افریقہ (رپورٹس)

کونگو کنشاسا کی ۲۴ویں مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو اپنی ۲۴ویں مجلس شوریٰ مورخہ یکم و ۲؍جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

تجاویز: امسال مجلس شوریٰ میں بجٹ آمد و خرچ کے علاوہ تین تجاویز پروگرام کاحصہ تھیں۔ یہ تجاویز ذیلی تنظیموں کو فعال کرنے، تحریک وقف نو کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے اور نئی جماعتوں میں تربیت کے مسائل کے حل پر مشتمل تھیں۔ مؤخر الذکر کے حوالے سے یہ تجویز پیش ہوئی کہ نئی جماعتوں میں سے ایک یا دو مخلص اشخاص کو منتخب کر کے ان کو تین ماہ کا امام کا کورس کروایا جائے جس کے بعد وہ اپنی جماعت میں دیگر نو مبائعین کی تربیت کر سکیں اور بطور امام کام کر سکیں۔ اس کورس کے لیے ایک مدرسہ قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوا۔

پروگرام: اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ پھر دعا ہوئی اور ممبران شوریٰ کی حاضری لی گئی۔بعد ازاں مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مشنری انچارج کونگو کنشاسا نے تقریر کی ۔سب کمیٹیوں کی تشکیل ہوئی اور اس کے ساتھ یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

اجلاس کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔ خصوصی عشائیہ کا اہتمام احمدیہ سکول کے دالان میں کیا گیا جس میں تمام ممبران شوریٰ نے شرکت کی۔

عشائیہ کے بعد ممبران شوریٰ بیت الاحد میں اکٹھے ہوئے اور تینوں سب کمیٹیوں کے اجلاس مسجد کے مختلف حصوں میں منعقد ہوئے۔ تینوں اجلاس پروگرام کے مطابق نہایت خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئے اور احباب اپنی اپنی رہائش گاہ میں آرام کے لیے چلے گئے۔

دوسرے روز بھی شوریٰ کا اجلاس تلاوت و ترجمہ سے شروع ہوا۔ حاضری لی گئی۔تینوں سب کمیٹیوں کی رپورٹ باری باری پیش کی گئی اور ممبران کو اپنی آراء دینے کا موقع دیا گیا۔ بعد ازاں بجٹ آمد و خرچ پیش کیا گیا۔ اس پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اور یہ مرحلہ بھی بطریق احسن تکمیل کو پہنچا۔آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور ظہرانہ ہوا اس طرح مجلس شوریٰ کا اختتام ہوا ۔

نمائندگان: نیشنل مجلس عاملہ کے علاوہ مجلس شوریٰ میں درج ذیل ریجنز کی نمائندگی ہوئی:

Kinshasa, Bandundu, Mbanza-Ngungu, Kikwit, Matadi, Kananga, Bukavu, Boma, Lubumbashi

مزید بر آں نمائندگان مجلس خدام الاحمدیہ ، مجلس انصار اللہ اور لجنہ اماءاللہ نے بھی شرکت کی ۔ ممبران مجلس شوریٰ کی کل تعداد ۷۹؍رہی۔

بعد اختتام مجلس شوریٰ تمام ممبران نے مکرم امیر صاحب کے ساتھ فوٹو بنوائی اسی طرح تمام ریجنز کے الگ الگ وفود کی تصویر لی گئی ۔ مبلغین اور معلمین کرام کی بھی مکرم امیر صاحب کے ہمراہ تصاویر لی گئیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ کونگو کنشاسا میں جماعت احمدیہ کو ترقیات عطا فرماتا چلا جائے ہر احمدی کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button