افریقہ (رپورٹس)

نائیجیریا میں مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج کا افتتاح

(راجہ اطہر قدوس۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائجیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو مورخہ ۷؍نومبر۲۰۲۴ء کو مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج (MITC) کا افتتاح کرنے کا موقع ملا۔ اوگن سٹیٹ کے گورنر، پرنس داپو ابیودن نے اس کالج کا افتتاح کیا۔

گورنر صاحب نے ۷؍نومبر بروز جمعرات الارو میں کالج کے افتتاح کے موقع پر محکمہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی مستقل سیکرٹری الحاجہ موریامو اولوکو صاحبہ کے ساتھ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے نوجوانوں، والدین اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کے منتظمین سے اس ادارے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج کی تعمیر کی مالی معاونت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف احمدی آرکیٹیکٹس اینڈ انجینئرز (IAAAE) نے کی۔

کالج میں درج ذیل کورسز دستیاب ہیں: بجلی اور الیکٹرانک انسٹالیشن، ایئر کنڈیشننگ اور ریفریجریٹر کی مرمت، عمارت سازی، ٹائلنگ، بلاکس کی تیاری، پلمبنگ، کمپیوٹر مینٹیننس اور ویب سائٹ ڈیزائننگ۔

اس کالج میں ملک بھر سے اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں جبکہ بیرون ملک سے رضاکار لیکچررز شیڈول کے مطابق کالج کا دورہ کریں گے۔

افتتاح کے موقع پر نیشنل بورڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (NBTI) کے ساؤتھ زونل آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جان اونیبوچی نے اپنی تقریر میں NBTI ڈائریکٹر جنرل اور فیڈرل پولی ٹیکنیک الارو کے ڈائریکٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے MITCکے تربیتی پروگراموں کی حمایت کا عہد کیا۔

اوگن سٹیٹ اسمبلی کی سپیکر محترمہ اولودائسی ایلیمیڈے اور ان کی ڈپٹی محترمہ لطیفہ اجائی نے MITCمیں تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے لیے نوجوانوں کی سپانسرشپ کا عہد کیا۔

کالج کے رسمی افتتاح کے لیے مسز سلاکو نے گورنر ابیودن کی جانب سے فیتہ کاٹا۔

IAAAE کے نمائندوں، جن میں چیئرمین اکرم احمدی صاحب، عمر احمد صاحب، ولید عمر صاحب اور IAAAEکے نائیجیریا چیپٹر کے چیئرمین مفضل بینکولے صاحب شامل ہیں، نے اس منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا۔

مکرم الحاج عبدالعزیز الاتویے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا، نے MITC کو نائیجیریا کے تعلیمی اور مزدوری کے شعبے میں مہارت کے حصول کے خلا کو پُر کرنے کے لیے ایک خواب کی تعبیر قرار دیا۔ MITCکے دو سالہ تربیتی پروگراموں سے فارغ التحصیل طلبہ کو نیشنل ووکیشنل ٹریننگ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا اور انہیں روزگار کی تقرری اور کاروباری روابط میں مدد فراہم کی جائے گی۔ ان شاءاللہ

اللہ تعالیٰ اس کالج کو خدمت انسانیت اور حقوق العباد کو احسن رنگ میں ادا کرنے کا ذریعہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ:راجہ اطہر قدوس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button