از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ کے شعبہ برتن دھلائی کا تعارف

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

جلسہ سالانہ برطانیہ کا ایک اور انتہائی ا ہم شعبہ ہے Pot Washingجو شاملین جلسہ اور دنیا بھر کے مہمانان جلسہ کے لیے پکوان پکانے کے لیے جو بڑے بڑے دیگچے، پتیلے اور دیگر برتن استعمال کیے جاتے ہیں اُن کو دھونے کے بعد مکمل صفائی کرکے دوبارہ قابل استعمال بناتا ہے۔ مکرم وقاص اجمل خان صاحب گذشتہ دس سال سے اس شعبہ کے ناظم ہیں جو اپنے تین نائب ناظمین اور سولہ رضا کار کارکنان کے ساتھ خدمات کی توفیق پارہے ہیں۔ان کے کارکنان میں جامعہ احمدیہ یوکے کے چھ زیر تعلیم طلبہ کے علاوہ دیگر مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے احمدی نوجوان بھی ہیں۔

اس شعبہ کے پاس ایک ہزار سے زائد بڑے،درمیانے،چھوٹے پتیلے اور چھلنا جات ہیں جن کے اگر ڈھکنے بھی شامل کرلیے جائیں تو ان کی کُل تعداد دو ہزار سے تجاوز کرجاتی ہے۔کسی ایک وقت میں ایک ہزار سے تیرہ سو تک کی تعداد میں برتن دھوئے جاتے ہیں۔مختلف مراحل میں برتن دھونے کے لیے چار ٹیمیں کام کرتی ہیں۔ پہلی ٹیم کے ذمہ برتنوں میں لگا ہوا کھانا یا تھوڑا بہت بچا ہوا کھانا نکال کرایک کھرچہ کے ساتھ صاف کرنا ہےاور اُس کے بعد اُنہیں ایک رولنگ بیلٹ پر ڈال کر واشنگ ایریا میں بھیجنا ہے۔دوسری ٹیم واشنگ ایریا میں ان برتنوں کو جیٹ واش کے ذریعہ دھوتی ہے۔اس جیٹ واش میں ستر سے نوے ڈگری پر گرم پانی آرہا ہوتا ہے لہٰذا اس ایریا میں موجود کارکنان کو مخصوص لباس اور جوتے مہیا کیے جاتے ہیں جو کہ ہیٹ پروف ہوتے ہیں۔تیسری ٹیم ان دُھلے ہوئے برتنوں کوایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لےجانے والے کیری ریکس میں ترتیب سے لگاتی ہے۔ چوتھی ٹیم برتنوں کے ڈھکنے، چمچے اور فوڈ بالٹیوں کی صفائی اور دھلائی کا کام انجام دیتی ہے۔اس تمام کام کی نگرانی برتنوں کی صفائی کا مقررہ معیار بلند رکھنے کے لیے چار سینئر کارکنان پر مشتمل ایک ٹیم کرتی ہے جبکہ اس کے علاوہ جلسہ سالانہ کے شعبہ حفظان صحت کے ارکان بھی وقتاًفوقتاً برتنوں اور اس جگہ کی صفائی کا معیار مقرر کیے گئے اُصولوں کے مطابق چیک کرتے رہتے ہیں۔یہاں سے یہ برتن کچن میں پہنچائے جاتے ہیں جہاں ان میں کھاناپکانے سے پہلےایک مرتبہ پھر انہیں حفظ ماتقدم کے تحت دھویا جاتا ہے۔

جلسہ سے چھ ہفتہ پہلے اس شعبہ میں ابتدائی طور پر کام شروع ہوجاتا ہے کیونکہ جلسہ کی تیاری کے لیے حدیقۃ المہدی میں ہزاروں کارکنان کئی مہینے پہلے ہی کام کا آغاز کردیتے ہیں جو کہ جلسے کا وقت قریب آنے پر زور پکڑ جاتا ہے۔جلسے کے بعد تین ہفتہ تک اس شعبہ کے کارکنان اپنے فرائض ادا کرتے ہیں جبکہ وائنڈ اپ شعبہ کے تحت بھی ہزاروں کارکنان کام کررہے ہوتے ہیں۔

جیٹ واش کے ذریعہ اور بڑے بڑے واش بیسن میں برتنوں کو دھونے کے لیے مسلسل پانی کے استعمال کی وجہ سے فرش پر پانی گرتا رہتا ہے اور پھیل جاتا ہے جسے چند کارکنان ہمہ وقت وائپرز کے ذریعہ صاف کرتے رہتے ہیں تاکہ پھسلنے کے کم سے کم امکانات ہوں حالانکہ تمام کارکنان نے سیفٹی جوتے پہنے ہوتے ہیں جو کہ نان سلپری ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود تمام احتیاطی تدابیر استعمال کی جاتی ہیں۔ محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم کے ساتھ آج تک اس شعبہ میں کسی کارکن کے ساتھ کوئی حادثہ نہیں ہوا لیکن کسی بھی ایسی اچانک صورتحال سے نپٹنے کے لیے بہترین فرسٹ ایڈ کِٹ موجود رہتی ہےجبکہ جلسہ سالانہ کی انتظامیہ نے ڈاکٹرز اور ایمبولینسز کا بھی انتظام کیا ہوتا ہے۔

ناظم صاحب شعبہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ کے تمام کارکنان کی خاص حفاظت فرمائے اور حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی بہترین خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button