اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭…فرخ شبیر لودھی صاحب مبلغ سلسلہ لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے والد شبیر احمد لودھی صاحب ۸؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک بعمر ۶۲؍ سال بقضائے الٰہی کینیڈا میں وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے آپ کی نماز جنازہ مورخہ ۱۵؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک مسجد بیت الحمد،مسی ساگا میں پڑھائی۔ بعدازاں تدفین کےلیے آپ کا جسد خاکی بریمپٹن میموریل گارڈن لے جایا گیا جہاں قبر تیار ہونے پر سہیل مبارک شرما صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نےاجتماعی دعا کروائی۔

مرحوم کی پیدائش ۱۵؍ستمبر۱۹۶۲ء کوقلعہ کالر والا، سیالکوٹ پاکستان میں ہوئی۔ آپ کی دنیاوی تعلیم MA B.Ed تھی اور پیشہ کے اعتبار سے آپ بطور SST شعبہ تدریس سے وابستہ تھے۔ آپ کی تدریسی خدمات کا سلسلہ ۳۵؍سال کے طویل عرصہ پر محیط ہے۔ ستمبر۲۰۲۲ء میں آپ کو انیسویں اعزازی گریڈ کے ساتھ ریٹائرمنٹ ملی۔ بشریٰ بی بی صاحبہ شہید سانحہ گوجرانوالہ۲۰۱۴ء آپ کی بڑی ہمشیرہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سےاوائل جوانی میں ہی آپ کو نمایاں جماعتی خدمات کی سعادت ملنا شروع ہوگئی۔ آپ کی جماعتی خدمات کا عرصہ قریباً۴۵؍سال بنتا ہے۔ کینیڈا منتقل ہونے سے قبل بطور صدر جماعت احمدیہ مریدکے ضلع شیخوپورہ خدمت کی توفیق پارہے تھے اور وفات سے قبل حلقہ Peel Village میں بطور سیکرٹری نشر و اشاعت خدمت بجا لارہےتھے۔ آپ کو گوجرانوالہ اور مریدکے میں مجلس خدام الاحمدیہ،مجلس انصاراللہ اور جماعتی عاملہ میں بھی مختلف کلیدی عہدوں پر خدمت کی سعادت حاصل ہوئی جن میں امام الصلوٰۃ، قائد مجلس خدام الاحمدیہ ،نائب زعیم مجلس انصاراللہ اور جنرل سیکرٹری قابل ذکر ہیں۔

آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی،تہجد گزار،صوم و صلوٰۃ کے پابنداور ایک اعلیٰ درجہ کے متوکل انسان تھے۔ خلافت کے ادنیٰ خادم ،دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے، ہمہ وقت مالی و وقت کی قربانی کے لیے عاجزی سے تیار رہتے۔ ہر طرح کے حالات میں صبر و شکر کے ساتھ اپنے معاملات خشوع و خضوع سے اپنے مولیٰ کے حضور پیش کرتے۔صلہ رحمی، مہمان نوازی، عفو و درگزراور واقفین سلسلہ کا احترام آپ کی نمایاں صفات تھیں۔

پسماندگان میں اہلیہ، تین بیٹے (حال مقیم کینیڈا و لائبیریا) اور ایک بیٹی (حال مقیم یوکے)شامل ہیں۔ مرحوم کی دوبڑی ہمشیرگان قلعہ کالر والا،سیالکوٹ کی رہائشی ہیں۔

٭…مبارک احمد صاحب مہدی آباد جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے ماموں جان ہومیو ڈاکٹر سلیم احمد صاحب ایازؔ بعمر تقریباً ۷۸؍سال مورخہ ۱۸؍نومبر۲۰۲۴ء بروز سوموار طاہر ہارٹ، ربوہ میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون۔

مرحوم دارالرحمت، ربوہ کے رہنے والے تھے۔آپ کے بچپن میں والد صاحب کی وفات ہو جانے پر نانی جان کا ہمارے نانا جان کیپٹن محمد سعید صاحب سے عقدِ ثانی ہوا تو نانا جان نے انہیں والد کی کمی کو محسوس نہ ہونے دیا اور آپ کی بہترین اندازمیںپرورش کی۔آپ پیشے کے لحاظ سے سکول ٹیچر تھے۔ اس کے علاوہ ہومیو پیتھی کی پریکٹس بھی کرتے تھے۔ سات بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ آپ کے ایک بھائی اور دو بہنیں جرمنی میں مقیم ہیں۔ آپ نے دو شادیاں کیں لیکن صاحبِ اولاد نہیں تھے۔ آپ کی دونوں بیگمات حیات ہیں اور ربوہ میں مقیم ہیں ۔ آپ اللہ کے فضل سے موصی تھے۔وفات کے اگلے روز نمازِ جنازہ کے بعد بہشتی مقبرہ (توسیع) میں تدفین عمل میں آئی۔

احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے خاص مغفرت و شفقت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور پسماندگان کو ان کی نیکیاں ہمیشہ زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

اعلان ولادت

لئیق احمد مشتاق صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سرینام و مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بے پایاں فضل واحسان سے خاکسار کی بھانجی عزیزہ منزہ مظفرو عزیزم شاہ تاج صاحب مقیم لیورپول، یوکے کو مورخہ ۱۷؍نومبر۲۰۲۴ء کو پہلا بیٹا عطا فرمایا ہے۔ بچے کا نام ’’شاہ زین علی‘‘تجویز ہوا ہے۔ نومولود آفتاب احمد صاحب و یاسمین صاحبہ کا پہلا پوتا اور مظفر احمد خالد صاحب مربی سلسلہ ومنوّرہ مبارکہ صاحبہ کا پہلا نواسا ہے۔

احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچے کو صحت و تندرستی والی فعال زندگی عطا فرمائے۔ نیک صالح، خادم دین اور قرۃ العین بنائے اور دین و دنیا کی حسنات سے نوازے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button