جلسہ سالانہ

گیارھویں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ کوسوو ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد

(جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کوسوو)

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… ’’اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے تنگی نہیں چاہتا‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں کُل ۲۴۸؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کوسوو کو مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو اپنا گیارھواں جلسہ سالانہ ’’اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لئے تنگی نہیں چاہتا (البقرة: ۱۸۶)‘‘ کے مرکزی موضوع پر کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

اس جلسے میں ۲۴۸؍احمدی احباب نے شرکت کی جن میں ۱۵۵؍مرد اور۹۳؍خواتین شامل تھیں۔نیز ۵۵؍غیراحمدی مہمان بھی شامل تھیں۔ شاملین کا تعلق ان ممالک سے تھا: کوسوو، البانیہ، شمالی مقدونیہ، کروشیا، برطانیہ اور جرمنی۔

تیاریاں اور انتظامات:جلسہ سالانہ کی انتظامیہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد تیاری جلسہ کے سلسلہ میں کمیٹی کے متعدد اجلاسات منعقد ہوئے۔ نیز دارالحکومت کا مرکزی ہال اور اس کے آس پاس کا علاقہ بطور جلسہ گاہ منتخب کیا گیا جہاں مردوں، عورتوں اور مہمانوں کے لیے الگ انتظامات کیے گئے اور ایک ہال نمائش کے لیے بھی شامل تھا۔

افتتاحی اجلاس: مورخہ ۲۶؍مئی کو جلسہ کا افتتاحی اجلاس حسبِ معمول تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جس کی صدارت مکرم جوناتھن بٹرورتھ صاحب مہمان خصوصی نے کی۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصولہ خصوصی پیغام خاکسار (مربی سلسلہ)نے البانوی زبان میں پڑھ کر سنایا۔

یہ پیغام چھپواکر حاضرین میں تقسیم بھی کیا گیا جس میں حضور انور کی تصویر بھی شامل تھی۔ اس اجلاس میں جماعت احمدیہ البانیہ کے صدر اور مشنری مولانا صمد غوری صاحب کی ’’اسلام کے جوہر اور کلمہ شہادت کی اہمیت‘‘ پر ایک تقریر بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ’’قرآن مجید-مومنوں کے لیے ایک خزانہ‘‘ ازمکرم البان زقیرائی صاحب، ’’وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘ از مکرم ریکسیپ حسنی صاحب اور ’’نجات کے راستے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلانے میں احمدیوں کی ذمہ داریاں‘‘ از مکرم شقیلکم بیتیچی صاحب۔

نمائش: جلسہ سالانہ پر ایک نمائش بھی لگائی گئی جس میں قرآن مجید کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ اس نمائش میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ اور نیشنل پیس سمپوزیم یوکے کی ویڈیوز البانوی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کی گئیں۔

امن کے لیے آوازیں -VOICES FOR PEACE: گیارھویں جلسہ سالانہ کوسوو کے ’’امن کے لیے آواز‘‘ اجلاس کی صدارت مہمان خصوصی نے کی۔انہوں نے اس مہم کے بارے میں بتایا جو جماعت احمدیہ نے عالمی سطح پرحضور انور کی راہنمائی میں شروع کی ہے جس کا مقصد غزہ میں تنازعہ کا خاتمہ اور امن کو فروغ دینا ہے۔

اختتامی اجلاس:جلسے کے اختتامی اجلاس کی صدارت مہمان خصوصی نے کی۔ آپ نے خلافت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عالمی ہم آہنگی میں اس کے کردار پر بات کی۔

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے جلسہ میں شرکت کی اور جماعت احمدیہ کی پرامن مہمات کی تعریف کی۔ مہمانوں کو کتابیں اور تحائف پیش کیے گئے جن میں ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ اور ’’اسلام اور عصر حاضرکے مسائل کا حل‘‘ شامل تھیں۔

(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button