حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

محرم کے دنوں میں درود شریف پڑھنے اور دعائیں کرنے کی تلقین

امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء میں فرمایا: محرم کے حوالے سے جس میں ہم آجکل گزر رہے ہیں دعا کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ ایک دردناک واقعہ ہے جس میں ظلم و بربریت کی انتہائی مثال قائم ہوئی۔ آنحضرتﷺ کے نواسے اور آپؐ کے خاندان کے لوگوں کو شہید کیا گیا۔ لیکن مسلمانوں کی بدقسمتی ہے کہ اس سے سبق لینے کی بجائے یہ ظلم اب تک چل رہا ہے۔ محرم میں شیعہ سنی فساد یا دہشت گردی کے حملوں کے واقعات بڑھ جاتے ہیں۔ اس میں دونوں طرف سے جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں۔ بلکہ اس فرقہ واریت اور ذاتی مفادات کے حصول کی خواہش نے مسلمان دنیا میں فتنوں اور فساد کی صورت پیدا کی ہوئی ہے بلکہ سارا سال ہی علماء کی طرف سے بھی، مختلف گروہوں کی طرف سے بھی اور حکومتوں کی طرف سے بھی ایک دوسرے کے خلاف ظلم و تعدّی کے مظاہرے ہورہے ہیں۔ ان کو کوئی عقل نہیں آتی کہ کچھ تو سیکھیں، کچھ تو خوف خدا کریں۔ اللہ تعالیٰ نے جو اس فساد کو ختم کرنے کے لیے اپنے وعدے کے مطابق انتظام فرمایا ہےاسے یہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہ مسیح موعودؑ کی بیعت میں آنا ہی نہیں چاہتے جو واحد ایک ذریعہ ہے جو امت کو امتِ واحدہ بنانے کا نظارہ دکھا سکتا ہے اور فسادوں کو ختم کرسکتا ہے۔ مسلمانوں کی اکائی قائم ہوکر ان کی ساکھ قائم ہوسکتی ہے۔ یہی ایک ذریعہ ہے۔ کاش کہ ان لوگوں کو سمجھ آئے۔

بہرحال ان دنوں میں احمدیوں کو درود شریف پڑھنے اور مسلمانوں کی اکائی کے لیے خاص دعاؤں کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ ہمیں اپنی حالتوں کو بھی بہتر کرنے اور اللہ تعالیٰ سے تعلق میں بڑھنے کی طرف بھی خاص توجہ دینی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق بھی عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button