جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے بیالیسویں(۴۲) جلسہ سالانہ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)

٭…’’انسانی تخلیق کا مقصد کیاہے؟‘‘، ’’خلافت، ایک نعمتِ عظمیٰ‘‘ اور ’’بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار‘‘ جیسے روحانی و علمی موضوعات پر تقاریر از علمائے سلسلہ کا اہتمام

٭… سیاسی و سماجی تنظیموں کے مہمانوں کے بشمول کُل ۸۷۶؍افراد کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کابیالیسواں جلسہ سالانہ مورخہ ۱۳تا۱۵؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک تا اتوار مسجد نور، ویگولٹینگن کے احاطہ میں لگائی گئی مارکی اور نور ہال میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ اگرچہ محکمہ موسمیات کی طرف سے جلسہ کے ایام میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ گاہ اور اس کے اردگرد تین کلومیٹر تک موسم خوشگوار رہا۔

ملک عارف محمود صاحب افسر جلسہ سالانہ کی نگرانی و راہنمائی میں تین ہفتے قبل جلسہ سالانہ کی تیاری شروع ہوئی۔ جلسہ سے ایک ہفتہ قبل ایک بڑا وقار عمل ہوا جس میں ۸۵؍افراد شامل ہوئے۔

جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل شام کو مکرم افسر صاحب جلسہ سالانہ اور مکرم طارق ریاض گورایہ صاحب ناظم معائنہ نے مرکزی مہمان خصوصی کو جلسہ کے انتظامات کا معائنہ کرایا۔

جلسہ کے ایام میں پانچوں نمازوں کے علاوہ نماز تہجد بھی باجماعت ادا ہوتی رہی۔ جلسہ سالانہ کے پہلے روز نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ اجتماعی طور پر براہ راست دیکھا اور سنا گیا۔

سہ پہر چار بج کر ۲۵؍منٹ پر تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مرکزی مہمان خصوصی نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب امیر جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے قومی پرچم لہرایااور دعا ہوئی۔

ساڑھے چار بجے جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مہمان خصوصی صاحب کی صدارت میں مکرم مسعود مجاہد صاحب کی تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ سے ہوا۔ مکرم زاہد اسماعیل بٹ صاحب نے جرمن ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم رانا شیراز احمد صاحب مربی سلسلہ جماعت احمدیہ جرمنی نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام خوش الحانی سے پیش کیا جس کے بعد مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں جلسہ سالانہ کی کامیابی کے ليے کی گئی درخواست دعا کے جواب میں حضور انور کی دعا پڑھ کر سنائی۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کرائی۔ اس کے بعد مکرم اویس احمد طاہر صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ سوئٹزرلینڈ نے ’’انسانی تخلیق کا مقصد کیاہے؟‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں اور پھر مکرم فائز احمد خان صاحب مربی سلسلہ نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرت طیبہ کے چند پہلو‘‘ کے موضوع پر اردو زبان میں تقاریر کیں۔ چند ضروری اعلانات کے بعد جلسہ کے پہلے روز کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

دوسرا روز:جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح پونے گیارہ بجے مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی کی صدارت میں مکرم بشارت احمد انیس صاحب کی تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ سے ہوا۔ مکرم حماد مسعود صاحب نے جرمن ترجمہ پیش کیا۔ مکرم شیراز شریف صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام خوش الحانی سے پڑھا۔ اس کےبعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’خلافت، ایک نعمتِ عظمیٰ‘‘ بزبان اردو از مکرم سید حسن طاہر بخاری صاحب مبلغ سلسلہ جرمنی و انچارج رشین ڈیسک جرمنی، ’’مجھےاکیسویں صدی میں اللہ تعالیٰ کی کیوں ضرورت ہے؟‘‘ بزبان جرمن از مکرم قاسم احمد خان صاحب نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت اور مکرم ہدایت اللہ ہبش صاحب مرحوم کے جرمن منظوم کلام کے بعد ’’امنِ عالم، وقت کی ضرورت‘‘ بزبان جرمن از مکرم عطاء الحق صاحب۔

مکرم عطاءالحق صاحب نے سیاسی و سماجی تنظیموں کے مہمانوں کا تعارف کاتے ہوئے انہیں اظہار خیال کی دعوت دی۔ چند ضروری اعلانات کے بعد وقفہ برائے طعام اور نماز ظہر و عصر ہوا۔

تیسرا اجلاس: سوا تین بجے تیسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم سید حسن طاہر بخاری صاحب مبلغ سلسلہ جرمنی کی صدارت میں مکرم حافظ طاہر ادریس صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کاجرمن و اردو ترجمہ مکرم ولید علی صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم رانا سکندر فاروق صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کا منظوم نعتیہ کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔ پھر ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’آنحضرتﷺ کا خلق ِعظیم، شکر گزاری‘‘ بزبان اردو از مکرم عبدالوہاب طیّب صاحب مبلغ سلسلہ سوئٹزرلینڈ، ’’بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار‘‘ بزبان اردو از مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی اور ایک نظم کے بعد ’’تعمیر مساجد کی اہمیت اور انفاق فی سبیل اللہ‘‘ بزبان اردو از مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب سوئٹزرلینڈ نے نئی مسجد ناصر، سوخول کنٹون سولوتھورن کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تازہ صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد اردو میں مجلس سوال و جواب ہوئی جس میں جرمنی سے آئے ہوئے مہمان مبلغین سلسلہ مکرم حسن طاہر بخاری صاحب اور مکرم شمشاد احمد قمر صاحب نے حاضرین کے سوالات کے جواب دیے۔ چند ضروری اعلانات کے بعد تیسرے اجلاس کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

تیسرا اور آخری روز:جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری روز چوتھے اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح پونے گیارہ بجے مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ ڈنمارک کی صدارت میں مکرم فراز طارق صاحب کی تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ سے ہوا۔ مکرم محمد احمد اوپلیگر صاحب نے جرمن ترجمہ پیش کیا۔ مکرم خلیل الرحمٰن صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اسلام میں حیات آخرت کا تصور اور سفر آخرت کی تیاری کے ليے اعمال صالحہ کی ضرورت و اہمیت‘‘ بزبان اردو از مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ، ’’دورِ حاضر میں نوجوانوں کے مسائل اور ان کا اسلامی حل‘‘ بزبان جرمن از مکرم فہیم احمد خان صاحب مربی سلسلہ سوئٹزرلینڈ اور ایک نظم کے بعد ’’شریعت اسلامی کی روشنی میں کامیاب عائلی زندگی‘‘ از مرکزی مہمان خصوصی صاحب۔ چند اعلانات کے بعد وقفہ برائے طعام اور نماز ظہر و عصر ہوا۔وقفہ میں کارکنان جلسہ سالانہ کی مکرم امیر صاحب اور مہمان مبلغین سلسلہ کے ساتھ گروپ فوٹوز ہوئیں۔

اختتامی اجلاس: اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز امیر صاحب سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں مکرم رفیع ادریس صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم سفیر بشیر صاحب نے اردو و جرمن تراجم پیش کیے۔ مکرم عمیر احمد صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم طارق ریاض گورایہ صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے نام پڑھے اور امیر صاحب نے ان میں اعزازی اسناد تقسیم کیں جس کے بعد مبلغ انچارج صاحب نے ایک بار پھر جلسہ کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بابرکت دعائیہ الفاظ پڑھ کر سنائے۔ بعد ازاں امیر صاحب جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے اپنی اختتامی تقریر میں قرآن کریم، احادیث نبوی ﷺ، ارشادات حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ نیز آپ نے غیر مسلم معاشرہ میں رہتے ہوئے ایک احمدی مسلمان کے مثالی طرز زندگی پر روشنی ڈالی۔ امیر صاحب کی جرمن تقریر کا اردو رواں ترجمہ مکرم عبدالوہاب طیّب صاحب مبلغ سلسلہ نے سٹیج پر ساتھ ساتھ کیا جبکہ جلسے کی مکمل کارروائی کے رواں تراجم کی سہولت انگریزی، جرمن اور اردو زبانوں میں ایف ایم ریڈیو سیٹس کے ذریعہ دستیاب تھی۔ دعا کے ساتھ بابرکت جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ ۲۰۲۴ء اپنے اختتام کوپہنچا۔

جلسہ سالانہ میں کُل ۸۷۶؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button