افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین سیرا لیون کے زیر انتظام ’سالانہ کراس کنٹری ریس‘ کا انعقاد

حافظ محمد آصف صاحب استاد جامعۃالمبشرین سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃالمبشرین سیرالیون کی مجلس العاب کو مورخہ ۷؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعرات کراس کنٹری ریس منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین اور جملہ اساتذہ کرام جامعۃ المبشرین و مدرسۃ الحفظ نے شرکت کی۔

کراس کنٹری ریس کا آغاز صبح سات بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر العاب کمیٹی نے ریس کے قواعد و ضوابط پڑھ کر سنائے۔ اور دعا کے ساتھ ریس شروع ہوئی۔ اس ریس میں جامعۃ المبشرین کے ۶۲؍طلبہ کے ساتھ مدرسۃ الحفظ کے ۱۵؍طلبہ نے بھی شرکت کی۔ کراس کنٹری ریس کا ٹریک کُل ۲۲؍کلومیٹرز پر مشتمل تھا جس میں گیارہ کلومیٹرز ٹارگٹ پوائنٹ تک اور واپس جامعہ تک بھی گیارہ کلومیٹر کا سفر طلبہ کو طے کرنا تھا۔ طلبہ کو سٹارٹنگ پوائنٹ سے دس دس طلبہ کے گروپس کی صورت میں تشکیل دیا گیا، سات بج کر ۳۵؍منٹ پر پہلا گروپ روانہ ہوا اور ہر تیس سیکنڈ کے بعد اگلا گروپ روانہ کیا گیا۔ سٹاف جامعۃالمبشرین مکرم عبد الہادی قریشی صاحب، مکرم نعیم احمد گوہر صاحب، مکرم حافظ اسداللہ صاحب، مکرم سلیمان صاحب، مولوی کیلفلائی صاحب اور مولوی مورلائے فوفانہ صاحب نے دوران ریس طلبہ کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ نیز فوٹوگرافی اور پانی اور طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

اس ریس میں درج ذیل طلبہ نے پوزیشنز حاصل کیں: اول: عزیزم Samura G Sesay (ایک گھنٹہ اور ۵۷؍منٹ)، دوم: عزیزم Abubakar Bockarie (ایک گھنٹہ اور ۵۸؍منٹ) اور سوم: عزیزم Umar fy Kargbo (دو گھنٹے)۔ مدرسۃ الحفظ میں سے اول پوزیشن عزیزم Muhammad Abubakar نے حاصل کی۔

الحمدللہ، پروگرام کو کامیاب بنانے میں سٹاف جامعۃالمبشرین و طلبہ نے انتھک محنت کی اور طلبہ نے خاص طور پر ذوق وشوق اور دلچسپی سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ریس کے اختتام پر طلبہ اور سٹا ف جامعۃ المبشرین کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ اس طرح بفضل خدا یہ ریس بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔

(رپورٹ :سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button