از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ برطانیہ۲۰۲۴ء کے پہلے دن کی مختصر روداد

(از جلسہ گاہ حديقة المہدي، ۲۶؍ جولائي ۲۰۲۴ء، نمائندہ الفضل انٹرنيشنل) جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز صبح سوا تين بجے نماز تہجد سے ہوا جو طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربک ڈیسک یوکے نے پڑھائي۔ صبح ساڑھے چاربجے حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوکر نمازِ فجر پڑھائي۔ حضورِ انور نے نماز فجر کي پہلي رکعت ميں سورت بني اسرائيل کي آيات ۷۹تا ۸۵کي تلاوت فرمائي جبکہ دوسري رکعت ميں سورة الکہف کي ابتدائي گيارہ آيات کي تلاوت فرمائي۔ نماز فجر کے بعد مکرم طاہر مبشر صاحب مربي سلسلہ و استاذ جامعہ احمديہ يوکے نے تعلق باللہ پر درس حديث ديا۔

رات گئے بارش کے بعدکارکنان نے بڑی خوش اسلوبی اور خندہ پیشانی سے چلنے کے لیے رستہ صاف کیا جبکہ صبح سے ہی جلسہ گاہ کا موسم خوشگوار ہوگیا تھا اور سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتا رہا تاہم ہلکی ٹھنڈی ہوا گرمی سے بچاتی رہی۔

صبح آٹھ بجے ناشتے کا انتظام کيا گيا تھا۔ ناشتے ميں مہمانانِ کرام اور ڈيوٹي کنندگان کو مزيدارچنے، روٹي، سيريل، مکھن، جيم اور ڈبل روٹي پيش کي گئي۔ نیز ٹي سٹال پر چائے کا انتظام تھا جس میں چيني اور بغير چيني ہر دو طرح کی چائے مہيا کي گئي تھي۔

آج صبح سے ہي شاملينِ جلسہ کي آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔احباب اپنی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ حدیقۃ المہدی پہنچتے رہے۔ ٹرين کے ذريعہ تشريف لانے والے احباب کو Altonاور حديقة المہدي کے درميان جاري کردہ ايک شٹل سروس کے ذريعے جلسہ گاہ پہنچایا جاتا رہا نیز بیت الفتوح سے بھی خصوصی شٹل سروس کا انتظام تھا جو مہمانان کو جلسہ گاہ لے کر آتی رہی۔

حضور انور نے خطبہ جمعہ جلسہ گاہ سے ارشاد فرمايا جس ميں حضورِ انور نے کارکنان اور مہمانوں کو زرّيں نصائح فرمائيں۔ حضور انور نے نماز جمعہ کي پہلي رکعت ميں سورة الاعليٰ جبکہ دوسري رکعت ميں سورة الغاشيہ کي تلاوت فرمائي۔ حضورِ انور نے نمازِ جمعہ کے ساتھ نمازِ عصر بھي جمع کر کے پڑھائي۔

نماز کے بعد کھانے کي مارکي ميں طعام کا انتظام تھا، کھانے ميں دال، روٹي اور چاول پيش کيے گئے۔پرہيزي کھانے ميں مہمانوں کے ليے pastaکا بھي انتظام تھا۔

آج جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح تقريب پرچم کشائي اور اس کے بعد افتتاحي اجلاس سےہوا۔ عاشقانِ خلافت اپنے آقا کي ايک جھلک ديکھنے کے ليے بے تاب تھے۔ حضورِانور ۴بج کر ۲۷ منٹ پر لوائے احمدیت لہرانے کے لیے تشریف لائے اورنعرہ ہائے تکبیر کےفلک شگاف نعروں کی گونج میں لوائے احمدیت کو بلند کیاجس کے بعد حضورِ انورساڑھے چار بجے مردانہ جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے اور کرسئ صدارت پر فروکش ہوئے۔

جلسہ کے پہلے سيشن کا آغاز سورت آل عمران کی آیات۱۳۴ تا ۱۳۷ کی تلاوت اور تفسیر صغیر سے اس کے اردو ترجمہ سے ہوا جو مولانا فيروز عالم صاحب نے پيش کيا، مکرم عصمت اللہ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ مکرم دانش خرم صاحب اورمکرم احسان احمد صاحب نے فارسی قصیدہ پیش کیاجبکہ محمود احمد طلحہ صاحب نے اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد حضور انور نے بصيرت افروز افتتاحي خطاب فرمايا جس کا مرکزي عنوان زہد اور تقويٰ تھا۔خطاب کے بعد حضور نے دعا کروائی جس کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

ہر سال کی طرح امسال بھی نمائش مارکی میں مختلف ادارہ جات کی طرف سے نمائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ جس میں شعبہ تاریخ جماعت یوکے، الفضل انٹرنیشنل، مخزن تصاویر، ہیومینٹی فرسٹ، ایم ٹی اے اور دیگر ادارہ جات شامل ہیں۔ حضور انور کی خطبہ جمعہ میں ہدایت کے بعد بڑی تعداد میں احباب نے نمائش مارکی کا رخ کیا اور نمائش سے مستفید ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ شام ۷ بجے نمائش مارکی میں تشریف لائے اور نمائش کا جائزہ لیا۔ حضور انور نے IAAAE، الفضل انٹرنیشنل، مرکزی شعبہ تاریخ، ریویو آف ریلیجنز اور مخزن تصاویر کی نمائشوںکا دورہ فرمایا۔

شام کے کھانے ميں روايتي آلو گوشت، دال اورلنگر کي لذيذ روٹي مہمانوں کي خدمت ميں پيش کي گئي۔ حضور انور نے ساڑھے نو بجے مردانہ جلسہ گاہ ميں تشريف لاکر مغرب اور عشاء کي نمازيں پڑھائيں۔ نماز مغرب کي پہلي رکعت ميں سورة الفيل اور دوسري رکعت ميں سورت قريش کي تلاوت فرمائي جبکہ نماز عشاء کي پہلي رکعت ميں سورة الضحيٰ اور دوسري رکعت ميں سورةالتين کي تلاوت فرمائي۔ اس طرح جلسہ سالانہ برطانيہ کا پہلا روز کاميابي کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔

(رپورٹ: حافظ محمد طلحہ ملک)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button