از مرکز

جلسہ سالانہ برطانیہ۲۰۲۴ء کے دوسرے دن کی مختصر روداد

(از جلسہ گاہ ۲۷؍جولائی ۲۰۲۴ء)جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز صبح سوا تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ مشہود احمد صاحب نے پڑھائي۔ چار بج کر ۲۷؍منٹ پر حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ گاہ ميں نمازِ فجر پڑھائي جس کي پہلي رکعت ميں سورة البقرة کي ابتدائي آٹھ آيات اور دوسري رکعت ميں سورة البقرة کي آيات نو تا سترہ کي تلاوت فرمائي۔ نماز فجر کے بعد مکرم محمد محمود طلحہ صاحب استاذ جامعہ احمديہ يو کے نے جلسہ کا بنیادی مقصد تقویٰ کا حصول کے موضوع پر درس ديا۔

آج صبح سے سورج اپنی تپش سے حديقة المہدي کو گرماتا رہا۔ نیز مزید مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

صبح آٹھ بجے کھانے کي مارکي ميں ناشتہ کا انتظام کيا گيا تھا۔ ناشتہ ميں مہمانانِ کرام اور ڈيوٹي کنندگان کو چنے، روٹي، سيريل، مکھن، جيم اور ڈبل روٹي پيش کي گئي ۔ صبح سے ہي مہمانوں کي آمد کا سلسلہ شروع ہوگياتھا۔

دوسرے روز کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے فرائض مکرم و محترم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرا لیون نے سر انجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ مکرم مبارک عدلیکے صاحب نے سورۃ نمل کی آیت۶۰ تا ۶۴ کی تلاوت کی اور اس کا ترجمہ مکرم صباحت کریم صاحب نے پیش کیا۔مکرم عمر شریف صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام

اِسلام سے نہ بھاگو راہِ ہدیٰ یہی ہے

اَے سونے والو جاگو! شمس الضّحٰی یہی ہے

سےچند اشعار خوش الحانی سے پڑھے۔

پہلي تقرير مکرم ایاز محمود خان صاحب۔ مربی سلسلہ وکالت تصنیف لندن نے اردو زبان میں بعنوان ’’احمدیت کا سفر (نومبائعین کے واقعات کی روشنی میں)‘‘ کی۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر عزیز حفیظ صاحب۔ چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ برطانیہ نے انگریزی زبان میں بعنوان ’’قبولیت دعا: خدا تعالیٰ کی ہستی کی بہترین دلیل‘‘ کی۔ ان تقارير کے بعد مکرم عبدالحیٔ سرمد صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام

یارو مسیح وقت کہ تھی جن کی انتظار

رہ تکتے تکتے جنکی کروڑوں ہی مر گئے

پیش کیا۔اس کے بعد مکرم فرید احمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل نے اردو زبان میں تقریر کی جس کا عنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بنی نوع انسان سے ہمدردی ‘‘تھا ۔

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز صبح مستورات کا خصوصي اجلاس بھي منعقد ہوا جس کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ اجلاس کی صدارت نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ یوکے مکرمہ ڈاکٹر قرۃالعین صاحبہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔مکرمہ سجیلہ نعیم صاحبہ نے سورۃ التوبہ کی آیات ۷۱و۷۲ مع اردو ترجمہ پیش کیں۔ درثمین سے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ منظوم اردو کلام

نورِ فرقاں ہے جو سب نوروں سے اَ جلیٰ نکلا

پاک وہ جس سے یہ اَنوار کا دریا نکلا

مکرمہ وجیہہ باجوہ صاحبہ نے خوش الحانی سے پیش کیا ۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرمہ ڈاکٹر ملیحہ منصور صاحبہ معاونہ صدر واقفات نو لجنہ اماءللہ برطانیہ نے انگریزی زبان میں بعنوان ’’ قرآن کریم۔ ہماری مشعل راہ‘‘ کی۔ اجلاس کی دوسری تقریر مکرمہ شرمین بٹ صاحبہ معاونہ صدر پریس اینڈ میڈیا لجنہ اماء اللہ برطانیہ نے اردو زبان میں بعنوان ’’ دور حاضر اور ماؤں کے لیے تربیت اولاد میں درپیش دشواریاں‘‘ پیش کی۔ اس تقریر کے بعد اردو نظم از درثمین ’’ ہے شکر رب عز وجل خارج از بیاں ‘‘ مکرمہ نصرت جہاں ادریس صاحبہ نے پڑھی۔اس اجلاس کی آخری تقریر مکرمہ عاصمہ رانا صاحبہ نومبائعہ نے انگریزی زبان میں بعنوان ’’ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی طرف میرا سفر کیسے شروع ہوا‘‘ کی۔ اس تقریر کے ساتھ مستورات کے صبح کے اجلاس کی کارروائی مکمل ہوئی۔امسال بھی اس اجلاس کي آڈيو دنيا بھر کے سامعين کے ليے يوٹيوب پر لائيو نشر کي گئي۔

دن بارہ بج کر پانچ منٹ پر حضور انور زنانہ پنڈال میں رونق افروز ہوئے اور السلام علیکم و رحمةاللہ کا تحفہ عنایت فرمایا۔فضا مستورات کے پُر جوش اور والہانہ نعروں سے گونج اٹھی۔ ممبرات نے شوق دید سے پُر نم آنکھوں سے اپنے آقا کا استقبال کیا۔ تلاوت اور نظم کے بعد تعليمي ميدان ميں نماياں کاميابي حاصل کرنے والي خواتين کے نام پڑھے گئے جس کے بعد حضور انورنے پردہ اور تربیت اولاد کے متعلق بصيرت افروز خطاب فرمايا۔ خطاب کے بعد حضور انور نے دعا کروائی جس کے بعد لجنہ نے حضور ايدہ اللہ تعاليٰ کي موجودگي ميں مختلف زبانوں ميں گروپس کي صورت ميں ترانے پیش کيے۔ امسال پہلی مرتبہ مستورات کی مین مارکی میں سائن لینگوئج (sign language) کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔

خطاب کے بعد حضورِ انور نے مردانہ مارکي ميں تشريف لاکر نمازِ ظہر و عصر پڑھائيں۔نماز ظہر و عصر کے وقت احباب جماعت کي ايک بڑي تعداد نے مرکزي مارکي ميں جگہ نہ ہونے کے باعث باہر نمازيں ادا کيں۔

نمازوں کي ادائيگي کے بعد کھانے کا انتظام کيا گيا، کھانے ميں دال،اچار اور روٹي پلانٹ کي لذيذ روٹي سے مہمانوں کي تواضع کي گئي۔اسي اثنا ميں مہمان بازار کے کھانوں اور لوازمات سے بھي لطف اندوزہوتے رہے۔

جلسہ سالانہ کے تيسرے اجلاس سے قبل معززين کے پيغامات پيش کيے گئے۔ مکرم رفيق احمدحيات صاحب امير جماعت احمديہ يوکے کي صدارت ميں يہ نشست ہوئي جس کا آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ اس نشست ميں جلسہ اور جماعت کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہارکيا اورکچھ مہمانوں نے ويڈيو کي صورت ميں بھي اپنے نيک جذبات کا اظہار کيا۔

جلسہ سالانہ کے تيسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي آمد سے ہوا ۔ حضور انورايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز چار بج کرپانچ منٹ پر مردانہ پنڈال ميں رونق افروز ہوئے۔ پيارے آقا کے جلسہ گاہ میں تشریف لاتے ہي شاملين نے والہانہ انداز ميں اپنے پيارے امام کا استقبال کيا اور پنڈال نعروں کي آواز سے گونج اٹھا۔

اجلاس کي کارروائي کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ مکرم عبد المومن طاہر صاحب ۔مربی سلسلہ نے سورۃ الرعد کی آیات ۴۲ تا ۴۴ کی تلاوت اور تفسیر صغیر سے اردو ترجمہ پیش کیا۔ مکرم مصور احمد صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا پاکیزہ منظوم کلام پیش کیا جس کا پہلا شعر ہے:

اے خدا اے کارساز و عيب پوش و کردگار

اے مرے پيارے مرے محسن مرے پروردگار

اس کے بعد حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے جلسہ سے خطاب فرمايا جس ميں گذشتہ سال کے دوران جماعت پر ہونے والے افضال خدا وندي کا خلاصۃً ايمان افروز تذکرہ فرمایا۔ خطاب کے بعد حضور انور جلسہ گاہ سے تشريف لے گئے۔

آج بھی تمام دن نمائش مارکی اور بک سٹال پر احباب جماعت کا بھرپور رش رہا اوراحباب اپنے دینی علم کو بڑھانے کے لیے نمائشوں کا معائنہ اور بک سٹال سے کتب خریدتے رہے۔ حضور انور کے دوسرے روز کے خطاب کے بعد نمائش مارکی لجنہ کے لیے مختص تھی جس میں خواتین کی بھرپور تعداد نے نمائش مارکی کا رخ کیا۔

امسال مکرم احسن مقصود صاحب مربي سلسلہ نے الفضل انٹرنيشنل کي نمائندگي ميں ايم ٹي اے کو انٹرويو ديا،جس ميں الفضل کی جانب سےلگائی گئی نمائش، گھر بیٹھے اس نمائش کو دیکھنے، حضور انور کے بنفس نفیس اس نمائش کے دورہ، دوران جلسہ الفضل کے ضمیمہ کی اشاعت اور Live Page کا مختصر تعارف کروایا۔

شام کے کھانوں ميں روايتي آلو گوشت چاول اور لنگر کي لذيذ روٹي مہمانوں کي خدمت ميں پيش کي گئي۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مغرب اور عشاء کي نمازيں مردانہ جلسہ گاہ ميں پڑھائيں۔ حضور انور نے نماز مغرب میں سورۃالفلق اور سورۃ الناس جبکہ نماز عشاء میں پہلی رکعت میں سورۃ البقرہ کی آیت ۲۵۶ اور دوسری رکعت میں سورۃ البقرہ کی آیت ۲۸۷کی تلاوت فرمائی۔ نماز مغرب و عشاء سے قبل وفات پانے والے مرد و خواتین کے نام ذکر خیر کے لیے پڑھ کر سنائے گئے۔

اس طرح جلسہ سالانہ کا دوسرا دن اختتام کو پہنچا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button