہے۔ اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حماس کے سات اکتوبر ۲۰۲۳ءکو اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں ۱۲۰۶؍ہلاکتیں ہوئیں، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ اس حملے کے بعد اسرائیل نے جنگی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا۔

٭…جرمن چانسلر اولاف شولس وفاقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ مانگنے والے ہیں۔ شولس کا ترقی پسند حکومتی اتحاد ٹوٹ چکا ہے، جس کے نتیجے میں وہ پارلیمانی اکثریت کھو چکے ہیں۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے اتوار کے روز کہا کہ وہ کرسمس سے قبل پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے اجلاس بلانے کو تیار ہیں۔اگر ہر کوئی اس سے متفق ہو، تو میرے لیے کرسمس سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ میں اپنی کرسی سے چپکا نہیں رہنا چاہتا۔یاد رہے کہ جرمن چانسلر نے ابتدائی طور پر اعتماد کے حصول کے لیے ووٹنگ ۱۵؍جنوری کو کرانے کی بات کہی تھی، تاہم اپوزیشن کے بڑھتے ہوئے دباؤکے سبب چانسلر اسے پہلے کرانے پر مجبور ہوئے۔

٭…پاکستان میں حکومت اور حزبِ مخالف پارٹی پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔ حکومت کا پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا سے آنے والا تحریک انصاف کا قافلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور عمران خان کی اہلیہ کی قیادت میں چونگی نمبر 26 پر موجود ہے۔اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں کنٹینرز لگا کر راستوں کی بندش برقرار ہے، دونوں شہروں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں تعلیمی ادارے کل بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میٹرو سروس معطل ہے۔

٭… عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے حکم جاری کرنے پر برطانیہ کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو برطانیہ آئے تو عالمی عدالت کے جاری وارنٹ کی پیروی کی جائے گی۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ نیتن یاہو کے برطانیہ آنے پر عدالتی فیصلے کی پیروی اور اس پر مناسب کارروائی کریں گے، برطانیہ ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کا پابند رہا ہے۔ برطانوی حکومت کے ترجمان نے واضح کیا کہ اگر نیتن یاہو نے برطانیہ کا دورہ کیا تو انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی بلکہ عدالت کے احکامات کی روشنی میں گرفتار کیا جائے گا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ برطانیہ ہمیشہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے گا۔ واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے گذشہ ہفتے غزہ میں جنگی جرائم پر نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

٭…میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے لبنانی گروپ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی’’اصولی طور پر‘‘منظوری دےدی ہے۔ معاہدے کے حوالے سے فریقین میں اہم امور پرابتدائی بات چیت جاری ہے ، جس کے بعد حتمی معاہدے کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے حوالے سے اسرائیلی کابینہ کو جنگ بندی کے معاہدے کی منظوری دینا چاہیے، مسائل حل ہونے تک معاہدے کو حتمی نہ سمجھا جائے گا ۔ترجمان اسرائیلی حکومت نے کہا کہ ہم معاہدے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، لیکن ابھی کچھ مسائل حل کرنا باقی ہیں، ہماری بات چیت معاہدے کی طرف جا رہی ہے، لیکن حزب اللہ کی ایک غلطی بات چیت کو پٹڑی سے اتار سکتی ہے۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری نہیں، موت کی سزا کا حکم دینا چاہیے۔ عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ لوگوں کے اجتماع، گھروں، ہسپتالوں پر بم مارنا فتح نہیں جنگی جرائم ہیں۔ گرفتاری وارنٹ کافی نہیں، نیتن یاہو کی سزائے موت کے وارنٹ جاری ہونے چاہئیں۔غزہ، لبنان میں دشمن کی جیت نہیں ہوئی، دشمن غزہ اور لبنان میں کبھی نہیں جیت سکے گا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button