متفرق شعراء

احمدی! کر دعا! کہ دُور وہ ہوں آفتیں جن سے تو۔ ملول ہے آج (منظوم کلام حضرت صاحبزادہ مرزا شریف احمد صاحبؓ)

دل ہر اک مؤمن و مسلمان کا

دین کے واسطے ملول ہے آج

ناتوانیٔ مسلم و اسلام

باعثِ فرحتِ جہول ہے آج

ہر مصیبت نے ہم کو گھیرا ہے

ہم پہ آفات کا نزول ہے آج

پنجۂ ظلم میں پھنسے ہیں ہم

کوشش مخلصی فضول ہے آج

دہریت ہو گئی ہے غالبِ دہر

بے اُصولی بنی اُصول ہے آج

ہر جگہ پستی و بلندی پر

لشکرِ کفر کا حلول ہے آج

مٹ گئی ہائے! عزتِ اسلام

صعب اس کا ہوا حصول ہے آج

پھر اُسی رفعت و بلندی پر

غیر ممکن ہوا وصول ہے آج

اپنی ہمت سے کر سکے کچھ تو

یہ سراسر ہی تیری بھول ہے آج

احمدی! کر دعا! کہ دُور وہ ہوں

آفتیں جن سے تو۔ ملول ہے آج

ہو نہ نومید اِس کی رحمت سے

تجھ پہ طاری یہ کیا ذہول ہے آج

یاد کر تو یہ حق کا فرمانا

اس سے جو نائب رسول ہے آج

’’چل رہی ہے نسیم رحمت کی

جو دعا کیجئے قبول ہے آج‘‘

(الفضل قادیان ۱۶؍اگست ۱۹۲۰ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button