افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے زومبو (DZOMBO) ممباسہ ریجن میں احمدیہ مسجد کا افتتاح

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۹؍جون ۲۰۲۴ء بروز اتوار مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے ایک سادہ مگر باوقار تقریب میں ممباسہ ریجن کی جماعت زومبو میں ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح کیا۔اس تقریب میں مقامی اور اردگرد کی جماعتوں کے ۳۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے زومبو میں ۱۹۹۲ء میں جماعت قائم ہوئی تھی۔ یہاں کے پہلے احمدی مکرم علی ڈینا صاحب تھے۔ ۱۹۹۳ء میں یہاں ایک کچی مسجد بنائی گئی اور پھر ۲۰۰۰ء میں پختہ مسجد تعمیر کی گئی جو مرور زمانہ کے ساتھ بہت خستہ ہو گئی چنانچہ امسال اس کی جگہ نئی پختہ مسجد کی تعمیر مکرم بشارت احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج ریجن ہذا کی نگرانی میں شروع کی گئی جو دو ماہ کے قلیل عرصہ میں مکمل ہوئی۔الحمدللہ علی ذالک۔ اس مسجد کے لیے ۲۴؍مربع فٹ کا ایک ہال بنایا گیا جس میں پارٹیشن کر کے مردوں اور خواتین کے لیے نمازوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس ہال میں تقریباً ۱۰۰؍افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مردوں اور عورتوں کے لیے وضو کرنے کا الگ الگ انتظام کیا گیا ہے۔ چونکہ اس علاقہ میں بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے اس لیے سولر پینلز کے ذریعے مسجد میں روشنی اور ایم ٹی اے سے استفادہ کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔

مکرم امیر صاحب نے نماز ظہر سے قبل احباب جماعت، معززین علاقہ اور سرکاری افسران کی معیت میں تختی کی نقاب کشائی کرنے کے بعد فیتہ کاٹ کر اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا۔ بعدہٗ مقامی جماعت کے صدر صاحب نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے بعد اس جماعت کے قیام سے متعلق بتایا۔ پھر ریجنل مبلغ صاحب اور سرکاری نمائندگان نے تقاریر کیں۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے مسجد کی تعمیر کے مقصد اور اس کے آداب کو واضح کرتے ہوئے احباب جماعت کو مسجد میں پنجگانہ نمازوں کی باجماعت ادائیگی کے ذریعے اسے آباد رکھنے کی تلقین کی اور دعا کروائی۔ نماز ظہر کی ادا ئیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے ساتھ یہ تقریب بخیریت اختتام پذیر ہوئی۔

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button