یورپ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ جرمنی کے ریجنل اجتماعات اور دیگر مساعی

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

مجلس انصار اللہ جرمنی جس کا مرکز فرینکفرٹ میں ہے ۱۸؍علاقائی ریجن پر مشتمل ہے۔ مجلس کے کیلنڈر کا ایک اہم حصہ علاقائی اجتماعات کا انعقاد ہے جن کا سلسلہ ماضی قریب سے ماہ جون کے آخر تک جاری رہے گا۔ اب تک جو اجتماعات منعقد ہو چکے ہیں ان کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔

۲۸؍اپریل :Württemberg

یکم مئی: Groß Gerau، ناصر باغ

۵؍مئی:Bayern

۱۲؍مئی: Hessen Mitte, Hessen Nord , Bait ul Jame Offenbach

۲۰؍مئی: Frankfurt City, Hessen south west

ان اجتماعات میں مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس اور اراکین عاملہ کی بڑی تعداد شامل ہو کر مقامی انصار کی حوصلہ افزائی کرتی رہی۔ حسب دستور ہر اجتماع کے موقع پر پرچم لہرا کر اور دعا کے ساتھ اجتماع کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر مجلس نے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ نماز با جماعت ، تلاوت قرآن کریم اور تربیت اولاد کی تلقین کی جاتی رہی۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات کے علاوہ تلقین عمل کے پروگراموں میں علمائے سلسلہ کی تقاریر کا اہتمام کیا گیا۔ مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے اس سال کے موضوع ’’منصب خلافت اور انصار اللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے حوالے سے بہت ایمان افروز واقعات پیش کیے۔ انصار کو حضور کا خطبہ فرمودہ ۱۸؍اگست ۲۰۲۳ء بار بار سننے کی تلقین کی گئی۔

۱۲؍مئی کو ہونے والے ریجنل اجتماعات میں مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی، مکرم مبارک احمد تنویر صاحب اور مکرم ساجد احمد طاہر صاحب نے تربیتی موضوعات پر تقاریر کیں۔ ۲۰؍مئی کو منعقد ہونے والے اجتماعات میں تقاریر کرنے والوں میں مکرم حیدر علی ظفر صاحب، مکرم عبدالباسط طارق صاحب اور مکرم شمشاد احمد قمر صاحب شامل ہیں۔ تمام اجتماعات میں ورزشی اور علمی مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کو انعامات سے نوازا گیا۔ ہر اجتماع کی اختتامی تقریب کے دوران اجتماع کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ صدر مجلس انصار اللہ نے انعامات تقسیم کیے اور اختتامی تقریر میں انصار کو نصائح کیں۔ ہر ریجن میں انصار نے اپنے اجتماع میں بھرپور شرکت کی۔ ریجنل اجتماعات کا یہ سلسلہ مرکزی نیشنل اجتماع تک جاری رہے گا۔

مجلس انصار اللہ جرمنی کی دیگر مساعی

مورخہ ۱۵؍اپریل کو صوبہ رائن لانڈ فالس کے شہر Wirges میں نئے تعمیر ہونے والے سوشل سینٹر کے صدر دروازہ کے سامنے دو پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر دو شہروں کے میئر Mr.Markus Schlotter, Mrs. Alexandra Marziبھی موجود تھے۔ اسی طرح ۲۰؍اپریل کو مجلس Bad Marienbergنے ۳۰۰؍چھوٹے پودے شہری انتظامیہ کو تحفہ میں دیے جن کی خرید میں مقامی مجلس کے ۲۵؍انصار نے تعاون کیا۔ اس موقع پر جو تقریب منعقد ہوئی اس میں ۲۵؍جرمن مہمان بشمول شہر کے میئر Mrs.Sabine Willwacher اور شہری نمائندے Mr. Björn Scheuer شریک ہوئے۔

جرمنی میں لنگر خانہ حضرت مسیح موعودؑ موبائل شکل میں بھی موجود ہے جو ایک بڑے ٹرک میں بنایا گیا ہے۔ ۱۴؍اپریل کو مجلس انصار اللہ میونخ کے انصار نے دس گھنٹے کام کرکے ۳۷۷؍بے گھر افراد کا کھانا تیار کر کے ایک خیراتی ادارے Münchener Freiheitکے ساتھ مل کر تقسیم کیا۔ ۱۳؍اپریل کو مجلس Darmstadt نے ۴۵؍بے گھر افراد کو اور مجلس Eidelsted نے ۲۰۰؍افراد کو کھانا مہیا کرنے کی توفیق پائی۔

تبلیغی سرگرمیاں:۱۳و۱۴؍اپریل کو جرمنی بھر میں یوم تبلیغ منایا گیا۔ اس دن ۸۹؍مجالس کے ۵۲۲؍انصار نے ۷۲؍ہزار ۸۵؍ فلائرز تقسیم کیے۔ انصار نے تبلیغی سٹالز پر ڈیوٹیاں دیں۔

اسی طرح ۲۷؍اپریل کو فرینکفرٹ شہر میں مجلس مقامی نے تبلیغی سٹال لگایا اور لٹریچر تقسیم کیا۔

سپورٹس:مورخہ ۲۱؍اپریل کو ماربرگ میں دو سپورٹس ہالز حاصل کر کے نیشنل سپورٹس ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا۔ فٹ بال ، والی بال، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ فٹ بال اور والی بال میں ۱۵؍علاقائی ٹیمیں شامل ہوئیں۔ مقابلہ جات صبح نو بجے سے شام سات بجے تک جاری رہے جس کے دوران نمازوں اور کھانے کے لیے وقفہ کیا گیا۔ نماز ظہر وعصر کے بعد تلقین عمل کا بھی مختصر پروگرام ہوا۔ اختتامی تقریب میں صدر مجلس نے انعامات تقسیم کیے۔ فٹ بال میں علاقہ نورڈ کی ٹیم اول اور علاقہ بیت الجامع کی ٹیم دوم قرار پائی۔ والی بال میں علاقہ ویسٹ فالن اول اور ہیسن زود دوم رہا۔ بیڈمنٹن سنگلز صف اول میں جمیل احمد اور صف دوم میں کاشف تارڑ اول قرار پائے۔ بیڈمنٹن ڈبلز میں کلیم احمد اور مشتاق احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ صف دوم میں کاشف تارڑ اور اویس احمد پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ٹورنامنٹ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

احمدیہ چیریٹی واک: گذشتہ سال مجلس انصار اللہ جرمنی کو ۵۳؍ چیریٹی واکس کروانے کی توفیق ملی تھی۔ امسال اب تک ۱۳؍اپریل کو NeuFahren میں ہونے والی چیریٹی واک میں ۹۰؍افراد جن میں ۵۸؍جرمن مرد وخواتین تھے شامل ہوئے۔ علاقہ کے میئر Mr. Franz Heilmeier چیریٹی واک کی نگرانی کرنے والوں میں شامل تھے۔ آمدنی کی رقم دو مقامی سماجی تنظیموں میں تقسیم کر دی گئی۔

ان تمام پروگرامز کے علاوہ ماہ اپریل میں عشرہ تربیت ، عشرہ تعلیم القرآن اور یوم مطالعہ بھی منایا گیا۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل

بمعاونت میاں عمر عزیز ایڈیشنل قائد عمومی )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button