اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

عرفان احمد خان صاحب نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ خواجہ مبشر احمد صاحب لوکل امیر جماعت احمدیہ فرینکفرٹ اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی چچی جان محترمہ خواجہ مبارکہ صاحبہ اہلیہ خواجہ منظور احمد صاحب جماعت فرنکن تھال جرمنی مورخہ ۱۷؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز اتوار بعمر ۷۶؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا اللہ راجعون

آپ کا تعلق سیکھواں کی معروف احمدی فیملی سے تھا۔ آپ کے خاندان کے تین بزرگان حضرت میاں فتح دین صاحبؓ، حضرت میاں امام الدینؓ اور حضرت میاں خیرالدین صاحبؓ کا شمار حضرت مسیح موعودؑ کے ۳۱۳؍صحابہؓ میں ہوتا ہے۔ آپ ۲۰۰۲ء میں ربوہ سے جرمنی تشریف لائیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں، صوم و صلوٰۃ کی پابند، دعاگو، خوش اخلاق، ملنسار اور رحمی رشتوں کا بہت خیال رکھنے اور حسن سلوک سے پیش آنے والی نیک خاتون تھیں۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتیں اور جماعتی پروگراموں میں نہ صرف خود شامل ہوتیں بلکہ اپنی اولاد کوبھی جماعت سے وابستہ رہنے اور پروگراموں میں شامل ہونے کی تاکید کرتیں۔ ربوہ دارالیمن میں رہائش کے دوران بھی آپ نے مقامی لجنہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ساری زندگی خلافت احمدیہ سے اخلاص و وفا کا تعلق رکھا۔

آپ کی نماز جنازہ مورخہ ۲۱؍مارچ بروز جمعرات مسجد نور، فرنکن تھال میں مصلح باسط احمد صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی اور مقامی قبرستان میں تدفین کے بعد دعا بھی مربی صاحب نے ہی کروائی جس میں مقامی جماعت کے علاوہ قریبی جماعتوں کے احباب بھی شامل ہوئے۔ مرحومہ کے پسماندگان میں خاوند کے علاوہ دو بیٹے، چار بیٹیوں کے علاوہ متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ یاد رہے کہ مرحومہ روزنامہ الفضل لاہور و ربوہ کے دیرینہ کارکن مکرم خواجہ نذیر احمد مرحوم کی بھاوجہ تھیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button